اسلام آباد (ای پی آئی )انسداددہشت گردی عدالت اسلام آباد نے 9 مئی کو تھانہ رمنا پر حملہ کیس کا فیصلہ سنا دیا ، پاکستان تحریک انصاف کے ایم این اے عبدالطیف اور سابق ایم پی اے وزیر زادہ کیلاشی سمیت 11 ملزمان کو قید اور جرمانے کی سزا سنا دی ،پولیس نے فیصلے کے بعد عدالت میں موجود 4ملزمان کو گرفتار کر لیا ۔
انسداد دہشتگردی عدالت کے جج طاہر عباس سپرا نے کیس کامحفوظ کیا گیا فیصلہ سناتے ہوئے پی ٹی آئی ایم این اے عبدلطیف اور سابق ایم پی اے وزیر زادہ کیلاشی سمیت 11 ملزمان کو نو مئی کے مقدمہ میں مجموئی طور پر 15 سال چار ماہ قید اور جرمانہ کی سزا سنائی ۔
عدالت کی جانب سے سنائے گئے فیصلے کے مطابق ملزمان نے تھانہ رمنا پر حملہ کیا اور فائرنگ اور پتھرائو کیا جبکہ پولیس والوں کو مارنے کی کوشش بھی کی اور اپنے مقاصد کیلئے موٹر سائیکلوں کو آگ لگائی۔عدالتی فیصلے کے مطابق ملزمان کے خلاف 24 گواہان نے اپنی شہادتیں قلمبند کروائیں ، ملزمان کی مجسٹریٹ صاحبان کے سامنے شناخت پریڈ کی گئی ۔
فیصلے میں جج طاہر عباس سپرا نے ریمارکس دیئے کہ اسلام آباد کے تھانوں پر حملہ ہوتا ہے تو ملک میں کوئی جگہ رہنے کے قابل نہیں رہے گی ۔
عدالت نے ایف آئی آر میں درج الزامات ثابت ہونے پر مختلف سزائیں سنائیں ۔عدالت کی جانب سے پولیس پر قاتلانہ حملہ پر ملزمان کو پانچ سال سزا پچاس ہزار جرمانہ کی سزا سنائی گئی ، موٹر سائیکل جلانے پر چار سال قید چالیس ہزار جرمانے کی سزا سنائی جبکہ عدالت نے تھانہ جلانے کے جرم میں چار سال قید اور چالیس ہزار جرمانہ کی سزا سنائی ۔
عدالت نے ملزمان کو پولیس کے کام میں مداخلت پر تین ماہ قید کی سزا سنائی اور دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر ایک ماہ کی سزا سنائی جاتی ہے ۔ اسی طرح مجمع بنا کر جرم کرنے پر دو سال کی سزا سنائی گئی ،دہشت گردی کی دفعات پر دس سال سزا اور دو لاکھ جرمانہ کی سزا سنائی گئی ۔
پی ٹی آئی رہنماؤں کی جانب سے طلعت رضوان سیال ایڈووکیٹ نے کیس کی پیروی کی۔عدالتی فیصلے کے بعد عدالت میں موجود چار ملزمان محمد اکرم ، میرا خان، شاہ زیب ، سہیل خان کو تحویل میں لے لیا گیا ۔جبکہ عدالت نے غیر حاضر ملزمان کے وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے