1
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ پاک فوج علاقائی امن واستحکام کی ضامن ہے۔فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے 52 ویں کامن ٹریننگ پروگرام کے افسران سے آرمی آڈیٹوریم میں ملاقات کی، نشست میں پاک فوج کے زمانہ امن اور دیگر حوالوں سے امور پر بات چیت ہوئی۔فیلڈ مارشل نے قومی سکیورٹی سمیت داخلی وبیرونی چیلنجز پر اظہار خیال کیا، سول اور ملٹری قیادت کے درمیان بہتر ہم آہنگی کی ضرورت پر زور دیا، سید عاصم منیر نے خطے میں امن واستحکام کیلئے مسلح افواج کے متحرک کردار پر بھی روشنی ڈالی۔پاک فوج علاقائی امن واستحکام کی ضامن ہے، سول بیوروکریسی کا ریاستی نظم ونسق میں کلیدی کردار ہے، انہوں نے افسران کو تلقین کی کہ قوم کی خدمت کو اپنی اولین ترجیح بنائیں اور دیانت، پیشہ ورانہ مہارت اور حب الوطنی کے اعلیٰ معیار پر پورا اتریں۔
2
خیبرپختونخوا میں شدید بارشوں سے دریائے سوات بپھر گیا، سیلابی ریلے نے تباہی مچا دی، ایک ہی خاندان کے 15 افراد سمیت 78 افراد بہہ گئے، 9 افراد کی لاشیں نکال لی گئیں جبکہ 60 افراد کو بچا لیا گیا ہے، پاک فوج کے دستے بھی امدادی کارروائیوں کے لیے پہنچ گئے ہیں۔ سیلاب کے باعث اب تک 9 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں، 10 سیاحوں کی تلاش جاری ہے جبکہ اب تک 60 افراد کو بچا لیا گیا ہے۔ ڈسکہ سے تعلق رکھنے والے ایک ہی خاندان کے جو افراد ڈوب گئے ہیں، انہیں دریا پر جانے سے روکنے کی کوشش بھی کی گئی تھی، مالا کنڈ ڈویژن کے تمام دریاؤں میں نہانے پر پابندی عائد کرتے ہوئے دفعہ 144 نافذ کی گئی ہے جس کی خلاف ورزی پر 40 افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔کمشنر مالاکنڈ ڈویژن عابد وزیر کی میڈیا ٹاک
3
مخصوص نشستوں سے متعلق نظر ثانی کیس کا فیصلہ محفوظ، کچھ دیر میں سنایا جائیگااس سے قبل سپریم کورٹ میں مخصوص نشستوں کے نظرثانی کیس کی سماعت کے درمیان جسٹس جمال مندوخیل سمیت دیگر ججز اور وکیل حامد خان کے درمیان تلخ جملوں کا تبادلہ ہوا۔سپریم کورٹ میں مخصوص نشستوں کے نظر ثانی کیس کی سماعت کے دوران حامد خان نے کہا کہ مثالیں موجود ہیں آپ یہ سماعت نہیں کر سکتے، اس پر جسٹس مندوخیل نے کہا کہاں لکھا ہے کہ ہم کیس کی سماعت نہیں کر سکتے؟ سپریم کورٹ رولزمیں دکھائیں کیسے نہیں کرسکتے سماعت؟جسٹس مندوخیل نے کہا کہ اگر آپ نے دلائل دینے ہیں تو دیں ورنہ واپس کرسی پر بیٹھ جائیں، یہ سپریم کورٹ ہے، مذاق بنانے کی اجازت نہیں دیں گے، آپ اچھے وکیل ہیں مگر جو آپ نے کیا ہے یہ اچھے وکیل کارویہ نہیں ہے۔حامد خان نے جواب دیا آپ کو کوئی حق نہیں ایسی بات کہیں، آپ اتنی سختی کیسے کرسکتے ہیں؟ میں سپریم کورٹ کی عزت کرتا ہوں آپ میرے کنڈکٹ پر بات کیسے کرسکتے ہیں؟ جس پر جسٹس مندوخیل نے تنبیہ کی کہ ایسا نہیں کہ ہمیں سختی کرنا نہیں آتی۔اس موقع پر حامد خان نے جسٹس مندوخیل سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا آپ دوسروں کو بات نہیں کرنے دیتے، سن تو لیں، عزت سے بات کریں۔
4
ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے کہا ہے کہ سیاستدان آپس میں بات کریں فوج سیاسی جماعتوں سے بات کرنے میں دلچسپی نہیں رکھتی۔ترجمان پاک فوج نے برطانوی نشریاتی ادارے کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ ہم ہمیشہ اس معاملے پر بالکل واضح رہے ہیں، فوج کو برائے مہربانی سیاست میں ملوث نہ کیا جائے، ہم پاکستان کی ریاست سے بات کرتے ہیں جو کہ آئین پاکستان کے تحت سیاسی جماعتوں سے مل کر بنی ہے، جو بھی حکومت ہوتی ہے وہی اس وقت کی ریاست ہوتی ہے اور افواجِ پاکستان اس ریاست کے تحت کام کرتی ہیں۔یہاں یہ بات واضح کرتے چلیں کہ برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق یہ انٹرویو 18 مئی کو آئی ایس پی آر میں ریکارڈ کیا گیا تھا، ڈی جی آئی ایس پی آر نے انڈیا اور پاکستان کے درمیان حالیہ کشیدگی کے بعد بعض بین الاقوامی میڈیا ٹیموں کو انٹرویوز دیے تھے جن میں بی بی سی بھی شامل تھا۔ڈی جی آئی ایس پی آر سے سوال کیا گیا کہ کیا وجہ ہے کہ ملک میں جب کبھی سیاسی عدم استحکام پیدا ہو، فوجی قیادت کا ہی نام آتا ہے؟جس پر ان کا کہنا تھا کہ میرا خیال ہے کہ یہ سوال ان سیاستدانوں یا سیاسی قوتوں سے پوچھنا چاہیے جو اس کو متنازعہ بنانے کی کوشش کرتے ہیں یا اس معاملے کو ہی اصل مسئلہ بنا دیتے ہیں اور شاید یہ ان کی اپنی نااہلی یا اپنی کمزوریوں کی وجہ سے ہے جن کی طرف وہ توجہ نہیں دینا چاہتے ہیں، میں ان کے سیاسی مقاصد پر تبصرہ نہیں کروں گا۔
5
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا کہ جو کہتے تھے نواز شریف مائنس آج وہ خود مائنس ہوگئے، ان کو کسی نے مائنس نہیں کیا، ان کی ناقص کارکردگی نے مائنس کیا ہے۔ میری بہن علیمہ خان نے خود فرما دیا بانی مائنس ہو چکے ہیں، آج ہم نہیں کہہ رہے بانی کی بہنیں مائنس کی بات کر رہی ہیں۔جنوبی پنجاب کے نام پر کتنی حکومتیں بنائی اور گرائی گئیں، جنوبی پنجاب کے ساتھ جھوٹے وعدے کیے گیے، ہم نے اعلانات کے بجائے عملی اقدامات کیے، اپنے وعدے پورے کیے۔وزیر اعلیٰ پنجاب کے خطاب کے دوران اپوزیشن ارکان نے شور شرابا شروع کر دیا جس پر مریم نواز نے کہا کہ اپوزیشن کو لگے رہنے دیں، ان کے حق کو تسلیم کرتی ہوں۔مریم نواز نے کل (ہفتہ) سے صاف پانی منصوبہ شروع کرنے کا اعلان کر دیا، انہوں نے کہا کہ پینے کے صاف پانی کا سب سے بڑا منصوبہ جنوبی پنجاب سے شروع کرنے جا رہے ہیں۔ افواج پاکستان کو اور وزیراعظم شہباز شریف کو خراج تحسین پیش کرتی ہوں، میں ایران پر اسرائیلی حملے کی مذمت کرتی ہوں، پاکستان امن کے اصولوں پر چلنے والی پرامن ریاست ہے، پاکستان قوم ایران کے ساتھ کھڑے ہونے پر قابل ستائش ہے۔پنجاب اسمبلی میں اظہار خیال
6
اسحاق ڈار جولائی میں امریکا و چین سمیت 4 ممالک کے دورے کریں گے.سفارتی ذرائع کے مطابق نائب وزیراعظم اسحاق ڈار سب سے پہلے آذر بائیجان کا دورہ کریں گے، اسحاق ڈار جولائی میں ایس سی او وزرائے خارجہ ملاقات کے لیے چین جائیں گے۔ذرائع کے مطابق اسحاق ڈار یو این سیکیورٹی کمیٹی اجلاس کی صدارت کے لیے جولائی میں ہی امریکا کا دورہ بھی کریں گے۔سفارتی ذرائع کے مطابق نائب وزیر اعظم جولائی میں ہی ملائیشیا کا دورہ کریں گے۔
7
چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا آسٹریلیا کا دورہ کر رہے ہیں۔آئی ایس پی آر کے مطابق چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی نے دورہ کے دوران سالانہ دفاعی و سکیورٹی مذاکرات کے 14ویں اجلاس میں شرکت کی۔چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی کی آسٹریلیا کی اعلیٰ سول و عسکری قیادت سے ملاقاتیں بھی ہوئیں۔جنرل ساحر شمشاد مرزا کی ایڈمرل ڈیوڈ جانتھن، چیف آف ڈیفنس فورسز، اینڈریو شیئرر، ڈائریکٹر جنرل آفس آف نیشنل انٹیلی جنس، لیفٹیننٹ جنرل سائمن سٹیوارٹ، چیف آف آسٹ ریلین آرمی اور جیما ہیگنز، سفیر برائے انسدادِ دہشت گردی، محکمہ خارجہ و تجارت سے ملاقاتیں ہوئیں۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق ملاقاتوں کے دوران دونوں فریقین نے وسیع تر موضوعات پر تبادلہ خیال کیا۔
