لاہور (ای پی آئی )لاہور ہائیکورٹ میں پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان کے خلاف 9 مئی کے واقعات سے متعلق درج 8 مقدمات میں ضمانت کی درخواستوں پر سماعت ۔ عدالت نے وکلاء کے دلائل مکمل ہونے پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔
9 مئی کے مقدمات میں بانی پی ٹی آئی کی جانب سے ضمانت کی درخواستوں پر لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شہباز رضوی کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے سماعت کی، دوران سماعت وکلاء کےدلائل مکمل ہونے کے بعد عدالت نے کیس کا فیصلہ محفوظ کر لیا۔
واضح رہے کہ 9 مئی 2023 کو مختلف شہروں میں احتجاج اور جلاؤ گھیراؤ کے واقعات کے بعد بانی پی ٹی آئی کے خلاف کئی مقدمات درج کیے گئے تھے، جن میں سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے، اشتعال انگیزی اور امن و امان کی صورتحال بگاڑنے جیسے الزامات شامل ہیں۔