اسلام آباد (ای پی آئی ) پاکستان کو ایٹمی طاقت بنے 27 سال مکمل ہو گئے ،عالمی دباؤ کے باوجود بھارت کو منہ توڑ جواب دینے پر پوری قوم آج یومِ تکبیر ملی جوش و جذبے سے منا رہی ہے۔ ملک بھر میں عام تعطیل ،کا اعلان کیا گیا ہے، سول اور عسکری قیادت کی قوم کو مبارکباد۔
تفصیل کے مطابق 28 مئی 1998 کو اس وقت کے وزیراعظم نوازشریف کی قیادت میں پاکستان نے بلوچستان کے علاقے چاغی میں پانچ کامیاب ایٹمی دھماکے کیے تھے، جو بھارت کے پانچ دھماکوں کا دوٹوک جواب تھے۔ یوں پاکستان نے نہ صرف اپنے دفاع کو ناقابل تسخیر بنایا بلکہ جنوبی ایشیا میں توازن بھی بحال کیا۔
یو م تکبیر کے موقع پر صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے قوم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ ”آج کا دن ہماری قومی خودمختاری، سلامتی اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے عزم کا دن ہے۔“ انہوں نے سائنسدانوں، انجینئرز، سول و عسکری قیادت کو خراجِ تحسین پیش کیا اور شہید ذوالفقار علی بھٹو و شہید بینظیر بھٹو کی بصیرت کو سراہا، جنہوں نے ایٹمی پروگرام کو بنیاد اور سمت دی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے بھی قوم کو یومِ تکبیر کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ”پاکستان اس مرتبہ یومِ تکبیر ایک تاریخی موقع پر منا رہا ہے۔ اللہ کے فضل و کرم سے ہم 6 تا 10 مئی کے معرکہ حق میں کامیاب ہوئے اور دشمن کو منہ توڑ جواب دے کر نکلے۔“ انھوں نے کہا ہے کہ 1998 میں نوازشریف نے جراتمندانہ فیصلہ کرتے ہوئے عالمی دباؤ کو مسترد کیا اور چھ ایٹمی دھماکے کیے، جس سے پاکستان کا دفاع ناقابلِ تسخیر بن گیا۔
مسلح افواج اور سروسز چیفس نے بھی اپنے پیغام میں پاکستانی قوم کو یومِ تکبیر کی مبارکباد دی اور کہا کہ ”ہم مادرِ وطن کے دفاع کے لیے مکمل تیار اور پرعزم ہیں۔“ ان کا کہنا تھا کہ یومِ تکبیر ہمیں اُس لمحے کی یاد دلاتا ہے جب پاکستان نے جوہری طاقت بن کر عالمی برادری میں اپنی حیثیت منوائی، اور یہ صلاحیت ایک قومی امانت ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ 28 مئی کا دن پاکستان کی دفاعی تاریخ کا سنہری باب ہے۔ انہوں نے کہا کہ چاغی کے پہاڑ آج بھی اس حقیقت کے گواہ ہیں کہ پاکستان نے عالمی دباؤ، اقتصادی پابندیوں اور خطرات کے باوجود جرات کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایٹمی قوت بننے کا فیصلہ کیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ یومِ تکبیر صرف ایک دن نہیں بلکہ ہمت، اتحاد اور قربانی کی وہ علامت ہے جو پاکستانی قوم کو ہر چیلنج سے نبرد آزما ہونے کا حوصلہ دیتی ہے۔
محسن نقوی نے کہا کہ بھارت کی حالیہ بلا اشتعال جارحیت اور 10 مئی کے واقعات دشمن کے لیے واضح پیغام ہیں کہ پاکستان کسی بھی مہم جوئی کا منہ توڑ جواب دینے کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ”ایٹمی طاقت کا حصول محض تکنیکی ترقی نہیں بلکہ امن کے ذریعے طاقت کے توازن کا حکیمانہ فیصلہ تھا۔“