1
نئے مالی سال کا شاندار آغاز! سٹاک مارکیٹ میں زبردست تیزی، نیا ریکارڈ قائم،کاروباری ہفتے کے دوسرے روز سٹاک ایکسچینج میں زبردست تیزی دیکھنے میں آئی جس کے باعث کے ایس ای 100 انڈیکس 1100 پوائنٹس کا اضافہ ہوا جس کے بعد 100 انڈیکس ایک لاکھ 26 ہزار 669 پوائنٹس کیساتھ تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا اور بعدازاں 100 انڈیکس ایک لاکھ 27 ہزار کو بھی چھو گیا۔بعد ازاں سرمایہ کاروں کے اعتماد کی وجہ سے حصص کی خرید و فروخت میں تیزی کا رجحان جاری رہا اور مجموعی طور پر انڈیکس میں 1248 پوائنٹس کا اضافہ ہونے سے انڈیکس ایک لاکھ 26 ہزار 876 پوائنٹس کی نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا، اس وقت مزید اضافے کے بعد 100 انڈیکس ایک لاکھ 27 ہزار 538 پوائنٹس پر ٹریڈ کر رہا ہے۔
2
جوڈیشل کمیشن: پشاور، بلوچستان اور سندھ ہائی کورٹ کے مستقل چیف جسٹسز کا فیصلہ،ذرائع کے مطابق چیئرمین جوڈیشل کمیشن چیف جسٹس پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی کی زیرصدارت سندھ، بلوچستان، پشاور اور اسلام آباد ہائیکورٹس کے مستقل چیف جسٹس کی تقرری کے لیے کمیشن کا اجلاس ہو رہا ہے جس میں ہر ہائیکورٹ کے سینئر ترین تین ججز کے ناموں پر غور کیا جا رہا ہے۔چیف جسٹس اسلام آباد کے لیے جسٹس سرفراز ڈوگر، جسٹس محسن کیانی اور جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب کے نام زیر غور ہیں جبکہ چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ کے لیے جسٹس جنید غفار، جسٹس ظفر راجپوت اور جسٹس اقبال کلہوڑو کے ناموں پرغور ہوا اور کمیشن نے جسٹس جنید غفار کی منظوری دے دی۔ چیف جسٹس بلوچستان کے لیے جسٹس روزی خان بڑیچ، جسٹس کامران ملاخیل اور جسٹس اقبال کاسی کےناموں پر غور کیا گیا اور کمیشن نے جسٹس روزی خان بڑیچ کی منظوری دے دی جبکہ چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ کے لیے جسٹس اعجاز انور، جسٹس عتیق شاہ اور جسٹس ارشد علی کے ناموں پر غور ہوا، کمیشن نے جسٹس عتیق شاہ کے نام کی منظوری دے دی۔
3
مستونگ: فتنہ الہندوستان کا تحصیل دفتر، بینکوں پر حملہ، لڑکا شہید، 2دہشت گرد ہلاک،ذرائع نے بتایا کہ مستونگ میں دہشت گردوں نے تحصیل دفتر کی تین گاڑیاں اور اہم ریکارڈ جلا دیا، مسلح افراد نے بینک ریکارڈ اور نقدی بھی لوٹ لی، مسلح افراد نے شہر بھر میں شدید فائرنگ کی جس سے ایک سولہ سالہ لڑکا جاں بحق اور آٹھ افراد زخمی ہو گئے جنہیں غوث بخش رئیسانی ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔بلوچستان حکومت کے ترجمان شاہد رند نے بتایا ہے کہ واقعہ کے فوراً بعد ایف سی، سی ٹی ڈی اور لیویز نے علاقے کا محاصرہ کر لیا، سیکورٹی فورسز نے دہشت گردوں کو گھیرے میں لے لیا، شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا ہے۔ سیکیورٹی فورسز سے فائرنگ کے تبادلے میں دو دہشت گرد مارے گئے جبکہ تین زخمی ہوئے ہیں، علاقے میں موجود دہشت گردوں کے خلاف بھرپور کارروائی جاری ہے۔سیکورٹی فورسز کا فوری ردعمل جانی نقصان کو مزید بڑھنے سے روکنے میں مؤثر رہا ہے، حملے کے مقام پر فورسز نے منظم انداز میں کلیئرنس آپریشن شروع کر دیا ہے۔
