پشاور(ای پی آئی )خیبرپختونخوا کے صوبائی دارلحکومت پشاور میں خیبر میڈیکل یونیورسٹی ہراسگی معاملے میں اہم پیش رفت ، 18 گریڈ کے افسر کو ملازمت سے برطرف جبکہ مرکزی ملزم طالب علم کو مستقل طور پر جامعہ سے خارج کر دیا گیا ۔
اس حوالے سے خیبر پختونخوا کے وزیر برائے اعلیٰ تعلیم مینا خان آفریدی نے ایکس پر پیغام دیتے ہوئے جامعہ کے عملے کو شاباش دی۔اپنے پیغام میں مینا خان آفریدی نے بتایا کہ پختونخوا کی ایک اعلیٰ تعلیمی ادارے میں ہراسانی کے خلاف ایک اور مؤثر اور فیصلہ کن اقدام کیا ہے۔
انہوں نے لکھا کہ 18 مئی کو وائس چانسلر کو امتحانی ہال میں پیش آنے والے ہراسانی کے واقعے کی شکایت موصول ہوئی۔ 19 تا 23 مئی انکوائری کمیٹی نے مکمل شفافیت اور دیانت داری سے تحقیقات کیں۔مینا خان آفریدی نے بتایا کہ 26 مئی کو 17 سالہ سروس کے حامل گریڈ 18 افسر کو ملازمت سے برطرف کر دیا گیا جبکہ مرکزی ملزم طالب علم کو مستقل طور پر جامعہ سے خارج اور آئندہ داخلے سے محروم کر دیا گیا۔ دیگر ملوث طلبہ کو معمولی سزائیں دی گئیں۔
وزیر تعلیم نے کہا کہ ٹیم KMU کو شاباش، جنہوں نے ہراسانی کے خلاف صفر برداشت کی پالیسی پر عمل کرتے ہوئے جامعہ کے وقار اور محفوظ تعلیمی ماحول کو یقینی بنایا۔