کراچی (ای پی آئی )سندھ کے ضلع خیرپور کے علاقے گمبٹ میں دو گروپوں کے درمیان دیرینہ دشمنی کی بنا پر شدید فائرنگ کا تبادلہ 4 افراد جاں بحق 15 زخمی ہو گئے ،پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی ۔

پولیس ذرائع کے مطابق تحصیل گمبٹ کے علاقے کھوڑا میں کلیری اور اَجن برادری کے دو گروہوں کے درمیان مسلح تصادم کے نتیجے میں 4 افراد جاں بحق اور 15 زخمی ہو گئے۔پولیس کے مطابق دونوں گروہوں کے درمیان دیرینہ دشمنی چلی آ رہی تھی، جو آج ایک بار پھر شدت اختیار کر گئی۔ مسلح افراد نے ایک دوسرے پر شدید فائرنگ کی، جس سے علاقہ گولیوں کی تڑتڑاہٹ سے گونج اُٹھا اور شہریوں میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔

فائرنگ کے باعث زخمی ہونے والوں اور جاں بحق افراد کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔واقعے کے بعد علاقے میں کشیدگی برقرار ہے اور شہری خوف کے باعث گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے ہیں۔ پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی ہے۔