صادق آباد (ای پی آئی ) پنجاب کے ضلع رحیم یار خان کی تحصیل صادق آباد سے مزید 5 افراد کو اغواء کر لیا گیا ۔ ذرائع کے مطابق نامعلوم مسلح افراد نے بستی کٹہ سے تین اور بستی ورنداں سے دو افراد کو اغواء کر لیا، جس کے بعد دو ماہ کے دوران اغواء ہونے والے افراد کی مجموعی تعداد 11 ہو گئی ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی اطلاع ملتے ہی تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے اور مغویوں کی بحفاظت بازیابی کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ مقامی ذرائع کے مطابق ڈاکو جدید اسلحے سے لیس تھے اور واردات کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
شہریوں نے بڑھتے ہوئے اغواء کے واقعات پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ ڈاکوؤں کے خلاف فوری اور مؤثر کارروائی کی جائے تاکہ علاقہ مکین خود کو محفوظ تصور کر سکیں۔پولیس کا کہنا ہے کہ جلد پیش رفت متوقع ہے اور ملزمان کو قانون کے کٹہرے میں لانے کے لیے اقدامات جاری ہیں۔