رحیم یار خان (ای پی آئی ) پنجاب کے ضلع رحیم یار خان میں پولیس کا ڈاکوؤں کے خلاف آپریشن ،فائرنگ کے بعد ڈاکو اغواء کئے گئے شہریوں کو چھوڑ کر فرار ہونے میں کامیاب ،2 مغویوں کو بازیاب کرا لیا گیا ۔

ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق ڈی پی او رحیم یار خان عرفان علی سموں کی قیادت میں تھانہ احمد پور لمہ پولیس نے کچہ کرمنلز کے خلاف آپریشن کیا۔اس دوران دو طرفہ شدید فائرنگ کا تبادلہ بھی ہوا جس کے نتیجے میں ملزمان مغوی شہریوں کو چھوڑ کر فرار ہو گئے۔

پولیس کے ترجمان کے مطابق ڈاکوؤں کے خلاف جدید ٹیکنالوجی، بکتر بند ایلیٹ فورس کا استعمال کیا گیا، پولیس نے ڈاکوؤں کے ٹھکانوں کو آگ لگادی جبکہ ڈاکوؤں کے زخمی ہونے کی اطلاعات بھی ہیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ نامعلوم مسلح ملزمان نے ضمیر اور رمضان نامی شہریوں کو چند روز قبل اغواء کر کے کچہ منتقل کیا تھا۔ مغوی ضمیر اور رمضان آرائیں کے اغواء کا مقدمہ تھانہ احمد پور لمہ میں درج تھا۔