1
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ بھارت خطے میں دہشت گردی کا سب سے بڑا سرپرست ہے، معرکہ حق میں ریاست کی تمام اکائیوں نے مثالی ہم آہنگی کا مظاہرہ کیا۔ ملک کی ترقی اور کامیابی کے لئے عوام، حکومت اور افواج کے درمیان مضبوط تعلق نا گزیر ہے، ریاست کی تمام اکائیوں کے درمیان ہم آہنگی کی اساس پاکستان کی انتظامیہ اور سول بیوروکریسی ہے، اس کی بھاری اور اہم ذمہ داری آپ پر عائد ہوتی ہے۔ معرکہ حق میں ریاست کی تمام اکائیوں نے مثالی ہم آہنگی کا مظاہرہ کیا، معرکہ حق میں پاکستان نے کشمیر لائن آف کنٹرول سے لے کر ساحل سمندر تک ہندوستان کی بلا جواز جارحیت کے خلاف بہترین جواب دیا۔52 ویں کامن ٹریننگ پروگرام کے افسران سے اہم خطاب،ان کا کہنا تھا کہ اللہ نے معرکہ حق میں ہماری مدد کی کیونکہ ہم حق پر تھے، افواج پاکستان دور حاضر کے جنگی تقاضوں کے مطابق اپنے آپ کو ہمہ وقت تیار رکھتی ہیں، ہم ہندوستان کو واضح پیغام دیتے ہیں، پاکستان نے نہ پہلے ہندوستان کی اجارہ داری قبول کی اور نہ کبھی کرے گا۔
2
اسرائیلی فوج نے مقبوضہ مغربی کنارے کے علاقے مسافر یطا میں 13 فلسطینی بستیوں میں تمام عمارتیں مسمار کرنے کا اعلان کر دیا۔اقوام متحدہ نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ اگر یہ منصوبہ عملی طور پر نافذ کیا گیا تو 500 بچوں سمیت کم از کم 1,200 افراد کو ان کے گھروں سے جبری بے دخل کر دیا جائے گا۔ادارے کے مطابق 13 سے 23 جون کے دوران اسرائیلی فوج نے 240 فلسطینی گھروں پر عارضی قبضہ کر کے انہیں فوجی اڈوں اور تفتیشی مراکز میں تبدیل کر دیا، ان گھروں کے مکینوں کو زبردستی بے دخل یا گرفتار کیا گیا۔اقوام متحدہ کے ذیلی ادارے نے بتایا کہ طولکرم اور نور شمس مہاجر کیمپ میں اس ماہ کے دوران تقریباً 100 عمارتیں جن میں زیادہ تر گھر شامل تھے، مسمار کر دی گئیں۔مقبوضہ بیت المقدس میں 320 فلسطینی باشندے تین مختلف کمیونٹیوں سے نکالے جانے اور گھروں کی مسماری کے خطرے کا سامنا کر رہے ہیں۔اقوام متحدہ نے شدید تشویش کا اظہار کیا ہے کہ اسرائیلی اقدامات بین الاقوامی انسانی قوانین، خصوصاً چوتھے جنیوا کنونشن کی خلاف ورزی کرتے ہیں، جس کے تحت مقبوضہ علاقوں میں جبری منتقلی ممنوع ہے۔
3
کراچی سے جدہ جانے والی سعودی ایئر کے طیارے نے کراچی ایئرپورٹ پر ٹیکنیکل ہنگامی لینڈنگ کی۔ذرائع کے مطابق طیارے کے ٹیک آف کے چند منٹ بعد ہی کپتان کو طیارے میں تکنیکی خرابی محسوس ہوئی، جس پر سعودی ایئر کی پرواز کے کپتان نے کراچی ایئر ٹریفک کنٹرول رابطہ کر کے ہنگامی لینڈنگ کی اجازت طلب کی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ سعودی ایئر کا طیارہ کراچی سے جدہ واپس جا رہا تھا جس میں 200 سے زائد مسافر سوار ہیں۔سعودی ایئر کے طیارے میں اچانک انجن میں آگ کی وارننگ آئی اور اس وجہ سے سعودی ایئر کے طیارے نے ہنگامی لینڈنگ کی طیارے میں ہنگامی لینڈنگ کے باعث اے ٹی سی نے فوری طور رن وے 25 ایل کو خالی کروا کر سعودی ایئر کے طیارے کو لینڈ کروایا۔
4
عمران خان کی کوہستان سکینڈل پر خیبرپختونخوا حکومت کو وضاحت دینے کی ہدایت،ذرائع کے مطابق بانی پی ٹی آئی عمران خان نے کہا کہ کوہستان سیکنڈل کس وقت کا ہے، سکینڈل سے ہماری حکومت کا غلط تاثر جا رہا ہے، وضاحت دی جائے کہ کرپشن کے اصل ذمے دار کون ہیں؟ عوام کے سامنے اصل حقائق لائے جائے۔بانی پی ٹی آئی نے بلین ٹری منصوبہ فعال کرنے اور کلائمیٹ چینج پر خصوصی توجہ دینے کی بھی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ کے پی حکومت صحت اور تعلیمی معیار بہتر بنانے پر کوئی سمجھوتہ نہ کرے۔
