اسلام آباد(ای پی آئی ) اسلام آباد ہائیکورٹ میں عدالتی حکم کے باوجود ایف آئی اے ملازمین کو ترقی نہ دینے پر توہین عدالت کی درخواست پر سماعت ۔ وزارت داخلہ اور اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے ایف آئی اے ملازمین کی ترقیوں کے لیے رضامندی کا اظہار کر دیا۔
تفصیل کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس طارق محمود جہانگیری نے ایف آئی اے ملازمین کی توہین عدالت درخواست پر سماعت کی۔ دوران سماعت وزارت داخلہ اور اسٹبلشمنٹ حکام اسلام آباد ہائی کورٹ میں پیش ہوئے۔
ہائیکورٹ نے استفسار کیا کہ عدالت نے آرڈر جاری کیا تھا، اس پر کیا عمل درآمد ہوا؟نمائندہ اسٹبلشمنٹ ڈویژن نے بتایا کہ ہمیں ملازمین کو ترقی دینے پر کوئی اعتراض نہیں، انٹرا کورٹ اپیل زیر التواء ہے۔ عدالت نے ریمارکس دیے کہ زیرالتواء انٹراکورٹ اپیل کا ہمارے آرڈر پر کوئی اثر نہیں ہے۔
عدالت نے توہین عدالت کیس کی سماعت ملتوی کر دی۔ عدالت نے ایف آئی اے کے کانسٹیبل سے اسسٹنٹ سب انسپکٹر تک کے ملازمین کی ترقی کا حکم دے رکھا تھا۔