1
ایران کے پاس وقت کم، جلد معاہدہ نہ کیا تو کچھ نہیں بچے گا: ٹرمپ کی دھمکی،غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق، ٹرمپ نے ایران پر مزید بڑے حملوں کا عندیہ دیتے ہوئے کہا کہ اب وقت ختم ہو رہا ہے، ایران کو پہلے بھی معاہدہ کرنے کا موقع دیا گیا تھا، مذاکرات قریب تک پہنچے مگر حتمی معاہدہ نہ ہوسکا۔ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ایران کے کچھ سخت گیر عہدیداروں نے بہادری سے بات کی لیکن وہ نہیں جانتے تھے کہ ان کے ساتھ کیا ہونے والا ہے۔ اب وہ تمام سخت گیر عناصر مارے جا چکے ہیں، اور آئندہ مزید خطرناک کارروائیاں متوقع ہیں۔امریکی صدر نے مزید دعویٰ کیا کہ امریکا دنیا میں سب سے مہلک ہتھیار بناتا ہے اور اسرائیل ان ہتھیاروں کا ماہر صارف ہے۔
2
محمد پاکپور پاسداران انقلاب اور عبدالرحیم موسوی مسلح افواج کے سربراہ مقرر،الگ الگ فرمانوں میں خامنہ ای نے حسین سلامی کی جگہ محمد پاکپور کو اسلامی انقلابی گارڈ کور کے کمانڈر کے طور پر اور عبدالرحیم موسوی کو محمد باقری کی جگہ مسلح افواج کے جنرل سٹاف کا سربراہ مقرر کیا۔ اسرائیل نے جمعہ کی صبح ایران کے دارالحکومت پر حملہ کیا جس میں ملک کے جوہری پروگرام کو نشانہ بنایا گیا اور کم از کم دو اعلیٰ فوجی افسران کو ہلاک کر دیا گیا۔یہ حملے ایران کے تیزی سے آگے بڑھنے والے جوہری پروگرام پر بڑھتے ہوئے تناؤ کے درمیان ہوئے ہیں اور یہ یقینی طور پر انتقامی کارروائی کا باعث بن رہے ہیں، سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای نے خبردار کیا ہے کہ اسرائیل کو "سخت سزا” دی جائے گی۔
3
سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈرعلی خورشیدی نے کہا ہے کہ بجٹ میں ہماری گزارشات نظر انداز کی گئیں۔سندھ کا بجٹ کسی صورت قبول نہیں، وزیرخزانہ نےکہا تھا اپوزیشن کی تجاویزشامل کریں گے۔سندھ پر17سالوں سےپیپلزپارٹی کی حکومت ہے، بجٹ میں اہم شہروں کےنمائندوں کی گزارشات کو نظرانداز کیا گیا، آج حکومت کا آمرانہ رویہ تھا، ایم کیو ایم اس رویے کی مذمت کرتی ہیں، ہم تو سمجھتے تھے سندھ کے حکمران عوام کو ریلیف دیں گے ، بجٹ میں عوام کو کچھ نہیں دیا، جعلی اعدادی اکثریت سے بجٹ پیش کیا گیا۔ پری بجٹ میں بات ہوئی تھی کہ اراکین کی گزارشات کو بجٹ میں شامل کریں گے، ایوان میں وزیر خزانہ نے جھوٹ بولا، ان کی نیت میں کھوٹ موجود ہے، عوام نے مینڈیٹ دے کر ایم کیو ایم کو اسمبلی میں بھیجا ہے۔سندھ اسمبلی میں بجٹ پیش کرنے کے بعد علی خورشیدی کی میڈیا سے گفتگو
4
