1
نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ بھارت پاکستان پر اپنی مرضی مسلط نہیں کر سکتا، اپنی پالیسیوں پر نظرثانی کرے۔ پاکستان اپنی خودمختاری اورعلاقائی سالمیت کے تحفظ کیلئے پرعزم ہے، بھارت نے پہلگام فالز فلیگ کی آڑ میں پاکستان پر جارحیت مسلط کی، پاکستان نے بھارتی جارحیت کا فوری اور مؤثر جواب دیا۔بھارت سندھ طاس معاہدے کو یکطرفہ طور پر معطل نہیں کر سکتا، بھارت پانی کو بطور ہتھیار استعمال کرنا چاہتا ہے، سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی جنگی اقدام تصور ہوگا، پاکستان بھارت کو کبھی بھی 24 کروڑ عوام کو یرغمال بنانے کی اجازت نہیں دے گا، پاکستان پرامن بقائے باہمی کے اصول پر عمل پیرا ہے۔کشمیر عالمی سطح پر تسلیم شدہ مسئلہ ہے، مسئلہ کشمیر کا سلامتی کونسل کی قراردادوں اور عوامی امنگوں کے مطابق حل چاہتے ہیں، مسئلہ کشمیر کے حل کے بغیر خطے میں پائیدار امن ممکن نہیں۔اسلام آباد میں انسٹیٹیوٹ آف سٹریٹجک سٹڈیز کے 52 ویں یوم تاسیس پر تقریب سے خطاب
2
غریب عوام پر پٹرول بم گرانے کی تیاری، قیمتوں میں بڑے اضافے کا امکان،ذرائع کے مطابق پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں آئندہ 15 روز کے لیے 15 روپے فی لٹر تک اضافے کا امکان ہے، ڈیزل کی قیمت میں 15 روپے فی لٹر جبکہ پٹرول کی قیمت میں 11 روپے فی لٹر تک اضافہ متوقع ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اعلان آج رات کیا جائے گا، اس حوالے سے اوگرا آج سمری وزارت پٹرولیم کو بھجوائے گی جس کے بعد وزیر خزانہ وزیراعظم کی مشاورت سے نئی قیمتوں کا حتمی اعلان کریں گے۔
3
عافیہ صدیقی کیس: حکومت کا امریکی عدالت میں فریق بننے سے انکار، وجوہات طلب,جسٹس سردار اعجاز اسحاق خان نے ڈاکٹر فوزیہ صدیقی کی درخواست پر سماعت کی جہاں درخواست گزار کے وکیل عمران شفیق، ایڈیشنل اٹارنی جنرل اور دیگر حکام عدالت میں پیش ہوئے۔ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے عدالت کو آگاہ کیا کہ حکومت نے امریکا میں ڈاکٹر عافیہ صدیقی کیس میں عدالتی معاونت اور فریق بننے سے انکار کر دیا ہے جس پر عدالت نے استفسار کیا کہ "کس وجہ سے یہ فیصلہ کیا گیا”؟عدالت نے ریمارکس دیئے کہ جب حکومت یا اٹارنی جنرل کوئی فیصلہ کرتے ہیں تو اس کی وجوہات ہوتی ہیں، یہ آئینی عدالت ہے اور یہاں بغیر وجوہات کے کوئی فیصلہ قابل قبول نہیں۔عدالت نے ہدایت کی کہ آئندہ سماعت پر وجوہات سے متعلق عدالت کو آگاہ کیا جائے، اس کے ساتھ ہی عدالت نے کیس کی مزید سماعت جمعہ 4 جولائی تک ملتوی کر دی۔
4
پاکستان نے بھارتی جنگی طیارے مار گرائے تھے، بھارتی دفاعی اتاشی کا اعتراف،بھارت کے دفاعی اتاشی کیپٹن شیو کمار نے انڈونیشیا میں سیمینار میں پریزنٹیشن میں کہا اس بات سے اتفاق کرتا ہوں ہم نے کچھ طیارے کھوئے ہیں، تعداد بتانے سے گریز مگر طیارے گرانے کی نئی وجہ بتا دی۔انڈونیشیا میں تعینات انڈین ڈیفنس اتاشی بحریہ کے کیپٹن شیو کمار نے کہا کہ سیاسی قیادت نے ایئر فورس کو پاکستانی فوجی تنصیبات اور فضائی دفاعی نظام پر حملہ آور ہونے کی اجازت نہیں دی تھی، انہوں نے مزید کہا کہ ایئر فورس کو سیاسی قیادت کے احکامات کے باعث پاکستان کے ہاتھوں نقصان ہوا۔بھارت کی اپوزیشن جماعت کانگریس نے مودی حکومت کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے مطالبہ کیا تھا کہ قوم کو سچ بتایا جائے، اگر بھارت جیسے حساس دفاعی معاملے میں سچ چھپایا گیا تو یہ نہ صرف شفافیت کے خلاف ہے بلکہ قومی سلامتی پر بھی سوالات اٹھاتا ہے۔
