پشاور (ای پی آئی ) پاکستان تحریک انصاف کے احتجاجی کیمپ کو آگ لگانے کا مقدمہ پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنماؤں و دیگر کے خلاف درج ۔ انجینئر محمد عارف کی مدعیت میں تھانہ شرقی میں نامعلوم شرپسندوں کے خلاف درج کیا گیا ہے ۔
درخواست گزار کے مطابق انہیں فون کال کے ذریعے اطلاع ملی کہ نامعلوم افراد نے پی ٹی آئی کیمپ کو آگ لگا دی ہے۔ بعد ازاں واقعے کی ویڈیوز وائرل ہوئیں، ایف آئی آر کے متن کے مطابق کیمپ کو آگ لگانے کا یہ عمل پیپلز پارٹی کے صوبائی صدر محمد علی باچا اور جنرل سیکرٹری کی ایماء پر کیا گیا۔
ایف آئی آر کے متن میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ ملک عظمت، ضیاء اللہ آفریدی، ہمایون خان، زوالقرنین، احسان اور دیگر افراد کیمپ کو آگ لگاتے ویڈیو میں واضح طور پر نظر آ رہے ہیں۔ درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ شرپسند عناصر پی ٹی آئی کے جھنڈوں کو بھی نذرِ آتش کرتے دیکھے گئے۔
درخواست گزار کے مطابق کیمپ میں موجود قیمتی سامان مکمل طور پر جل گیا، اور اس واقعے سے علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا ہے۔ پولیس نے مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے، جبکہ ویڈیوز کی مدد سے ملزمان کی شناخت اور گرفتاری کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