8
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے مردوں کے ٹی 20 انٹرنیشنل میچز کے لیے کھیل کے قوانین میں چند تبدیلیاں کر دیں جن میں پاور پلے سے متعلق ایک اہم ترمیم بھی شامل ہے۔کرک انفو کے مطابق نئے قانون کے تحت اگر کسی وجہ سے میچ کے اوورز کم ہو جائیں تو اب پاور پلے کا دورانیہ قریبی مکمل اوور کے بجائے قریبی گیند یعنی Nearest Ball کی بنیاد پر طے کیا جائے گا۔اس سے پہلے پاور پلے کا تعین قریبی اوور پر کیا جاتا تھا جو بعض اوقات غیر متوازن صورتحال پیدا کرتا تھا۔موجودہ قانون کے مطابق 20 اوورز کی اننگز میں ابتدائی 6 اوورز پاور پلے پر مشتمل ہوتے ہیں جہاں صرف دو فیلڈرز 30 یارڈ دائرے سے باہر کھڑے ہو سکتے ہیں۔جولائی 2025 سے نافذ العمل ہونے والے نئے اصول کے مطابق اگر کسی اننگز کو کم کر کے 8 اوورز کر دیا جائے تو پاور پلے 2.2 اوورز (یعنی 13 گیندوں) پر مشتمل ہو گا، اسی طرح اگر اننگز 9 اوورز کی ہو تو پاور پلے 2.4 اوورز (یعنی 14 گیندوں) کا ہو گا۔
9
اقتصادی رابطہ کمیٹی ( ای سی سی ) نے مختلف وزارتوں کیلئے ٹیکنیکل سپلیمنٹری گرانٹس کی منظوری دے دی۔وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی زیر صدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں مالی سال 2024-25 کیلئے مختلف وزارتوں کیلئے ٹیکنیکل سپلیمنٹری گرانٹس کی منظوری دی گئی۔اعلامیہ کے مطابق اقتصادی رابطہ کمیٹی نے وزارت دفاع کے لیے 15.839 ارب روپے کی ٹیکنیکل سپلیمنٹری گرانٹس منظور کی، اس کے علاوہ محکمہ آڈیٹر جنرل کی عمارات کے کرائے کیلئے 6.3 کروڑ روپے کی گرانٹس کی منظوری دی گئی۔ملکی قرض کی واپسی کیلئے 829.67 ارب روپے اور غیر ملکی قرض کیلئے 1774.20 ارب روپے کی گرانٹس منظور کی گئیں ، جبکہ وزارت خارجہ کو وفود کے اخراجات کیلئے 10 کروڑ روپے کی ٹیکنیکل سپلیمنٹری گرانٹس دی گئی۔اقتصادی رابطہ کمیٹی نے فرنٹیئر کور خیبر پختونخوا اور بلوچستان کیلئے 1.765 ارب روپے کی گرانٹس منظور کیں جبکہ اسلام آباد پولیس کی واجبات کی ادائیگی کیلئے 30 کروڑ روپے کی ٹیکنیکل سپلیمنٹری گرانٹس کی منظوری دی گئی۔
10
5 لاکھ ٹن چینی درآمد کرنے کی اصولی منظوری دے دی گئی۔نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کے زیر صدارت اشیائے خورو نوش اور چینی کی قیمتوں کا جائزہ اجلاس ہوا، اجلاس میں 5 لاکھ ٹن چینی کی درآمد کی اصولی منظوری دی گئی۔ترجمان کے مطابق کمیٹی نے چینی کے شعبے اہم پہلوؤں کا جائزہ لیا، اجلاس میں ملکی پیداوار، درآمدی ضروریات، سپلائی چین کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں وفاقی وزیر خوراک، وزیر اعظم کے معاون خصوصی طارق باجوہ بھی شریک ہوئے۔فوڈ سکیورٹی اینڈ انڈسٹریز کے سیکرٹریز اور دیگر سینئر سرکاری افسران نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔ترجمان کے مطابق نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے صارفین اور سپلائرز دونوں کے مفادات کے تحفظ کے لئے حکومت کے عزم کا اعادہ کیا۔
11
پاکستان سٹاک ایکسچینج میں ٹریڈنگ کا اختتام زبردست تیزی سے ہوا۔کے ایس ای 100 انڈیکس 2 ہزار 332 پوائنٹس بڑھ کر 1 لاکھ 24 ہزار 379 پوائنٹس کی حد پر بند ہوا جب کہ 100 انڈیکس دوران ٹریڈنگ 3 ہزار سے زائد پوائنٹس بڑھ کر 1لاکھ 25 ہزار کی حد عبور کرنے میں کامیاب رہا۔مجموعی طور پر سٹاک مارکیٹ میں 484کمپنیوں میں کاروبارہوا،334 کمپنیوں کےشیئرز بڑھے،116کمپنیوں کےشیئرز کم ہوئےاور 76 کروڑ 92 لاکھ مالیت شیئرز کا کاروباری حجم 37 ارب روپے سے زائد رہا ۔