بنوں (ای پی آئی ) خیبرپختونخوا کے ضلع بنوں میں فتح خیل پولیس چوکی پر شدت پسندوں کا بھاری ہتھیاروں سے حملہ ، پولیس کی جوابی کارروائی حملہ پسپہ کردیاایک کانسٹیبل زخمی ۔

تفصیل کے مطابق ریجنل پولیس آفیسر (آر پی او) بنوں سجاد خان کے مطابق ضلع بنوں میں منڈان فتح خیل پولیس چوکی پر درجنوں شدت پسندوں نے رات گئے بھاری ہتھیاروں سے حملہ کیا جبکہ درجنوں شدت پسند فائرنگ کی آڑ میں پولیس چوکی پر قبضہ کی کوشش کر رہے تھے تاہم پولیس کی بروقت جوابی کارروائی نے دشمن کے عزائم ناکام بنا دیے۔

پولیس ترجمان کے مطابق پولیس پہلے سے الرٹ تھی اور حملے کے فوری بعد بھرپور جوابی کارروائی کی گئی، بکتر بند گاڑیوں میں اضافی نفری کو فوری طور پر چوکی روانہ کیا گیا، جس کے نتیجے میں حملہ پسپا کر دیا گیا، حملے کے دوران ایک پولیس کانسٹیبل زخمی ہوا جسے فوری طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

پولیس ذرائع کا کہنا تھا کہ شدت پسندوں کو جوابی کارروائی میں نقصان اٹھانا پڑا جبکہ جائے وقوعہ پر نشانات موجود ہیں۔ پولیس نے پورے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے جو اب بھی جاری ہے، سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر پولیس پیش قدمی میں مکمل احتیاط سے کام لے رہی ہے۔