5
ترکیہ کے صدر طیب اردوان نے خیبر پختونخوا میں دہشت گرد حملے کی مذمت کرتے ہوئے شہدا کے اہل خانہ اور حکومت پاکستان سے تعزیت کا اظہارکیا ہے۔ترک میڈیا کے مطابق صدر طیب اردوان نے حکومت پاکستان سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ترکیہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اپنے دیرینہ دوست پاکستان کے ساتھ کھڑا رہے گا۔انہوں نے پاکستانی بچوں پر اللہ کی رحمت کی دعا کی اور زخمیوں کے لیے شفا یابی کی خواہش ظاہر کی۔
6
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ نظامِ پارلیمان جمہوریت کا دل اور ریاست کی اصل طاقت ہے۔پارلیمان محض قانون ساز ادارہ نہیں یہ قوم کی سوچ، دانش اور مستقبل کی سمت طے کرنے والا معتبر ادارہ ہے،پنجاب اسمبلی سمیت تمام جمہوری ایوانوں کو سلام پیش کرتی ہوں۔ پنجاب اسمبلی نے پاکستان کی مضبوطی، آئینی بالادستی کی روشن مثالیں قائم کی ہیں، پنجاب اسمبلی کو جدید جمہوری تقاضوں پر بنایا جا رہا ہے۔ قائداعظم کے جمہوری افکار کی روشنی میں پارلیمانی روایات کو پروان چڑھائیں گے۔پارلیمانی نظام کے عالمی دن پر پیغام
7
ضلعی انٹیلی جنس کمیٹی کے اجلاس میں خطرناک موسم کی وارننگ پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر راولپنڈی نے شہر بھر میں 28 جون سے 27 جولائی تک دفعہ 144 نافذ کر دی ہے جس کا باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔نوٹیفکیشن کے مطابق نلہ لئی اور دیگر آبی گزرگاہوں میں نہانے، تیرنے، پانی میں کھیل کود، اجتماعات اور غیر ضروری نقل و حرکت پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے جبکہ نلہ لئی کے قریب غیر ضروری آمد و رفت پر سخت ممانعت کی گئی ہے۔ دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی لہٰذا شہری حفاظتی اقدامات پر سختی سے عمل کریں اور خطرناک موسم کے دوران احتیاط برتیں۔ڈپٹی کمشنر راولپنڈی
8
انسداد دہشت گردی عدالت اسلام آباد نے پی ٹی آئی رہنما اسد قیصر کی ضمانت قبل از گرفتاری میں توسیع کرتے ہوئے کیس کی سماعت 6 اگست تک ملتوی کر دی۔انسداد دہشت گردی عدالت کے جج ابوالحسنات محمد ذوالقرنین نے کیس پر سماعت کی، سماعت کے دوران عدالت کو آگاہ کیا گیا کہ اسد قیصر شامل تفتیش ہو چکے ہیں تاہم ان کا بیان بذریعہ ٹیلیفونک کال آیا تھا وہ خود پیش نہیں ہوئے۔تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ وہ اسد قیصر سے تفتیش کے لیے دو مرتبہ گئے مگر وہ دستیاب نہیں تھے، عدالت نے اسد قیصر کو ہدایت کی کہ وہ تفتیشی افسر سے کوآرڈینیشن کر کے اگلی سماعت تک تفتیش مکمل کرائیں۔سماعت کے دوران اسد قیصر نے عدالت کو بتایا کہ انہیں بیرون ملک جانا ہے اس لیے لمبی تاریخ دی جائے جس پر عدالت نے کیس کی سماعت 6 اگست تک ملتوی کر دی۔
9
جامعہ پشاور میں اعلیٰ تعلیم کا شعبہ شدید زبوں حالی کا شکار ہو گیا، مختلف شعبوں میں ایم فل اور پی ایچ ڈی کرنے والے طلبہ کی تعداد میں بتدریج کمی واقع ہوئی ہے جبکہ کئی اہم شعبے مکمل طور پر طلبہ سے خالی ہو گئے ہیں۔دستاویزات کے مطابق 2020 سے 2025 کے درمیان متعدد شعبوں میں ایک بھی طالب علم نے ایم فل یا پی ایچ ڈی کے لیے داخلہ نہیں لیا، حیران کن طور پر کمپیوٹر سائنس جیسے اہم مضمون میں بھی 2020 سے اب تک صرف ایک طالب علم زیر تعلیم ہے جبکہ سافٹ ویئر انجینئرنگ اور آرٹیفیشل انٹیلی جنس کے شعبوں میں کوئی بھی طالب علم ڈاکٹریٹ کی ڈگری حاصل نہ کر سکا۔جدید علوم جیسے ڈیٹا سائنس، فیشن ڈیزائننگ اور انٹیریئر ڈیزائن میں ایم فل اور پی ایچ ڈی کی کلاسیں بھی طلبہ سے خالی ہیں، پولیٹیکل سائنس، سائیکالوجی، ریجنل سٹڈیز اور اردو جیسے اہم مضامین بھی نظر انداز ہو گئے ہیں۔
