1
مصری حکام نے غزہ کی جانب عالمی مارچ سے قبل 200 سے زائد فلسطین حامی کارکنوں کو گرفتار کرلیا۔غیر ملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق مارچ کے منتظمین کا کہنا ہے کہ مصری حکام نے قاہرہ ائیرپورٹ پر 200 سے زائد کارکنوں کو حراست میں لیا یا ان سے تفتیش کی۔منتظمین کا بتانا ہے کہ زیر حراست افراد میں امریکا، آسٹریلیا، نیدرلینڈز، فرانس، اسپین، مراکش اور الجزائر کے شہری شامل ہیں۔مارچ کے منتظمین نے غیر ملکی خبررساں ایجنسی کو بتایا کہ سادہ لباس پولیس اہلکاروں نے قاہرہ کے مختلف ہوٹلوں پر چھاپے مارے اور مارچ کے لیے آنے والے افراد سے تفتیش کی، ان کے موبائل فونز ضبط کرلیے اور ان کے سامان کی تلاشی لی۔
2
ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے کہا ہےکہ وہ نہ کسی دباؤ کے آگے جھکیں گے اور نہ ہی ایٹمی تحقیقات بند کریں گے۔ نہ تو دباؤ کے آگے جھکیں گے اور نہ ہی ایٹمی تحقیقات بند کریں گے، کسی بھی طاقت کو ہمیں سائنسی تحقیقات سے روکنے کا حق حاصل نہیں۔ صنعت، طب اور زراعت وغیرہ کے لیے جوہری توانائی کے حصول کے لیے مغرب کی منظوری کا انتظار نہیں کریں گے، مغرب کوکس نے حق دیا کہ وہ ایرانی جوہری پروگرام رول بیک کرنےکامطالبہ کرے۔ایران کے صوبہ ایلام میں اجلاس سے خطاب
3
سرگودھا: والی بال میچ کے دوران ایک کھلاڑی کو قتل اور دوسرے کو زخمی کرنے والے مجرموں کو سزا سنادی گئی۔ایڈیشنل سیشن جج چوہدری انعام الٰہی نے مقدمے کا فیصلہ سناتے ہوئے 2 مجرموں کو مجموعی طور پر 94 سال قید 20 لاکھ روپے جرمانے کا حکم دیا۔ اس کے علاوہ عدالت نے شک کا فائدہ دے کر تیسرے ملزم کو رہا کرنے کا حکم دے دیا۔پولیس کے مطابق جرمانے کی رقم مقتول اور زخمی کھلاڑی کے اہلخانہ کو بطور معاوضہ ادا کی جائیگی۔
4
عالمی شہرت یافتہ پاکستانی باکسر عثمان وزیر نے باکسنگ رنگ میں جیت کے بعد انعامات کے اعلان سے متعلق انکشاف کیا ہے۔عثمان وزیر نے حال ہی میں ’جیو پوڈکاسٹ‘ میں شرکت کی جس میں انہوں نے میزبان مبشر ہاشمی سے اپنے کیرئیر اور نجی زندگی کے بارے میں بات چیت کی۔دوران گفتگو انہوں نے کہا کہ باکسنگ دنیا کا سب سے مشکل ترین اسپورٹس ہے، یہ کھیل لوگ زیادہ دیر کھیل نہیں پاتے، باکسنگ کے لیے آپ کو بہت کچھ چھوڑنا پڑتا ہے حتیٰ کہ آپ ابلا ہوا کھانا کھا کھا کر غذاؤں کا ذائقہ ہی بھول جاتے ہیں۔
5
محکمہ موسمیات کے مطابق صحرائے چولستان میں شدید گرمی ریکارڈ کی جارہی ہے جہاں بیشتر علاقوں میں درجہ حرارت 48 ڈگری کو چھو رہا ہے۔اس کے علاوہ لاہور میں درجہ حرارت 44 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا اور گرمی کی شدت 47 ڈگری سینٹی گریڈ تک محسوس کی جارہی ہے۔وادی کوئٹہ میں درجہ حرارت 31 ڈگری سینٹی گریڈ، گوادر میں 31، لورالائی میں 36، خضدار میں 38، تربت میں 42 اور سبی میں 46 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا۔مقامی افراد کا کہنا ہے کہ صحرائے چولستان میں پانی کے ذخائر خشک ہوگئے جس کے باعث مویشیوں کیلئے شدید پریشانی پیدا ہوگئی ہے جب کہ شدید گرمی سے صحرائی علاقوں میں مال مویشیوں کی اموات ہو رہی ہیں۔