کراچی (ای پی آئی ) بینظیر انکم سپورٹ فنڈ (بی آئی ایس پی) کے برطرف ملازمین کی جانب سے سندھ ہائیکورٹ میں دائر درخواستوں پر سماعت ،عدالت نے ملازمین کو مشروط طور پر بحال کرنے کا حکم دے دیا۔

تفصیل کے مطابق بینظیر انکم سپورٹ فنڈ سے بیگمات، رشتہ داروں اور قریبی افراد کو غیر قانونی فائدہ پہنچانے کے الزامات کے تحت نوکریوں سے برطرف ملازمین کی جانب سے دائر درخواست پر سندھ ہائیکورٹ میں سماعت ہوئی ۔

دوران سماعت ملازمین کے وکیل اسداللہ بلو ایڈووکیٹ نے عدالت میں دلائل دیتے ہوئے مؤقف اپنایا کہ ان کے مؤکلوں نے اپنے اختیارات کا ناجائز استعمال نہیں کیا اور کسی رشتہ دار یا بیگمات کو غیر قانونی فائدہ نہیں پہنچایا۔ عدالت نے مشروط بحالی کا حکم دیتے ہوئے واضح کیا کہ بحالی کے باوجود متعلقہ ملازمین کے خلاف قواعد و ضوابط کے مطابق باقاعدہ انکوائری کی جائے گی۔

عدالتی فیصلے کے مطابق انکوائری کا عمل تین ماہ کے اندر مکمل کرنا لازم ہوگا۔ اس دوران ملازمین کو تنخواہیں ادا نہیں کی جائیں گی۔ تاہم، اگر انکوائری تین ماہ میں مکمل نہ ہو سکی تو تنخواہوں کی ادائیگی دوبارہ شروع کر دی جائے گی۔۔عدالت نے تمام فریقین کو انکوائری کے عمل میں تعاون کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی۔