10
سینئر سیاستدان اور سابق وفاقی وزیر بیگم تہمینہ دولتانہ شدید علیل ہو گئیں اور انہیں ہسپتال منتقل کردیا گیا۔میڈیا رپورٹ کے مطابق سابق وفاقی وزیر تہمینہ دولتانہ کو پولی کلینک ہسپتال میں داخل کرایا گیا ہے، پولی کلینک میں ان کی سرجری کی گئی، تہمینہ دولتانہ کو اپینڈکس درد کی وجہ سے ہسپتال میں داخل کیا گیا۔رپورٹ کے مطابق بیگم تہمینہ دولتانہ کی کامیاب سرجری کر دی گئی۔
11
خیبرپختونخوا میں مخصوص نشستوں سے متعلق اہم فیصلوں کے پیش نظر وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور نے حکومتی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس آج صبح 11 بجے طلب کر لیا۔ترجمان کے مطابق اجلاس کی صدارت وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور خود کریں گے، تمام حکومتی اراکین اسمبلی کو اجلاس میں بروقت شرکت کی ہدایت کی گئی ہے۔اجلاس میں مخصوص نشستوں کے بعد کی صورتحال اور اپوزیشن کی ممکنہ صف بندی کے تناظر میں اہم فیصلے متوقع ہیں۔ذرائع کے مطابق اجلاس میں وزیراعلیٰ پارٹی اراکین کو اعتماد میں لیں گے اور مشاورت کے بعد آئندہ کی حکمت عملی طے کی جائے گی، اجلاس میں صوبے کی مجموعی سیاسی صورتحال، انتظامی امور اور دیگر اہم معاملات پر بھی مشاورت ہوگی۔
12
اظہر محمود قومی ریڈ بال ٹیم کے قائم مقام ہیڈ کوچ مقرر،پی سی بی ترجمان کے مطابق اظہر محمود اپنے موجودہ معاہدے کے اختتام تک اس عہدے میں کام کریں گے، اظہر محمود کی زیر نگرانی پاکستان ٹیم ٹیسٹ کرکٹ میں اچھی کارکردگی دکھائے گی۔اکتوبر نومبر میں جنوبی افریقا کی ٹیسٹ ٹیم کے ساتھ دو میچز پاکستان میں طے ہیں، جن کے لیے اظہر محمود ٹیم تیار کریں گے۔ سابق آل راؤنڈر اظہر محمود قومی ٹیم کے اسسٹنٹ ہیڈ کوچ کے طور پر خدمات انجام دینے کے بعد طویل عرصے سے ٹیم کے اسٹریٹجک کور کا ایک اہم حصہ رہے ہیں۔
13
بولورما امگابازار پاکستان میں عالمی بینک کی نئی کنٹری ڈائریکٹر تعینات،بولورما امگابازار نے کہا کہ پاکستان کے لیے ورلڈ بینک کی بطور نئی کنٹری ڈائریکٹر تقرری قابل فخر ہے، ورلڈ بینک اور پاکستان کے درمیان ایک دیرینہ شراکت داری ہے، جس نے کئی نسلوں تک لاکھوں لوگوں کی زندگیوں میں بہتری لائی ہے۔ میں وفاقی و صوبائی حکومتوں، مقامی اداروں، سول سوسائٹی، نجی شعبے، ترقیاتی شراکت داروں اور دیگر اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی منتظر ہوں۔پاکستان کی ترقی کےچیلنجز سے نمٹنے کے لیے مدد جاری رکھیں گے، پاکستان کے توانائی کے شعبے میں بہتری کے لیے شراکت داری جاری رکھی جائے گی۔
14
انتظامیہ چینی کے نرخ کم کرانے کیلئے سرگرم، دکانداروں نے فروخت روک دی۔شوگر ملز سے چینی 175 روپے فی کلو جبکہ تھوک مارکیٹ میں 178 سے 180 روپے فی کلو میں فروخت ہو رہی ہے جبکہ پرچون مارکیٹ میں چینی 185 سے 190 روپے فی کلو تک جا پہنچی ہے، دوسری جانب حکومت نے پرچون میں چینی کا سرکاری نرخ 164 روپے فی کلو مقرر کر رکھا ہے۔انتظامیہ نے دکانوں پر سرکاری نرخ پر چینی فروخت نہ کرنے والے دکانداروں کے خلاف کارروائیاں شروع کر دی ہیں جس کے بعد متعدد دکانداروں نے چینی فروخت کرنا ہی بند کر دی۔