1
کراچی ڈیفنس میں بہنوں کے سامنے نوجوان پرتشدد کرنیوالا ملزم سلمان فاروقی گرفتار،ڈیفنس خیابان اتحاد میں شہری نے خود ہی عدالت لگالی اور مبینہ طور پر موٹرسائیکل ٹکرانے پر کار سوار شخص سلمان فاروقی نے نوجوان پر اُس کی بہنوں کے سامنے تشدد کیا۔موٹرسائیکل سوار شخص کی بہنوں کی منت سماجت کے باوجود ملزم سلمان فاروقی نے موٹرسائیکل سوار کو نہیں چھوڑا۔تاہم اب پولیس نے ملزم سلمان فاروقی کو گرفتار کرلیا۔ ڈی آئی جی جنوبی اسد رضا کے مطابق ملزم سلمان فاروقی کو گذری تھانہ منتقل کردیا گیا۔ان کا کہنا تھاکہ ملزم کے دفتر اور گھر بھی چھاپے مارے گئے، ملزم سلمان فاروقی شہری پر تشدد میں ملوث ہے اورملزم کو 24 گھنٹے میں مجسٹریٹ کے سامنے پیش کیا جائے گا۔
2
رحیم یار خان، عید کے کپڑے مانگنے پرباپ نے 3 بچوں کو زہردے کر خودکشی کرلی۔پولیس کے مطابق رکن پور کے علاقے سردار گڑھ بستی حاجی پیرمیں پیش آیا جہاں ایک محنت کش نے 2 معذور بیٹوں اوربیٹی سمیت زہریلی گولیاں کھالیں۔ اس حوالے سے ترجمان شیخ زید اسپتال نے بتایاکہ زہریلی گولیاں کھانے سے 2 بیٹے اورباپ دم توڑگیا جبکہ بیٹی کی حالت خطرے سے باہر ہے۔
3
آئندہ مالی سال کے بجٹ میں جی ڈی پی گروتھ 4.2 فیصد رکھنے کی تجویز ہے۔ وزارت خزانہ کی دستاویزات کے مطابق آئندہ مالی سال جی ڈی پی گروتھ 4.2 فیصد اور زرعی شعبے کی گروتھ کا ہدف 4.5 فیصدرکھنے کی تجویز ہے۔ دستاویزات کے مطابق صنعتی شعبے کی گروتھ کا ہدف 4.3 فیصد رکھنے کی تجویز ہے، مینوفیکچرنگ کے شعبےکی گروتھ کا ہدف 4.7 فیصد اور بڑی صنعتوں کی گروتھ کا ہدف 3.5 فیصد رکھنےکی تجویز ہے جب کہ چھوٹی صنعتوں کی گروتھ کا ہدف 8.9 فیصد رکھنے کی تجویز ہے۔
4
الیکشن کمیشن نے اسلام آباد اور پنجاب میں بلدیاتی انتخابات نہ کرانے پر وزیراعظم شہباز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کو بلانے کا اشارہ دے دیا۔چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے پنجاب میں بلدیاتی انتخابات میں تاخیر کے کیس میں کہا کہ الیکشن کمیشن اگلی سماعت پر پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کا حکم دے گا جو آپ کے لیے سبکی کا باعث بنے گا۔چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ پنجاب کے سوا تینوں صوبوں نے بلدیاتی الیکشن کرادیا، یہ نہیں ہوسکتا کہ صوبائی حکومت قانون سازی نہ کرے اور 5 سال الیکشن ہی نہ ہوں۔چیف الیکشن کمشنر کے استفسار پر وزیربلدیات پنجاب نے کہا کہ قانون سازی کا معاملہ قائمہ کمیٹی میں زیر غور ہے ، کوشش ہے جلد قانون سازی کرائی جائے۔چیف الیکشن کمشنر نے ریمارکس میں کہا کہ وفاق اور پنجاب میں (ن) لیگ کی ہی حکومت ہے، وہیں بلدیاتی انتخابات نہیں ہوئے، اگلی سماعت پر کوئی پیش رفت ہونی چاہیے، آپ سے ٹائم نہیں پوچھیں گے اب کمیشن ٹائم دے گا۔
5
مودی کو کینیڈا میں ہونیوالے جی 7 اجلاس کی اب تک دعوت نہ ملی۔کینیڈا کی میزبانی میں اجلاس اسی ماہ کی 15 سے 17 تاریخ کو جی 7 سربراہی اجلاس ہوگا۔بھارتی میڈیا کے مطابق وزیراعظم مودی کو ابھی تک کینیڈا کی طرف سے اجلاس میں شرکت کا باضابطہ دعوت نامہ موصول نہیں ہوا اور بھارت میں کہا جا رہا ہے کہ اگر دعوت دی گئی تب بھی مودی غالباً شریک نہیں ہوں گے۔خاص طور پر جب بھارت کو یقین نہیں ہے کہ کینیڈا کی نئی حکومت خالصتان تحریک کی سرگرمیوں پر بھارتی خدشات کو سنجیدگی سے لے گی یا نہیں۔