1
خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کا پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان کی بہن علیمہ خان کے بیان پر ردعمل ،گزشتہ روز اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو میں صحافی نے سوال کیا کہ کیا مائنس عمران خان ہوچکا ہے؟ اس پر انہوں نے کہا تھاکہ میرا خیال ہے مائنس عمران خان ہی ہوگیا ہے۔صحافی نے ایک اور سوال کیا کہ کے پی کے ارکان اسمبلی کہتے ہیں کہ علی امین گنڈاپور بہت طاقتور ہیں ہم اس کو ناں نہیں کہہ سکتے؟ اس پر علیمہ خان کا کہنا تھاکہ بوجھ نہیں اٹھا سکتے تو گھر جائیں۔تاہم اب ردعمل دیتے ہوئے علی امین گنڈاپور کا کہنا تھاکہ بانی پی ٹی آئی کو کوئی مائنس نہیں کرسکتا، مائنس کی بات ان کی بہن نے کی، انہی سے پوچھا جائے۔
2
جو نواز شریف کو مائنس کرنے آیا تھا وہ خود گھر اور پارٹی سے مائنس ہوگیا ہے۔صوبائی وزیراطلاعات عظمیٰ بخاری نے علیمہ خان کےبیان کے بعد بانی پی ٹی آئی پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کو ان کی بہن اور پارٹی نے ہی مائنس کردیا ہے۔ علیمہ خان مسلسل علی امین گنڈاپور کےخلاف سازش کر رہی ہیں، اپنے خلاف سازش کا آج علی امین گنڈاپور نے بھی برملا اظہار کیا ہے۔
3
کراچی سمیت سندھ بھر میں 9،10 محرم کو موٹرسائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی عائد،پابندی سے متعلق محکمہ داخلہ سندھ نے نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔محکمہ داخلہ سندھ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق 9 اور 10 محرم الحرام کو صوبے میں موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی ہوگی۔ نوٹیفکیشن کے مطابق 12سال سے کم عمر بچے، ضعیف افراد اور صحافی پابندی سے مستثنٰی ہوں گے۔پاکستان کے قومی خلائی ادارے سپارکو کے مطابق محرم الحرام کا چاند 26 جون بروز جمعرات کو نظر آنے کا امکان ہے اور یکم محرم 1447 ہجری 27 جون کو متوقع ہے۔
4
خیبر پختونخوا پولیس نے جدید اینٹی ڈرون ٹیکنالوجی حاصل کرلی۔ذرائع کے مطابق خیبر پختونخوا پولیس اینٹی ڈرون سسٹم کے ذریعے میلوں دور دہشتگردوں کے ڈرونز کونشانہ بناکر گرا سکےگی۔اینٹی ڈرون سسٹم کو اہم سرکاری تقاریب، شخصیات اورعمارتوں کی حفاظت کیلئے بھی استعمال کیا جائےگا۔دہشتگردوں نے شمالی وزیرستان اورجنوبی اضلاع میں دہشتگردی کیلئے ڈرونز استعمال کیے ہیں جبکہ پاک بھارت کشیدگی کے دوران بھی بھارت نے پاکستان پرحملوں میں ڈرونز استعمال کیے تھے۔ اس حوالے سے انسپکٹرجنرل آف پولیس خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید نے جیونیوز سےبات چیت میں بتایا کہ ہم مزید جدید ٹیکنالوجی حاصل کرنے پر کام کر رہے ہیں اورپولیس کو جدید اسلحہ اور سازوسامان سے لیس کر رہے ہیں۔اینٹی ڈرون سسٹم کو محرم کےجلوسوں میں سکیورٹی کیلئے بھی استعمال کیا جائے گا۔
5
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بدھ کے روز امید ظاہر کی کہ اسرائیل اور حماس کے درمیان تقریباً دو سال سے جاری جنگ جلد اختتام کو پہنچ سکتی ہے۔نیدرلینڈز میں نیٹو سمٹ سے قبل صحافیوں سے بات کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ غزہ کے حوالے سے نمایاں پیش رفت ہو رہی ہے۔ امریکی صدر نے کہا کہ ان کے خصوصی ایلچی اسٹیو وٹکوف نے انہیں بتایا ہے جنگ بندی معاہدہ ممکنہ طور پر طے پانے کے قریب ہے۔مجھے لگتا ہے کہ غزہ کے حوالے سے بہت اچھی خبریں آنے والی ہیں‘، جس کی وجہ اسرائیل اور ایران کے درمیان ہونے والی جنگ بندی ہے۔حماس اور اسرائیل کے درمیان ثالث کا کردار ادا کرنے والے قطر نے منگل کے روز اعلان کیا کہ وہ ایک بار پھر مذاکرات کا آغاز کرے گا جس کا مقصد فریقین کو جنگ بندی پر آمادہ کرنا ہوگا۔
6
جنگ بندی کے دوسرے روز بھی پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کاروبار کا مثبت رجحان رہا۔پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں 100 انڈیکس 515 پوائنٹس اضافے سے ایک لاکھ 22 ہزار 761 پر بند ہوا۔ کاروباری دن میں ہنڈریڈ انڈیکس ایک ہزار 87 پوائنٹس کے بینڈ میں رہا جبکہ انڈیکس کی آج بلند ترین سطح ایک لاکھ 23 ہزار 256 رہی۔حصص بازار میں آج 74 کروڑ 97 لاکھ شیئرز کے سودے ہوئے جن کی مالیت 28 ارب روپے سے زائد رہی۔
7
پاکستان کے نور زمان اور ناصر اقبال ایشین ڈبلز اسکواش چیمپئن شپ کے فائنل میں پہنچ گئے۔ملائیشیا میں جاری ایشین ڈبلز اسکواش چیمپئن شپ کے سیمی فائنل میں نور زمان اور ناصر اقبال کی جوڑی نےملائشین جوڑی سیافک کمال اور ڈنکن لی کے خلاف پاکستانی پیئر نے سخت مقابلے میں دو، ایک سے فتح حاصل کی۔ایشن ڈبلز اسکواش چیمپین شپ کا فائنل پاکستان اور بھارت کے درمیان ہوگا۔ زمان اور ناصر اقبال بھارت کے ابھے سنگھ اور ویلاون سینتھلکمار سے مقابلہ کریں گے۔