1
اسپیکر قومی اسمبلی اور چیئرمین سینیٹ کی تنخواہوں میں اضافے کے حوالے سے سیکرٹریٹ ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ منظوری خود وفاقی حکومت نے دی ہے۔قومی اسمبلی اور سینیٹ سیکرٹریٹ نے تنخواہیں بڑھانے کا الزام مسترد کردیا ہے اور کہا ہے کہ قومی اسمبلی اور سینیٹ سیکرٹریٹ کے پاس اسپیکر یا چیئرمین کی تنخواہیں بڑھانے کا کوئی اختیار نہیں ہے۔سیکرٹریٹ ذرائع کے مطابق اسپیکر قومی اسمبلی اور چیئرمین سینیٹ خود سے اپنی تنخواہ نہیں بڑھا سکتے۔ اسپیکر و چیئرمین سینیٹ کی تنخواہوں میں اضافے کا اختیار وزیر اعظم اور وفاقی کابینہ کے پاس ہے۔ذرائع نے بتایا کہ اسپیکر اور چیئرمین سینیٹ کی تنخواہوں و مراعات ایکٹ میں ترمیم کی منظوری وفاقی حکومت نے دی ہے۔ وزارت پارلیمانی امور نے تنخواہوں و مراعات میں اضافے کانوٹیفکیشن جاری کیا ۔
2
آئی ایم ایف کا قومی اسمبلی سے منظوری کے بغیر 344 ارب کے اضافی اخراجات پر تحفظات کا اظہار،ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف نے قومی اسمبلی سے منظوری کے بغیر ان اخراجات کو معاہدے کی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔وفاقی حکومت نے رواں مالی سال 344 ارب 64 کروڑ روپے اضافی خرچ کیے ہیں، بجلی کے شعبے میں آئی پی پیز کو 115 ارب روپے کی گرانٹ دی گئی، دفاعی اخراجات کے لیے 59 ارب روپے کی سپلیمنٹری گرانٹ کی منظوری طلب کی گئی۔سندھ میں سیلاب متاثرین کیلئے 30 ارب روپے مختص کیے گئے، زرعی ٹیوب ویلز کی سولرائزیشن کیلئے 14 ارب روپے جاری کیے گئے، انسداد دہشت گردی کے لیے فوج کو 23 ارب روپے کی گرانٹ دی گئی، ٹیکنالوجی اپ گریڈ کیلئے 2 ارب روپے کی منظوری لی جائے گی۔
3
ٹیسٹ چیمپئن شپ فائنل، آسٹریلوی کپتان پیٹ کمنز نے 43 سال پراناریکارڈ توڑ دیالارڈز کے تاریخی میدان میں جاری فائنل میں آسٹریلوی کپتان نے 28 رنز کے عوض 6 وکٹیں حاصل کر کے کپتان بولر بن گئے اور دوسرے فاسٹ بولر کپتان بن گئے ہیں۔تاہم، کم رنز دینے کی وجہ سے فہرست میں پہلے نمبر آگئے۔اس سے قبل 1982 میں انگلینڈ کے کپتان باب ولس نے بھارت کے خلاف 101 رنز دے کر 6 وکٹیں اور نیوزی لینڈ کے کپتان ڈینیئل ویٹوری نے 69 رنز دے کر 5 وکٹیں حاصل کیں تھیں۔
4
ٹرمپ کے مسئلہ کشمیر حل کرانے کے بیان پر بھارتی سیخ پا، امریکی پرچم نذر آتش،امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے مسئلہ کشمیر کو حل کرانے کی کوششوں پر بھی بھارتی شہری سیخ پا ہو گئے، انتہا پسند ہندوؤں کی جانب سے امریکا کے خلاف شدید احتجاج کیا گیا۔انتہا پسند ہندوؤں نے ذہنی پستی کا مظاہرہ کرتے ہوئے دوسرے ممالک کے پرچم کی بے حرمتی جاری رکھی اور احتجاج کے دوران انتہا پسند ہندوؤں نے امریکی پرچم کو پیروں میں روند ڈالا۔احتجاج کے دوران امریکی پرچم کو پیروں تلے روندتے ہوئے انتہا پسند ہندو نے انتہائی غلیظ الفاظ ادا کیے، بھارتی شہری نے امریکی پرچم پر تھوکا اور امریکا کو دہشت گرد ملک قرار دیا۔
5
وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان کا قومی ترقیاتی پلان 4200 ارب روپے سے تجاوز کرچکا ہے۔پاکستان کی معیشت کو ڈیفالٹ سے بچا کر استحکام کی راہ پر گامزن کیا گیا ہے۔ حکومت نے موجودہ بجٹ میں ترقیاتی منصوبوں کو بھرپور ترجیح دی ہے۔رواں مالی سال کے لیے قومی ترقیاتی پلان 4200 ارب روپے سے تجاوز کر گیا ہے، جو کہ پچھلے 2 برس میں 50 فیصد اضافہ ہے۔ جب مسلم لیگ ن اور اتحادی جماعتوں کی حکومت نے اقتدار سنبھالا تو ملک اندرونی طور پر ڈیفالٹ کر چکا تھا۔ پی ٹی آئی حکومت نے وزارت خزانہ کو ترقیاتی بجٹ کی قسط روکنے پر مجبور کیا تھا، جو ملکی تاریخ میں پہلی بار ہوا۔ پی ڈی ایم حکومت نے نہ صرف ڈوبتی معیشت کو سہارا دیا بلکہ سیلاب جیسی آفت کا بھی مؤثر انداز میں سامنا کیا۔
6
سینیٹر راجہ ناصر عباس 2014ء کے دھرنا کیس سے بری ، کیس کا فیصلہ جوڈیشل مجسٹریٹ مرید عباس نے سنایا، یہ فیصلہ بریت کی درخواست پر دلائل مکمل ہونے پر سنایا گیا۔انتظامیہ نے سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس اور دیگر کے خلاف دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر مقدمہ درج کیا تھا، علامہ راجہ ناصر عباس نے طاہر القادری کے ہمراہ پاکستان عوامی تحریک کے دھرنے میں شرکت کی تھی۔مقدمے میں پاکستان عوامی تحریک کے رہنما طاہر القادری تاحال اشتہاری ہیں۔
7
اڈیالہ جیل سے جوڈیشل کمپلیکس اسلام آباد لائے گئے ملزمان میں سے ایک غائب ہوگیاپولیس نے ملزم کی تلاش شروع کردی۔ اڈیالہ سے ملزمان کو پیشی کیلئے جوڈیشل کمپلیکس لایا گیا تھا، جوڈیشل کمپلیکس بخشی خانہ گنتی کے دوران ایک ملزم کم نکلا جس پر پولیس نے ملزم کی تلاش شروع کردی۔پولیس کو تاحال تصدیق نہ ہوسکی کہ ملزم جوڈیشل کمپلیکس اڈیالہ سے آتے ہوئے راستے میں فرار ہوا یا اڈیالہ جیل میں ہی رہ گیا، ملزم امان اللہ کے خلاف منشیات کا مقدمہ درج ہے۔