لاہور (ای پی آئی )لاہور ہائیکورٹ میں وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی جانب سے نواز شریف کی تصاویر کے ساتھ سرکاری اشتہارات جاری کرنے کے خلاف دائر درخواستوں پر سماعت ۔عدالت کا جواب جمع نہ کروانے پر چیف سیکرٹری سمیت دیگر فریقین پر اظہار برہمی ۔

تفصیل کے مطابق لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس فاروق حیدر نےنوازشریف کی تصاویر سرکاری اشتہارات میں جاری کرنے کے کیس کی سماعت کی، دوران سماعت جواب جمع نہ کروانے پر عدالت نے ریمارکس دیے کہ یہ عزت کرتے ہیں آپ عدالتوں کی؟ جواب جمع نہیں کروا رہے؟ آپ عدالتی احکامات کو جوتے کی نوک پر رکھتے ہیں۔

عدالت نے واضح کیا کہ اگر آئندہ سماعت پر جواب داخل نہ کروایا گیا تو درخواستوں کا فیصلہ کر دیا جائے گا۔عدالت نے ایڈووکیٹ جنرل پنجاب کو فوری طور پر عدالت میں طلب کر لیا اور ہدایت کی کہ بتایا جائے کہ سرکاری فریقین نے عدالتی حکم کے باوجود جواب کیوں جمع نہیں کروایا۔

درخواست گزاروں کا مؤقف تھا کہ عوام کے ٹیکسوں سے حاصل شدہ پیسوں کو سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کرتے ہوئے نواز شریف کی تصاویر والے اشتہارات جاری کیے گئے، جو کہ آئین اور قانون کی خلاف ورزی ہے۔ انہوں نے استدعا کی کہ ایسے اشتہارات کو غیر قانونی قرار دے کر ان پر پابندی عائد کی جائے۔