کراچی (عابدعلی آرائیں) نیب نےبحریہ ٹاؤن کے مالک ملک ریاض کے گرد گھیرا تنگ کردیا ، تفتیشی ٹیم نے بحریہ ٹاؤن کراچی میں چھاپہ کے دوران سو کے قریب قیمتی گاڑیاں قبضہ میں لے لیں

ذرائع کا کہنا ہے کہ بحریہ ٹاؤن کراچی کے خلاف نیب نے مبینہ طور پر کارروائیاں تیز کر دی ہیں اس سلسلے میں نیب کی تفتیشی ٹیم نے گذشتہ روز چھاپہ مارا اور ٹرانسپورٹ سیکشن میں موجود 100 کے قریب گاڑیاں تحویل میں لے لی ہیں ۔ ذرائع کے مطابق ملک ریاض اور بحریہ ٹاؤن کی مزید گاڑیاں اور اثاثے بھی تحویل میں لینے کےلیئے کارروائی کی جارہی ہے۔

جس جگہ گاڑیوں کو تحویل میں لیا گیا ہے وہاں بینر آویزاں کرکے عوام الناس کو آگاہی دی گئی ہے کہ یہ جگہ ممنوعہ قراردی گئی ہے مزید یہ کہ بحریہ ٹاؤن کی ملکیت میں موجود گاڑیاں قومی احتساب بیورو کراچی کی جانب سے قبضے میں لے لی گئی ہیں اس جگہ میں غیر مجاز داخلہ یا تجاوز حدود قانونا ممنوع ہے اورمتعلقہ قوانین کی خلاف ورزی تصور کیا جائے گا۔

یاد رہے کہ بحریہ ٹاؤن نے ملیر ڈویلپمنٹ اتھارٹی سے 16 ہزار ایکڑ اراضی اونے پونے داموں خریدی تھی جس پرچیف جسٹس سپریم کورٹ میاں ثاقب نثار نے از خود نوٹس لیکر بحریہ ٹاؤن کو 460 ارب روپے قسطوں میں ادا کرنے کا حکم دیا تھا عدالت کایہ حکم بحریہ ٹاؤن کے مالک ملک ریاض کی رضا مندی سے کیا گیا تھالیکن کچھ اقساط ادا کرنے کے بعد ملک ریاض نے سال 2023میں بقایا رقم ادا کرنے سے معذرت کرلی تھی اور اس ضمن میں سپریم کورٹ میں ایک اور درخواست دائر کردی .

عدالت نے ملک ریاض کی دائر کردہ متفرق درخواست 23نومبر 2023کو خارج کرتے ہوئے 21 مارچ 2019 کا حکم برقراررکھا تھا ۔عدالت نے قراردیا تھا کہ نیب اپنی کارروائی جاری رکھے گا ۔ جس پر نیب نے کارروائی کا آغازکرتے ہوئے ریکوریز کا آغاز کیا اور اب بحریہ ٹاؤن کی گاڑیاں تحویل میں لی گئی ہیں ۔۔