5
سموگ تدارک کیس: نیسپاک کے سربراہ ذاتی حیثیت میں عدالت طلب،لاہور ہائی کورٹ میں سموگ کے تدارک سے متعلق درخواست پر جسٹس شاہد کریم نے سماعت کی۔عدالت نے محکمہ ماحولیات سے ٹیموں کی تعیناتی کی رپورٹ طلب کرتے ہوئے فصلوں کی باقیات جلانے کے معاملے پر کم جرمانہ کرنے کی تحقیقات کا حکم دے دیا۔لاہور ہائی کورٹ نے اپنے ریمارکس میں کہا ہے کہ نیسپاک کو بھی اب اپ ڈیٹ اور جدید ہونا چاہیے، نیسپاک بڑے بڑے پراجیکٹ کرتا ہے اس کو چاہیے ماحولیات سے متعلق چیزوں کو دیکھے۔جوڈیشل کمیشن کے ممبر نے عدالت کو بتایا کہ ایگریکلچر کے محکمے نے خلاف ورزی پر 15 ہزار روپے جرمانہ کیا، موٹر وے پولیس اور ایگریکلچر محکمے کی رپورٹ میں تضاد ہے۔لاہور ہائی کورٹ نے اپنے ریمارکس میں مزید کہا کہ محکمہ ماحولیات اچھا کام کر رہا ہے، ای پی اے کی ٹیموں کی تعیناتی نظر نہیں آتی وہ ٹیمیں کہاں ہیں؟عدالت نے استفسار کیا کہ سی پی ڈی بتائے وہ بڑے سائز کے درخت کتنے اور کب لگوا رہا ہے؟ بعدازاں عدالت نے درخواستوں پر مزید کارروائی 2 جولائی تک ملتوی کر دی۔
6
عالمی ادارہ صحت غزہ میں 3 ماہ بعد طبی امداد پہنچانے میں کامیاب،عالمی ادارہ صحت کے مطابق 2 مارچ کے بعد یہ پہلا موقع ہے کہ امدادی سامان کی یہ کھیپ غزہ پہنچ سکی ہے، امدادی سامان کی اس کھیپ میں طبی سامان ہے، جو آنے والے دنوں میں ہسپتالوں کو دیا جائے گا۔ 2 مارچ سے اسرائیلی فوج نے غزہ میں ناکہ بندی کر رکھی ہے، تقریباً دو ماہ بعد اسرائیلی فوج نے غزہ کے فلسطینیوں تک خوراک پہنچانے کی اجازت دی لیکن اس کے علاوہ کسی بھی طرح کا امدادی سامان فلسطینیوں تک پہنچنے کی اسرائیلی فوج نے اجازت نہیں دی ہے۔عالمی ادارہ صحت کے سربراہ ٹیڈروس نے کہا ہے کہ 9 ٹرکوں پر 2000 یونٹ خون اور 1500 یونٹ پلازما موجود ہے جس کی تقسیم ترجیحی بنیادوں پر کی جائے گی۔ٹیڈروس نے مزید کہاہے کہ عالمی ادارہ صحت کے مزید چار ٹرک کرم شالوم راہداری پر ہیں جو غزہ کی طرف آرہے ہیں، طبی سامان کے یہ ٹرک سمندر میں ایک قطرہ کی مانند ہیں، غزہ کے فلسطینیوں کی جان بچانے کے لیے بڑے پیمانے پر امدادی سامان کی ضرورت ہے۔
7
سی سی ڈی نے گوجرہ کے نواحی علاقے میں کارروائی کرتے ہوئے شاہ گینگ کے مزید دو اشتہاری ملزمان کو پولیس مقابلے میں ہلاک کر دیا، شاہ گینگ کے خلاف آپریشن خفیہ اطلاع پر کیا گیا۔پولیس حکام کے مطابق سی سی ڈی ٹیم نے اشتہاریوں کی موجودگی پر چھاپہ مارا تو ملزمان نے پولیس پارٹی پر اندھا دھند فائرنگ کر دی جو تقریباً آدھے گھنٹے تک جاری رہی، فائرنگ کے تبادلے کے بعد جب سرچ آپریشن کیا گیا تو دو ملزمان زخمی حالت میں ملے۔ترجمان سی سی ڈی کے مطابق زخمی ملزمان کو ہسپتال منتقل کیا گیا تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے راستے میں دم توڑ گئے۔پولیس نے بتایا کہ ہلاک ہونے والے اشتہاریوں کی شناخت محمد وقاص اور انعام الحق عرف فوجی کے نام سے ہوئی ہے جن کا تعلق علاقے میں دہشت کی علامت سمجھے جانے والے شاہ گینگ سے تھا۔ترجمان سی سی ڈی کے مطابق پنجاب بھر میں مفرور اشتہاریوں کے خلاف آپریشن جاری ہے اور مفرور ملزمان کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ سی سی ڈی کے سامنے ہتھیار ڈال دیں بصورت دیگر کارروائی کا سلسلہ جاری رہے گا۔