اسلام آباد(ای پی آئی ) سابق وزیراعظم بانی پی ٹی آئی عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان نے کہا ہے کہ عمران خان کو انصاف کی فراہمی سے انکار کیا جارہا ہے،

علیمہ خان نے سوشل میڈیا پر اپنے ٹویٹ میں لکھا ہے کہ اب کئی مہینوں سے اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس سردار محمد سرفراز ڈوگر القادر کیس میں عمران خان اور بشریٰ بی بی کی درخواست ضمانت کی سماعت کے لیے تاریخ مقرر کرتے ہیں، لیکن پھر یہ کبھی عملی شکل نہیں پاتی۔

انھوں نے لکھا کہ گزشتہ منگل کو پنجاب، کے پی اور سندھ سے قومی اسمبلی اور صوبائی اسمبلیوں کے تمام اراکین 26ویں ترمیم کے خلاف ججوں کی حمایت کے لیے آئے تھے۔ چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ نے لطیف کھوسہ، علی ظفر اور بیرسٹر گوہر سے وعدہ کیا کہ وہ اس ہفتے کیس کی سماعت کریں گے۔چونکہ چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ نے 28 مئی سے تعطیلات کا اعلان کرچکے ہیں، اس لیے ہمارے پاس صرف آج (26 مئی) اور کل (27 مئی) عدالت میں درخواست ضمانت کی سماعت ہے۔

علیمہ خان کا کہنا تھا کہ ہمارے وکیل سلمان صفدر اس وقت اسلام آباد ہائی کورٹ میں ہیں کہ وہ چیف جسٹس سرفراز ڈوگر سے اپنے وعدے پر پورا اترنے اور عمران خان کا کیس اٹھانے کی درخواست کریں۔ مینڈیٹ چور حکومت نے نظام انصاف کو مکمل طور پر مسخر کرنے کے لیے 26ویں ترمیم منظور کی تھی۔ جیسا کہ عمران خان کہتے ہیں کہ عدالتیں اب صرف ایک اور سرکاری محکمے کی طرف موڑ دی گئی ہیں۔

26ویں ترمیم مبینہ طور پر اعظم نذیر تارڑ اور احسن بھون کا برین چائلڈ ہے۔ ان دونوں کوپاکستان میں قانون کی حکمرانی کو دفن کرنے والی جوڑی کے طور پر آنے والی نسلوں تک تاریخ میں یاد رکھا جائے گا