1
سوات سانحہ: ابتدائی رپورٹ میں اہم انکشافات، ہوٹل مالکان کی غفلت اور انتظامیہ کی ناکامی بے نقاب،رپورٹ کے مطابق بارشوں اور گلیشئیر پھٹنے کے الرٹ پہلے سے جاری کیے جا چکے تھے لیکن اس کے باوجود کئی ہوٹل مالکان نے دریائے سوات کے اندر چارپائیاں اور کرسیاں لگا کر سیاحوں کو بیٹھنے کی سہولت فراہم کی جو سانحے کا بڑا سبب بنی۔ذرائع کے مطابق متاثرہ علاقوں میں دفعہ 144 نافذ تھی جس کے تحت ہوٹل مالکان کو دریا کے اندر کوئی ڈھانچہ بنانے سے منع کیا گیا تھا۔تاہم، کئی ہوٹل مالکان نے ان ہدایات کی کھلم کھلا خلاف ورزی کی۔رپورٹ میں انکشاف کیا گیا کہ پولیس اور ضلعی انتظامیہ نے اپنی ذمہ داریاں ادا کرنے میں غفلت برتی جس کے نتیجے میں یہ سنگین سانحہ پیش آیا۔
2
سانحہ سوات کے بعد افسران کی معطلی اور ہٹانے کا سلسلہ جاری ہے، ڈپٹی کمشنر شہزاد محبوب کوہٹاکر سلیم جان کو نیا ڈی سی سوات تعینات کردیاگیاہے ، گزشتہ روز تین انتظامی افسران اور ایک ریسکیو افسر کو معطل کیا گیا تھا۔محکمہ انتظامیہ کی جانب سے جاری نوٹی فکیشن میں کہا گیا کہ چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا نے عوامی مفاد میں ڈپٹی کمشنر محبوب شہزاد کو ان کے عہدے سے ہٹا دیا گیا، ان کی جگہ تقرری کے منتظر گریڈ اٹھارہ کے افسر سلیم جان کو نیا ڈپٹی کمشنر تعینات کیا گیا۔
3
نجم الحسن شنتو کا بنگلہ دیش ٹیسٹ ٹیم کی کپتانی سے دستبرداری کا اعلان،کرکٹ ویب سائٹ کے مطابق یہ فیصلہ سری لنکا کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ میں ایک اننگز اور 78 رنز سے شکست کے بعد سامنے آیا ہے۔رپورٹ میں بتایا گیا کہ نجم الحسن ون ڈے ٹیم کی کپتانی سے ہٹائے جانے کے بعد ٹیسٹ کپتانی میں دلچسپی کھو چکے تھے۔کپتانی چھوڑنے کے بعد اپنے بیان میں نجم الحسن نے کہا "میں ٹیسٹ فارمیٹ میں کپتانی جاری نہیں رکھنا چاہتا اور یہ فیصلہ ٹیم کے بہتر مستقبل کے لیے کیا گیا ہے۔
4
بلوم برگ نے اپنی رپورٹ میں پاکستان کی معیشت کو عالمی سطح پر ابھرتی ہوئی معشتوں میں سرفہرست قرار دیدیا ہے اور کہاہے کہ پاکستان کے ڈیفالٹ ہونے کے خدشے میں واضح کمی ہوئی ہے ۔بلوم برگ کی رپورٹ کے مطابق پاکستان کے ڈیفالٹ رسک میں گزشتہ 12 ماہ میں بڑی کمی ریکارڈ کی گئی ہے ، ڈیفالٹ ہونے کا امکان 59 فیصد سے کم ہو کر 47 فیصد رہ گیا ہے ، ڈیفالٹ رسک میں نمایاں کمی سرمایہ کاروں کے بڑھتے ہوئے اعتماد کا مظہر ہے، معاشی استحکام اور اصلاحات اور عالمی مالیاتی اداروں کی جانب سے کریڈٹ آؤٹ لُک میں بہتری سے ڈیفالٹ رسک میں کمی ہوئی۔
5
آئی اے ای اے سربراہ کے ایران میں داخلے پر پابندی عائد،غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق ایران نے عالمی جوہری توانائی ایجنسی (آئی اے ای اے) کے سربراہ رافیل گروسی کے ملک میں داخلے پر پابندی عائد کردی۔میڈیا رپورٹس کے مطابق ایرانی ایٹمی تنصیبات سے عالمی ایٹمی توانائی ایجنسی کے کیمرے بھی ہٹا دیے گئے ہیں۔اسرائیل کی جانب سے 13 جون کو ایران پر حملوں کا آغاز کیا، جس میں 10 سے زائد ایٹمی سائنسدان، اعلیٰ فوجی افسران کو قتل کردیا گیا جبکہ فضائی حملوں میں سیکڑوں افراد شہید اور ہزاروں زخمی ہوئے۔ایران نے اسرائیل پر جوابی میزائل حملے کیے جس میں درجنوں صہیونی مارے گئے جبکہ ایک ہزار کے قریب زخمی ہوئے، تل ابیب سمیت مختلف شہروں میں درجنوں عمارتیں اور سرکاری و فوجی دفاتر تباہ ہوگئے۔
6
چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کا فواد چوہدری کو کرارا جواب، بے وقوف کہہ دیا۔سندھو دریا ہی دریائے سندھ ہے،وادی سندھ کی تہذیب پورے پاکستان کی ہے،لفظ انڈس دراصل سندھو کی لاطینی شکل ہے۔جوانگریزی میں یونانی نام انڈوس کے ذریعے آیا،یہ یونانی نام فارسی زبان میں سندھو کے تلفظ سے لیا گیا تھا۔
7
پنجاب اسمبلی میں توڑ پھوڑ: پی ٹی آئی ارکان پر 20 لاکھ روپے سے زائد جرمانہ عائد،نوٹیفکیشن کے مطابق 7 روز میں ادائیگی نہ کی گئی تو قانون کے مطابق ریکوری کروائی جائے گی۔پنجاب اسمبلی میں گزشتہ روز وزیراعلیٰ مریم نواز کی تقریر کے دوران پی ٹی آئی ارکان کی جانب سے توڑ پھوڑ اور ہلڑ بازی کی گئی۔پنجاب اسمبلی میں توڑپھوڑ پر اسپیکر ملک محمد احمد خان نے 10 ارکان پر جرمانہ عائد کردیا، دوران اجلاس مائیک توڑنے والے ارکان پر 20 لاکھ سے زائد جرمانہ عائد کردیا گیا۔نوٹیفکیشن کے مطابق اسپیکر نے سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے پر فی کس 2 لاکھ روپے سے زائد جرمانہ عائد کیا گیا، ادائیگی 7 روز میں نہ کرنے پر پنجاب گورنمنٹ ڈیو ریکوری آرڈیننس 1962ء کے تحت کارروائی ہوگی۔