1
ایران میں اسرائیلی حملوں کے بعد اعلیٰ عسکری قیادت میں اہم تبدیلیاں سامنے آئی ہیں۔ سپریم لیڈر آیت اللہ سید علی خامنہ ای نے میجر جنرل عبدالرحیم موسوی کو ایرانی مسلح افواج کا نیا چیف آف اسٹاف مقرر کر دیا ہے۔ایرانی خبر رساں ایجنسی "مہر نیوز” کے مطابق، موسوی اس سے قبل ایرانی فوج کے کمانڈر کے طور پر خدمات انجام دے چکے ہیں اور انہیں ملکی سلامتی کی نازک صورتحال میں یہ ذمہ داری سونپی گئی ہے۔اسی حکم نامے کے تحت بریگیڈیئر جنرل محمد پاکپور کو پاسداران انقلاب کا نیا کمانڈر مقرر کر دیا گیا ہے۔ وہ اس سے قبل پاسدارانِ انقلاب کی زمینی فورسز کے کمانڈر تھے۔میجر جنرل غلام علی راشد کی شہادت کے بعد، بریگیڈیئر جنرل علی شادمانی کو میجر جنرل کے عہدے پر ترقی دے کر انہیں خاتمالانبیاﷺ سینٹرل ہیڈکوارٹرز کا نیا کمانڈر تعینات کیا گیا ہے۔
2
اسلام آباد ہائیکورٹ نے امریکا میں قید ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی اور وطن واپسی سے متعلق کیس میں ایڈیشنل اٹارنی جنرل سے سوالات کے جوابات طلب کر لیے۔اسلام آباد ہائی کورٹ میں جسٹس سردار اعجاز اسحاق خان نے کیس کی سماعت کی، ڈاکٹر فوزیہ صدیقی کے وکیل عمران شفیق عدالت میں پیش ہوئے۔ عدالت نے سوال کیا کہ کیا حکومتِ پاکستان امریکی عدالت میں عافیہ صدیقی کی رہائی سے متعلق عدالتی معاونت کا جواب جمع کروائے گی؟۔عدالت نے سوال کیا کہ حکومت عافیہ صدیقی کی اپنی رہائی کے لیے دائر کردہ درخواست میں بطور معاون عدالتی بیان جمع کرانے کے لیے تیار ہے تاکہ انہیں انسانی بنیادوں پر رہا کیا جا سکے؟۔ڈاکٹر فوزیہ صدیقی کے وکیل عمران شفیق ایڈووکیٹ نے عدالت سے استدعا کی کہ حکومت کو ہدایت دی جائے کہ وہ امریکہ میں عدالتی معاونت پر رضا مندی ظاہر کرے، اس جواب میں حکومت نے عافیہ صدیقی کی دائر درخواست کے مندرجات کی حمایت یا تصدیق نہیں کرنی۔ وکیل عمران شفیق نے کہا کہ حکومت پاکستان سے محض اتنا مطالبہ ہے کہ وہ عافیہ صدیقی کی درخواست کے مندرجات سے قطع نظر محض مختصر سی استدعا کرے کہ عافیہ صدیقی کو انسانی بنیادوں پر رہا کیا جائے۔
3
پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں آج شدید مندی دیکھی جا رہی ہے، اس دوران انڈیکس 3 نفسیاتی حدیں کھو بیٹھا ہے۔کاروباری ہفتے کے آخری دن بازارِ حصص میں 2241 پوائنٹس کی مندی کے ساتھ شروع ہوا، جس کے نتیجے میں کے ایس ای 100 انڈیکس 3 نفسیاتی حدیں کھو کر ایک لاکھ 21 ہزار 851 پوائنٹس کی سطح پر آ گیا۔
4
ایران پر اسرائیلی جارحیت: پی آئی اے نے فلائٹ پلان تبدیل کردیاترجمان پی آئی اے کے مطابق گلف جانے والی پروازیں اومان کی فضائی حدود استعمال کررہی ہیں، سعودی عرب، بحرین اور یو اے ای کی پروازیں مسقط فلائٹ انفارمیشن ریجن سے ہوتی ہوئی جارہی ہیں، ٹورنٹو اور پیرس جانے والی پروازیں اومان کی فضائی حدود استعمال کررہی ہیں۔پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی کے حکام کا کہنا ہے کہ خطے میں سیکیورٹی صورتحال کے باوجود پاکستان کی فضائی حدود مؤثر طور پر استعمال ہو رہی ہے، اضافی فضائی ٹریفک کو معمول کے مطابق پیشہ ورانہ انداز میں سنبھالا جا رہا ہے۔
5
