کراچی (ای پی آئی ) انسداد دہشتگردی عدالت کراچی میں مہاجر قومی موومنٹ کے چیئرمین آفاق احمد اور دیگر کے خلاف ڈمپر جلانے کے کیس کی سماعت ،عدالت کا فائل جمع نہ کروانے پر تفتیشی افسر پر برہمی کا اظہار ،فرد جرم عائد کرنے کے لئے جون کے پہلے ہفتے کی تاریخ مقرر ۔
تفصیل کے مطابق اے ٹی سی عدالت کراچی میںمہاجر قومی موومنٹ کے چیئرمین اور دیگر کے خلاف ڈمبر جلانے اور اشتعال انگیزی پھیلانے کے کیس کی سماعت ہوئی ۔دوران سماعت آفاق احمد سمیت 12 ملزمان عدالت میں پیش ہوئے جبکہ پولیس کی جانب سے مقدمے کی تفتیشی فائل عدالت میں پیش نہ کی گئی جس پر عدالت نے تفتیشی افسر پر شدید برہمی کا اظہار کیا۔
عدالت نے آفاق احمد اور دیگر ملزمان پر فرد جرم عائد کرنے کے لیے جون کے پہلے ہفتے کی تاریخ مقرر کر دی۔پولیس کی جانب سے جمع کرائی گئی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ آفاق احمد نے آڈیو میسج کے ذریعے کارکنان کو اشتعال دلایا اور اکسایا، جس کے بعد ان کی ایما پر کنٹینر کو نذر آتش کیا گیا۔
پولیس کے مطابق جلائے گئے کنٹینر سے چینی کی بوریاں بھی چوری کی گئیں۔رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ گرفتار ملزمان نے اعتراف کیا ہے کہ کنٹینر جلانے کا حکم آفاق احمد نے دیا تھا۔ پولیس کے مطابق آفاق احمد و دیگر ملزمان کے خلاف لانڈھی تھانے میں مقدمہ درج ہے اور آفاق احمد اس مقدمے میں ضمانت پر رہا ہیں۔
عدالت نے آئندہ سماعت پر فرد جرم عائد کرنے کا عندیہ دیتے ہوئے کیس کی سماعت ملتوی کر دی۔