لاہور(ای پی آئی )لاہور ہائیکورٹ میں اسموگ تدارک کیس کی سماعت،عدالت نے پنجاب بھر کے سروس اسٹیشنز میں واٹر ری سائیکلنگ پلانٹ لگانے کا حکم دے دیا۔ ڈپٹی کمشنر ز کو فوری عدالتی احکامات پر عملدرآمد کروانے کی ہدایت ۔
تفصیل کے مطابق لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے اسموگ کے تدارک کے لیے دائر درخواستوں پر سماعت کی، دوران سماعت ضلع قصور کے واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ کو بحال کرنے کے حوالے سے رپورٹ عدالت پیش کی گئی۔عدالت نے آئندہ سماعت پر کمشنر لاہور سے ٹریٹمنٹ پلانٹ سے متعلق رپورٹ طلب کرلی،
عدالت نے ریمارکس دیئے کہ قصور کا واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ بند ہونے سے بیماریاں پھیل رہی ہیں، قصور میں جو بچے پیدا ہورہے ہیں وہ بیماریوں کا شکار ہیں، قصور کا پانی صاف نہ ہونے سے بچے اور بڑے خطرناک بیماریوں میں مبتلا ہو رہے ہیں، اب واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ کو بحال کرنا ہوگا تاکہ ٹیریز کا پانی صاف ہو۔
عدالت میں رپورٹ پیش کی گئی کہ سی بی ڈی نے بارش کا پانی ذخیرہ کرنے کے لیے واٹر ٹینک بنایا ہے ، سی بی ڈی کے ذخیرہ شدہ پانی کو روڈز کی صفائی اور پودوں کے لیے استعمال کیا جاسکے گا۔عدالت نے ریمارکس دیئے کہ سی بی ڈی کا یہ اچھا اقدام ہے۔ محکمہ ماحولیات کے وکیل نے عدالت کو آگاہ کیا کہ موٹر وے پر فصلوں کی باقیات جلانے کو روکنے کے لیے ای پی اے کی ٹیموں نے کام شروع کردیا ہے، موٹر وے والی سائیڈ پر جو باقیات جلائے گا اس کے چالان بھی کررہے ہیں۔
بعدازاں لاہور ہائیکورٹ نے متعلقہ محکموں سے رپورٹ طلب کرتے ہوئے کیس کی سماعت آئندہ جمعے تک ملتوی کر دی۔