26 نومبر احتجاج کیس: عدالت نے غیر حاضر پی ٹی آئی کارکنان کے وارنٹ گرفتاری جاری کردیے۔انسداددہشت گردی کے جج طاہر عباس سپرا نے کیسز پر سماعت کی، عدالت نے غیر حاضر ملزمان کے وارنٹ گرفتاری جاری کردیے۔پی ٹی آئی رہنما شاندانہ گلزار ورکرز سے اظہارِ یکجہتی کیلئے عدالت میں پیش ہوئیں، سردار محمد مصروف خان ایڈووکیٹ اور عائشہ خالد ایڈووکیٹ ورکرز کی جانب سے عدالت میں پیش ہوئے۔تھانہ آبپارہ کے مقدمہ کی سماعت 15 جولائی جبکہ تھانہ سنگجانی کے مقدمہ میں کیس کی سماعت 14 جولائی تک ملتوی کردی گئی۔
6
خیبر پختونخوا اسمبلی کا بجٹ اجلاس بلانے پر تنازع پیدا ہوگیا، حکومت اور گورنر آمنے سامنے آگئے۔گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی کی جانب سے آج (جمعہ کو) بجٹ اجلاس کے لیے سمری اسمبلی سیکرٹریٹ نہ پہنچ سکی، گورنر کی جانب سے سمری وصول نہ ہونے پر حکومتی ارکان نے ریکوزیشن جمع کرانے کا فیصلہ کرلیا، حکومت کی جانب سے بجٹ آج سہ پہر تین بجے پیش کیا جائے گا۔ اجلاس کے لیے سمری وصول ہوئی ہے اجلاس کب بلانا ہے تاریخ دینا میری ذمہ داری ہے، ضروری نہیں ہے کہ حکومت کی دی گئی تاریخ پر اسمبلی اجلاس بلایا جائے۔ تمام آئینی و قانونی تقاضوں کو پورا کرنے کے بعد سمری پر دستخط کروں گا، کسی کا پابند نہیں کہ ہر صورت سمری پر دستخط آج کروں، وزیر اعلیٰ یا کسی اور کی دھمکیوں اور دباؤ میں آکر کبھی سمری پر دستخط نہیں کرونگا۔
7
ڈونلڈ ٹرمپ کا اعلان: ایران نے حملہ کیا تو امریکا، اسرائیل کا دفاع کرے گافاکس نیوز کو دیے گئے انٹرویو میں ٹرمپ نے کہا کہ انہیں اسرائیلی حملے کی پیشگی اطلاع تھی، اور ان کی انتظامیہ نے مشرق وسطیٰ کے ایک اہم اتحادی ملک کو بھی اس بارے میں آگاہ کیا تھا۔ٹرمپ نے کہا: ایران کے پاس ایٹم بم نہیں ہونا چاہیے، ہم چاہتے ہیں کہ وہ دوبارہ مذاکرات کی میز پر واپس آئے۔اگر ایران نے کسی بھی قسم کی جوابی کارروائی کی تو امریکا، اسرائیل کا دفاع کرنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہے۔صدر ٹرمپ نے واضح کیا کہ امریکا اس حملے کا حصہ نہیں تھا، البتہ اسرائیل کی سلامتی امریکا کے لیے اہم ہے۔
8
اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے ایک قرارداد منظور کرتے ہوئے غزہ میں فوری، غیر مشروط اور مستقل جنگ بندی کا مطالبہ کیا ہے، جس میں انسانی امداد تک رسائی کو بھی یقینی بنانے کی اپیل کی گئی ہے۔ اس سے قبل امریکا نے گزشتہ ہفتے سلامتی کونسل میں اسی نوعیت کی قرارداد کو ویٹو کر دیا تھا۔193 رکنی جنرل اسمبلی میں پیش کی گئی اس قرارداد کے حق میں پاکستان سمیت 149 ممالک نے ووٹ دیے، جب کہ 19 ممالک نے رائے شماری میں حصہ نہیں لیا۔ امریکہ، اسرائیل اور 10 دیگر ممالک نے قرارداد کی مخالفت میں ووٹ دیا۔قرارداد میں زور دیا گیا ہے کہ شہریوں کو بھوکا رکھنا جنگی حربے کے طور پر قابل مذمت ہے اور انسانی امداد تک غیر قانونی رکاوٹیں، یا شہریوں کو بقا کے لیے لازمی اشیاء سے محروم رکھنا ناقابل قبول ہے۔اس میں حماس کی جانب سے یرغمال بنائے گئے افراد کی فوری رہائی، اسرائیل میں قید فلسطینی قیدیوں کی واپسی اور غزہ سے اسرائیلی افواج کے مکمل انخلا کا مطالبہ بھی شامل ہے۔