کراچی (ـای پی آئی )سندھ ہائیکورٹ میں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کے خلاف دائر درخواست پر سماعت ۔دوران سماعت عدالت کا شدید اظہار برہمی کے الیکٹرک سے رپورٹ طلب کر لی ۔ تفصیل کے مطابق سندھ ہائیکورٹ میں شہری کی جانب سے بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈگ کے خلاف درخواست پر سماعت ۔
دوران سماعت عدالت نے کے الیکٹرک حکام سے استفسار کیا کہ شہریوں کو شدید گرمی میں طویل دورانیے کی لوڈشیڈنگ کا سامنا کیوں ہے جبکہ وہ باقاعدگی سے بل بھی ادا کر رہے ہیں۔ عدالت نے ریمارکس دیے کہ جو کرنا ہے کریں، مگر غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ سے متعلق رپورٹ ہر صورت دیں۔
درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا کہ کراچی کے علاقے ورکس سوسائٹی میں روزانہ 15 سے 18 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے حالانکہ علاقہ مکین وقت پر بجلی کے بل ادا کرتے ہیں اوربل ادا کرنے کے باوجود ہمیں اذیت دی جا رہی ہے، لوڈشیڈنگ نے جینا دوبھر کر دیا ہے۔
کے الیکٹرک کے نمائندے نے عدالت کو یقین دلایا کہ چند دنوں میں مسئلہ حل کر لیا جائے گا۔ تاہم عدالت نے سختی سے ہدایت دی کہ اس بیان کے ساتھ ساتھ باضابطہ رپورٹ بھی عدالت میں پیش کی جائے۔
عدالت نے کیس کی مزید سماعت آئندہ تاریخ تک ملتوی کرتے ہوئے کے الیکٹرک کو غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کی تفصیلات اور اس کی وجوہات پر مبنی جامع رپورٹ جمع کرانے کی ہدایت جاری کی۔