لاہور(ای پی آئی ) انسداد دہشتگردی عدالت لاہور نے سوشل میڈیا پر بم بنانے کا طریقہ سیکھنے والے مجرم کو قید اور پچاس ہزار روپے جرمانے کی سزا سنا دی ،عدالت نے مجرم حنان عبداللہ کو اڑھائی سال قید کی سزا سنائی ۔،
تفصیل کے مطابق انسداد دہشتگردی عدالت نے مقدمے کا ٹرائل مکمل ہونے پر فیصلہ جاری کر دیا۔عدالتی فیصلے میں کہا گیا ہے کہ ایف آئی اے کے مطابق مجرم غیر ملکی انسٹاگرام اکانٹ سے بم بنانے سے متعلق معلومات لے رہا تھا، ایف بی آئی نے معاملے کے بارے میں پاکستانی حکومت کو آگاہ کیا، حکومت پاکستان نے ایف آئی اے کو معاملے کی مکمل چھان بین کی ہدایت کی، ایف آئی اے کی جانب سے دوران ٹرائل آٹھ گواہ عدالت میں پیش کئے گئے۔
فیصلے کے مطابق مجرم حنان عبداللہ پر بم بنانے کا طریقہ سیکھنے کا الزام ثابت ہوتا ہے، پراسیکیوشن اس الزام کے علاوہ باقی کوئی الزام ثابت نہیں کر سکی، مجرم حنان عبداللہ کو انسٹا گرام کے ذریعے بم بنانے کا طریقہ سیکھنے پر اڑھائی سال قید کی سزا سنائی جاتی ہے۔
عدالت نے کہا کہ اس جرم کی زیادہ سے زیادہ سزا دس سال قید ہے، عدالت کی نظر میں حالات اور مجرم کی عمر دیکھتے ہوئے عدالت اڑھائی سال قید کی سزا سناتی ہے، مجرم حنان عبداللہ ضمانت پر ہے، حراست میں لیکر کوٹ لکھپت جیل منتقل کیا جائے۔