4
پشاور ہائیکورٹ نے مخصوص نشستوں پر منتخب ممبران کو حلف لینے سے روک دیامخصوص نشستوں کے حوالے سے پاکستان تحریک انصاف پارلیمنٹرین کی درخواست پر جسٹس سید ارشد علی اور جسٹس ڈاکٹر خورشید اقبال پر مشتمل دو رکنی بنچ نے سماعت کی۔وکیل درخواست گزار سلطان محمد خان ایڈووکیٹ نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے مخصوص نشستوں کی کیلکولیشن ٹھیک طریقے سے نہیں کی، جسٹس ارشد علی نے استفسار کیا کہ آپ نے مخصوص نشستوں کے لیے فہرست جمع کی؟ وکیل درخواست گزار نے بتایا کہ جی ہم نے جمع کی ہے۔وکیل سلطان محمد خان نے دلائل میں کہا کہ پی ٹی آئی پی کی صوبائی اسمبلی میں دو نشستیں ہیں، الیکشن کمیشن نے ایک خواتین کی مخصوص نشست دی ہے، جسٹس ارشد علی نے ریمارکس دیئے کہ یہاں تو پی ٹی آئی کی حکومت ہے، ان کو یہاں بھی سیٹیں نہیں ملیں؟وکیل درخواست گزار نے بتایا کہ پی ٹی آئی نے الیکشن نہیں لڑا، یہاں ان کے آزاد امیدوار تھے، پی ٹی آئی پی کو دو اور خواتین کی نشستیں ملنی چاہئیں جبکہ اقلیتوں کی ایک نشست بھی پی ٹی آئی پی کا حق ہے، مخصوص نشستوں پر خواتین سے حلف نہ لیا جائے۔
5
فون کال کیس: تھائی لینڈ کی آئینی عدالت نے وزیراعظم کو معطل کردیاتھائی لینڈ کی خاتون وزیراعظم کو سابق کمبوڈین وزیراعظم کے ساتھ فون کال لیک ہونے کے معاملے پر تھائی لینڈ کی آئینی عدالت نے عہدے سے معطل کردیا۔رپورٹ کے مطابق 36 سینیٹرز نےتھائی وزیراعظم کےخلاف درخواست دائر کررکھی ہے اور اس پر آئینی عدالت نےکہا کہ سینیٹرز کی درخواست پر فیصلہ ہونے تک وزیراعظم عہدے سے معطل رہیں گی۔خبر ایجنسی کے مطابق تھائی سینیٹرز نے وزیراعظم پربے ایمانی اور آئینی خلاف ورزی کا الزام عائد کیا ہے۔
6
پاکستان نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی صدارت سنبھال لی، دوران صدارت فلسطین پر سہ ماہی کھلی بحث بھی ہوگی۔نائب وزیراعظم و وزیرخارجہ اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان نے جولائی 2025 کے لیے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی صدارت سنبھالی ہے، پاکستان یہ ذمہ داری عاجزانہ طور پر اقوام متحدہ کے چارٹر اور بین الاقوامی قوانین کے تحت نبھائے گا۔ہماری صدارت اس وقت آئی ہے جب دنیا بھر میں تنازعات اور انسانی بحران چل رہے ہیں، سلامتی کونسل کو بات چیت اور سفارت کاری کے ذریعے مؤثر کارروائی کی طرف لے جانے کی کوشش کریں گے۔فلسطین پر سہ ماہی کھلی بحث کی بھی صدارت کروں گا، اس ماہ دو اعلیٰ سطح کے دستخطی پروگراموں کی صدارت کروں گا۔پہلا اجلاس امن و تنازعات کے پر امن حل سے متعلق ہوگا جب کہ دوسرا اجلاس اقوام متحدہ اور او آئی سی کے تعاون پر مبنی ہوگا، پاکستان تمام رکن ممالک کے ساتھ شراکت داری کا خواہاں ہے۔
7
