لاہور(ای پی آئی ) الیکشن ٹربیونل لاہور ہائیکورٹ نے حلقہ پی پی 145 سے مسلم لیگ (ن)کے امیدوار سمیع اللہ خان کے خلاف انتخابی نتائج کو چیلنج کرنے کی درخواست خارج کر نے کا تحریری فیصلہ جاری کر دیا ۔

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما یاسر گیلانی کی جانب سے الیکشن ٹربیونل میں کامیابی کے خلاف دائر کی گئی درخواست پر الیکشن ٹریبونل کے جج جسٹس سلطان تنویر احمد نے آٹھ صفحات پر مشتمل تحریری فیصلہ جاری کیا۔

عدالتی فیصلے کے مطابق درخواست کو قانونی تقاضے پورے نہ کرنے کی بنیاد پر مسترد کر دیا گیا۔فیصلے کے مطابق درخواست اوتھ کمشنر سے تصدیق شدہ نہیں تھی، اسے الیکشن ایکٹ 2017 کے سیکشن 4 کے تحت دائر نہیں کیا گیا، درخواست دائر کرتے وقت سیکشن 142 اور 143 پر بھی عمل نہیں کیا گیا۔

عدالت نے سپریم کورٹ کے اس نوعیت کے کئی فیصلوں کا حوالہ دیتے ہوئے قرار دیا کہ یہ درخواست تکنیکی بنیادوں پر قابلِ سماعت نہیں۔درخواست گزار کی جانب سے یہ موقف اختیار کیا گیا تھا کہ پی پی 145 کے 17 پولنگ سٹیشنز کے نتائج کو فارم 45 کے مطابق درست کیا جائے، یاسر گیلانی نے ان پولنگ سٹیشنز کے فارم 45 کو غیر قانونی قرار دینے کی استدعا کی تھی۔

تاہم عدالت نے ان تمام نکات پر غور کے بعد قرار دیا کہ چونکہ درخواست قانونی دائرہ کار کے مطابق داخل نہیں کی گئی اس لیے اسے الیکشن ایکٹ کے سیکشن 145 کے تحت خارج کیا جاتا ہے۔