سینیٹ کمیٹی کے اجلاس میں سرکاری ملازمت کی ریٹائرمنٹ کی عمر بڑھانے کی تجویز،سلیم مانڈوی والا کی زیرصدارت سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کا اجلاس ہوا، اجلاس میں ارکان سینٹ نے سرکاری ملازمت کی ریٹائرمنٹ کی عمر بڑھانے کی تجویز دیتے ہوئے کہا کہ اسے 62سال کی جائے۔کمیٹی رکن فاروق ایچ نائیک نے کہا کہ ریٹائرمنٹ کی عمر 65سال ہونی چاہیے جبکہ انوشہ رحمان نے تجویز دی کہ اس اقدام سے پنشن کا بوجھ کم ہوگا، سلیم مانڈوی والا نے کہا کہ ارکان کمیٹی کی تجویز میں ذاتی طور پر ریٹائرمنٹ کی عمر بڑھانے کا حامی ہوں، وزیر خزانہ اورحکومت اس تجویز پر غور کرے گی۔وزیر خزانہ محمداورنگزیب کا کہنا تھا کہ ریٹائرمنٹ عمر 62 سال کرنے سے مالی فائدے نہیں ہوں گے،دفاعی بجٹ 2550 ارب میں سے 800 ارب روپے تنخواہیں ہیں، سرکاری امور چلانے کیلئے 970 ارب میں سے 580 ارب تنخواہیں ہیں۔سینیٹر فیصل واوڈا نے سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کو بجٹ پر بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ خدارا ایف بی آر کو گرفتاری کا اختیار نہ دیں، ایف بی آر کو گرفتاری کا اختیار دیا تو سرمایہ کار بھاگ جائیں گے،ایف بی آر کو دیا گیا اختیار ڈرانے اور دھمکانے کیلئے استعمال ہو گا۔
5
26 نومبر احتجاج کیس: غیر حاضر پی ٹی آئی کارکنان کے وارنٹ گرفتاری جاری،انسداد دہشت گردی کے جج طاہر عباس سپرا نے کیسز پر سماعت کی، پی ٹی آئی رہنما شاندانہ گلزار ورکرز سے اظہارِ یکجہتی کیلئے عدالت میں پیش ہوئیں، سردار محمد مصروف خان ایڈووکیٹ اور عائشہ خالد ایڈووکیٹ ورکرز کی جانب سے عدالت میں پیش ہوئے۔بعدازاں عدالت نے غیر حاضر ملزمان کے وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے، تھانہ آبپارہ کے مقدمہ کی سماعت 15 جولائی جبکہ تھانہ سنگجانی کے مقدمہ میں کیس کی سماعت 14 جولائی تک ملتوی کی گئی ہے۔
6
بانی پی ٹی آئی عمران خان کی بہنوں کی درخواست ضمانت منظور ہو گئی تاہم عدالت نے بار بار ضمانتوں پر برہمی کا اظہار کیا ہے۔انسداد دہشت گردی عدالت کے جج ارشد جاوید کے روبرو 5 اکتوبر کے جلاؤ گھیراؤ کے 2 مقدمات کی سماعت ہوئی جس میں عدالت نے علیمہ خان اور عظمیٰ خان کی عبوری ضمانت کنفرم کر دی۔دوران سماعت عدالت نے ریمارکس دیئے کہ آپ جان بوجھ کر بیل لمبی کر رہے ہیں، آپ جان بوجھ کر عدالت میں پیش نہیں ہوتے، کورٹ میں آنا پسند نہیں کر رہیں تو پولیس کے پاس کیسے جائیں گی؟عدالت نے کہا کہ شاہ محمود قریشی کی ضمانت میں بھی آپ نے یہی کیا، 8 ماہ بیل چلائی اور عدم پیروی پر خارج کر دی
7
حزب اللّٰہ کا ایران اسرائیل جنگ سے دور رہنے کا اعلان،ایران پر اسرائیلی حملوں کے بعد حزب اللّٰہ کے ایک اعلیٰ عہدیدار نے واضح کیا کہ حزب اللّٰہ ایران پر حملوں کے ردعمل میں اسرائیل پر خود سے کوئی حملہ نہیں کرے گی۔خبر رساں ادارے رائٹرز سے بات کرتے ہوئے عہدیدار نے کہا کہ حزب اللّٰہ اسرائیل پر حملے کی ابتداء نہیں کرے گی، تاہم گروپ نے ایک عوامی بیان میں اسرائیلی حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے ایران سے مکمل یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔حزب اللّٰہ نے اسرائیل کی جانب سے ایرانی جوہری تنصیبات اور سائنسدانوں پر حملوں کو سفاکانہ جارحیت قرار دیا اور کہا کہ اسرائیل خطے کو آگ لگانے والے خطرناک اقدامات کر رہا ہے۔