محسن نقوی اور طلال چودھری کا 14 سال سے زیر التوا ماڈل جیل کا دورہ،محسن نقوی اور طلال چودھری نے زیرتعمیر ماڈل جیل کے مختلف حصوں کا معائنہ کیا اور تعمیراتی کاموں پر پیشرفت کا جائزہ لیا، وزیرداخلہ نے پراجیکٹ کے پہلے مرحلے کو رواں برس مکمل کرنے کی ڈیڈ لائن دے دی۔ دن رات کام کرکے تعمیراتی سرگرمیاں ہر صورت مقررہ مدت میں مکمل کی جائیں، پہلے مرحلے میں ماڈل جیل میں 1500 قیدیوں کی گنجائش ہوگی، ماڈل جیل میں 90 دن کے اندر دو مزید بیرکوں کی تعمیر کی ہدایت کردی گئی۔محسن نقوی نے کہا کہ جیل میں 34 بستروں پر مشتمل ہسپتال اور مین کچن کو جلد از جلد پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے، ڈی آئی جی اسلام آباد پولیس ماڈل جیل میں سٹاف کی تعیناتی کے لیے پلان پیش کریں۔
8
بلوچستان: نئے مالی سال کا آغاز، 50 ارب روپے کے ترقیاتی فنڈز کا اجراء،حکام کے مطابق یہ فنڈز مالی سال کے پہلے ہی دن محکمہ خزانہ بلوچستان کی جانب سے جاری کیے گئے ہیں۔بلوچستان حکومت نے کہا ہے کہ یہ اقدام صوبائی نظم و نسق، تیاری اور سنجیدگی کا مظہر ہے جو کاغذی دعوؤں کے بجائے عملی خدمت کی جانب واضح قدم ہے۔بلوچستان حکومت کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ترقیاتی فنڈز کے اجراء سے جن منصوبوں پر فوری عملدرآمد شروع ہوگا ان میں صحت، تعلیم، آبپاشی، سڑکوں کی تعمیر اور توانائی کے منصوبے شامل ہیں۔وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے فنڈز کے بروقت اجراء پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ ترقیاتی فنڈز کا اجراء کاغذی دعوؤں کا نہیں بلکہ عملی خدمت کا آغاز ہے، اب بلوچستان میں صرف باتیں نہیں ہوں گی بلکہ بجٹ کا ہر روپیہ زمین پر نظر آئے گا۔
9
پاکستان کا سلامتی کونسل سے غزہ میں اسرائیلی مظالم فوری روکنے کیلئے اقدامات کا مطالبہ،اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار نے مطالبہ کیا کہ غزہ میں انسانی امداد پر پابندیاں ختم کی جائیں، محفوظ رسائی دی جائے، غزہ کے شہری ایک چھوٹے سے علاقے میں محصور اور بار بار نقل مکانی پر مجبور ہیں۔ فلسطین میں ہر گزرتے دن کے ساتھ غذائی قلت میں اضافہ ہورہا ہے، فلسطینی ریاست کے قیام کیلئے اعلیٰ سطح بین الاقوامی امن کانفرنس جلد از جلد بلائی جائے۔
10
اے این ایف کا کریک ڈاؤن، نائیجیرین باشندے سمیت 14 ملزمان گرفتار،ترجمان اے این ایف کے مطابق تعلیمی اداروں کےاطراف کاروائیوں میں 1 کروڑ49 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی 76.38 کلو گرام منشیات برآمد کر لی گئیں۔سیالکوٹ میں کالج کےقریب خاتون سمیت موٹرسائیکل سوار2ملزمان سے 60گرام ہیروئن اور300 گرام آئس برآمد، کہوٹہ روڈاسلام آباد میں یونیورسٹی کے قریب ملزم کےقبضےسے100گرام کوکین پکڑی گئی، گرفتارملزمان نے تعلیمی اداروں کے طلباء کو منشیات فروخت کرنے کا اعترافکر لیا۔علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پربحرین سے آنے والے نائیجیرین باشندے کے پیٹ سے720 گرام کوکین بھرے 40کیپسول برآمد، زیرو پوائنٹ ہائی وے کوئٹہ کے قریب گاڑی سے 54 کلو چرس برآمد، 3 ملزم گرفتار کر لیے گئے۔اسلام آباد میں کھنہ پل کے قریب 2 ملزمان کے قبضے سے 4.8 کلو چرس پکڑی گئی، رنگ روڈ، پشاور کے قریب ملزم کے قبضے سے 3.6 کلو چرس ملی، راوی ٹول پلازہ لاہورکےقریب گاڑی سے3 کلو چرس اور5 کلو آئس برآمد کر کے 2 ملزمان پکڑ لیے۔