1
کراچی میں 3 روز کے دوران سب سے زیادہ بارش کہاں ہوئی؟ اعداد وشمار جاری،محکمہ موسمیات کے مطابق 3 روز کے دوران سب سے زیادہ بارش سرجانی ٹاؤن میں 78.7ملی میٹر ریکارڈ ہوئی اور سب سے کم صدر میں 5 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی۔اعداد و شمار کے مطابق سعدی ٹاؤن میں 58 ، گلشن حدید 56، نارتھ کراچی 45.6 اور پی اے ایف بیس فیصل(شاہراہ فیصل) میں 45 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی۔
2
حکومت کا امریکی عدالت میں عافیہ صدیقی کیس میں فریق بننے سے انکار،اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس سردار اعجاز نے ڈاکٹرعافیہ صدیقی کی صحت اور وطن واپسی سے متعلق درخواست پر سماعت کی جس دوران درخواست گزار کے وکیل عمران شفیق، ایڈیشنل اٹارنی جنرل اور دیگرحکام عدالت میں پیش ہوئے۔ دوران سماعت ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے عدالت کو بتایا کہ حکومت نے امریکا میں اس کیس میں فریق نہ بننے کا فیصلہ کیا ہے، اس پر جسٹس سردار اعجاز نے سوال کیا کہ کس وجہ سے یہ فیصلہ کیاگیا؟ وجوہات کیا ہیں؟ اس پر ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے کہا کہ حکومت کی جانب سے یہی فیصلہ کیا گیا ہے۔ بعد ازاں عدالت نے ایڈیشنل اٹارنی جنرل کو ہدایت کی کہ 4 جولائی کی سماعت پر وجوہات سے آگاہ کیاجائے۔
3
بجٹ میں ٹیکس چھوٹ حاصل کرنے والے اداروں کی فہرست میں اضافہ، اس میں سابق صدرِ پاکستان اور ان کی بیوہ کی پنشن، اسٹیٹ بینک آف پاکستان اور اسٹیٹ بینک آف پاکستان بینکنگ سروسز کارپوریشن، فیڈرل بورڈ آف ریونیو فاؤنڈیشن، پاکستان کونسل آف سائنٹفک اینڈ انڈسٹریل ریسرچ اور پاکستان واٹر اینڈ پاور ڈیولپمنٹ اتھارٹی کو ٹیکس چھوٹ دی گئی۔ اس کے علاوہ پاکستان ایگری کلچرل ریسرچ کونسل، پاکستان واٹر اینڈ پاور اتھارٹی کی کارپوریٹائزڈ ادارے، وزیراعظم خصوصی فنڈ برائے دہشتگردی کے متاثرین، وزیر اعلیٰ (پنجاب) ریلیف فنڈ برائے خیبر پختونخوا کے بے گھر افراد (آئی ڈی پیز)، نیشنل ڈیزاسٹر رسک مینجمنٹ فنڈ اور سپریم کورٹ آف پاکستان کو ٹیکس چھوٹ دی گئی۔رپورٹ کے مطابق دیامر بھاشا و مہمند ڈیمز فنڈ، وزیراعظم کا کووڈ-19 ریلیف فنڈ 2020، نیشنل انڈومنٹ اسکالرشپ فار ٹیلنٹ، سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان، پرائیویٹائزیشن کمیشن آف پاکستان اور فوجی فاؤنڈیشن کو بھی ٹیکس چھوٹ دی گئی۔
4
غزہ پر اسرائیلی فوج کے وحشیانہ حملے، مزید 68 فلسطینی شہید ہوگئے۔عرب میڈیا کے مطابق اتوار کو اسرائیل کی جانب سے شمالی غزہ کے علاقے جبالیہ میں ایک پناہ گزین اسکول پر بمباری کی گئی۔اس کے علاوہ غزہ میں امداد کے منتظر فلسطینیوں پر بھی حملہ ہوا۔اتوار کو اسرائیلی حملوں میں مجموعی طور پر 68 فلسطینی شہید ہوئے۔اسرائیلی فوج نے ایران سے جنگ بندی کے بعد غزہ میں بڑے آپریشن کی تیاری کرتے ہوئے شمالی غزہ کے گنجان آباد علاقوں کو فوری خالی کرنے کا حکم دے دیا۔