پشاور (ای پی آئی )خیبرپختونخوا میں دہشتگردوں فیصلہ کن بڑے آپریشن کا فیصلہ ،خیبرپختونخوا حکومت کی ہدایت پر پلان ترتیب دیدیا گیا ،
ذرائع کے مطابق صوبائی ایکشن پلان کے تحت دہشتگردوں کی جائیدادیں منجمد کرنے اور ان کے خاندانوں کی مکمل جانچ پڑتال کے احکامات جاری کر دیے گئے ہیں۔
محکمہ داخلہ خیبرپختونخوا کی جانب سے تمام ڈویژنل کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو باضابطہ مراسلہ ارسال کر دیا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ دہشتگردوں کی جائیدادیں فوری طور پر منجمد کی جائیں، اور سہولت کاروں یا رشتہ داروں سے روابط کی صورت میں بھی کارروائی عمل میں لائی جائے۔
جاری مراسلے میں مزید کہا گیا ہے کہ دہشتگردوں کے خاندانوں کی معلومات نادرا سے حاصل کی جائیں گی تاکہ ان کے نیٹ ورک کی مکمل نگرانی ممکن ہو سکے۔
مراسلے میں واضح کیا گیا ہے کہ سرکاری اداروں میں خدمات انجام دینے والے ایسے افراد جن کے رشتہ دار دہشتگردی میں ملوث ہیں، ان کی بھی جانچ پڑتال کی جائے گی۔ کسی قسم کے روابط ثابت ہونے پر سخت کارروائی کی جائے گی۔