1
پنجاب کی سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے واضح کردیا کہ جناح انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی لاہور کا نام تبدیل کرنے کی کوئی تجویز زیر غور نہیں ہے اور اس حوالے سے زیرگردش خبروں کو مسترد کردیا۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں پنجاب کی سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے کہا کہ "جناح انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی لاہور” کا نام "جناح انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی لاہور” ہی ہے اور کسی قسم کی تبدیلی زیر غور نہیں ہے۔حکومت پنجاب کے مالی سال 26-2025 کے سالانہ ترقیاتی پروگرام میں فنڈنگ ”جناح انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی“ کے نام سے ہی رکھی گئی ہے۔
2
بانی پی ٹی آئی کی نااہلی پر فیض آباد کے مقام پر احتجاج سے متعلق مقدمے کی سماعت،فیصل جاوید ، راجہ ماجد حیدر بن مسعود ودیگر ملزمان نے وکالت نامے جمع کرا دیے، فیصل جاوید کی جانب سے حاضری کی استثنیٰ کی درخواست دائر کی گئی۔جج طاہر عباس سپرا نے کہا کہ شہادتوں کے لئے آج 10.30 کا ٹائم رکھ لیتے ہیں ، ملزمان ٹرائل میں رکاوٹ ڈال رہے ہیں۔وکیل صفائی نے کہا کہ آج آپ 10 جولائی کی تاریخ دے دیں، جج طاہر عباس سپرا نے کہا کہ علی امین گنڈا پور اشتہاری ہیں جو پورا اسلام آباد پھر رہے ہیں ہر عدالت میں جاتے ہیں صرف یہاں پیش نہیں ہوتے، میں 10 جولائی کی تاریخ دے رہا ہوں اس دن کوئی کیس نہیں رکھ رہا پھر تاریخ تبدیل نہیں ہو گی۔واثق قیوم عباسی ، راجہ راشد حفیظ ، راجہ ماجد ودیگر ملزمان عدالت میں پیش ہوئے، فیصل جاوید خان، واثق قیوم، عامر کیانی ودیگر مقدمہ میں نامزد ہیں، کیس کی سماعت 10 جولائی تک ملتوی کر دی گئی۔
3
پنجاب کے دارالحکومت لاہور کے نجی اسکول میں لیکچر کے دوران استاد دل کی تکلیف کے باعث انتقال کرگئے، افسوسناک واقعے کی سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔رپورٹ کے مطابق اساتذہ کی ٹریننگ کے دوران نیازاحمد لیکچر دے رہے تھے کہ اس دوران لیکچر نیاز احمد کو اچانک دل کی تکلیف ہوئی اور زمین پرگرگئے۔رپورٹ کے مطابق صرف 4 سیکنڈز کے اندراستاد کی موت ہوگئی، نیاز احمد کو فوری قریبی اسپتال پہنچایا گیا جہاں ڈاکٹرز نے ان کی موت کی تصدیق کر دی۔
4
جماعت اسلامی پاکستان کے امیر حافظ نعیم الرحمان نے پیٹرول کی قیمت میں اضافہ مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ عالمی منڈی میں ذرا سی ہلچل پر سارا بوجھ عوام پر منتقل کر دیا گیا۔اشرافیہ کو نوازو، جاگیرداروں کو بچاؤ اور عوام کی کمر توڑو ، حکومت نے پیٹرول کی قیمت میں ایک مرتبہ پھر اضافہ کردیا۔عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمت میں کمی پر حکومت نے ریلیف دینے سے انکار کر دیا تھا لیکن عالمی منڈی میں ذرا سی ہلچل پر سارا بوجھ عوام پر منتقل کردیا۔
5
پہلا ٹیسٹ: جنوبی افریقا نے زمبابوے کو 328 رنز سے شکست دے دی۔بلاوائیو میں 28 جون سے شروع ہونے میچ کے چوتھے روز زمبابوے کی ٹیم اپنی دوسری اننگز میں 208 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ جنوبی افریقا نے زمبابوے کو جیت کیلئے 537 رنز کا ہدف دیا تھا۔جنوبی افریقا نے اپنی پہلی اننگز 418/9 پر ڈکلیئر کی تھی جبکہ دوسری اننگز میں افریقی ٹیم 369 رنز پر آؤٹ ہوگئی تھی، زمبابوے کی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 251 اور دوسری اننگز میں 208 رنز بناسکی۔پہلی اننگز میں 153 رنز بنانے والے جنوبی افریقا کے لوہان ڈری پریٹوریس کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔دونوں ٹیموں کے درمیان دوسرا ٹیسٹ 6 سے 10 جولائی کے درمیان بلاوائیو میں ہی کھیلا جائیگا۔
6
عمران خان کی پارٹی قیادت کو 10 محرم کے بعد حکومت کے خلاف تحریک چلانے کی ہدایت،راولپنڈی اڈیالہ جیل کے قریب اپنی بہنوں کے ساتھ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آج میری بہنوں کو 15 منٹ ملاقات کا وقت ملا، ایک وکیل ظہیر عباس کو ڈیڑھ منٹ ملاقات کی اجازت ملی، ان کے علاوہ سلمان صفدر، سلمان اکرم راجہ، نیاز اللہ نیازی کسی کو ملاقات کی اجازت نہیں ملی۔علیمہ خان کے مطابق عمران خان نے کہا ہے کہ 10 محرم کے بعد اس غلامی کے نظام کے بعد تحریک شروع کردیں، بانی نے پنجاب اسمبلی میں مزاحمت کی تعریف کی اور اپوزیشن لیڈر کی تعریف کی اور کہا کہ اس وقت 26 اراکین ہیں جن پر پابندیاں عائد ہیں، اس سے بہتر ہے کہ ہمارے ممبران اسمبلی کے باہر اپنی اسمبلی لگادیں، انھوں نے پارٹی کو کہا ہے کہ 10 محرم کے بعد تحریک کی تیاری کریں، بانی نے پارٹی کے لیے ہدایات دے دی ہیں جو سلمان اکرم راجہ کو بتادی ہیں۔علیمہ خان کا کہنا تھا کہ انھوں نے بانی کو تنہائی میں قید کر رکھا ہے بانی کو جیل میں ان کے حقوق نہیں مل رہے، کتابیں بھی نہیں دے رہے، بانی کہہ رہے تھے 22 گھنٹے تک بند رکھا جاتا ہے اور صرف 2 گھنٹے ملتے ہیں، 10 محرم کے بعد پارٹی احتجاج کا لائحہ عمل دے گی۔
7
فنانس ایکٹ 2025 آج سے نافذ،312 ارب کے نئے ٹیکس لگ گئے۔رپورٹ کے مطابق میوچل فنڈ کے ذریعے سرمایہ کاری پر عائد 25 فیصد ٹیکس بڑھ کر 29 فیصد ہو گیا ہے جبکہ سولر پینلز کی فروخت پر 10 فیصد سیلز ٹیکس کا نفاذ کیا گیا ہے بجٹ 26-2025 کے بعد ایف بی آر کو کاروبار کیلئے رجسٹرڈ شناختی کارڈ نمبر کی ٹرانزیکشنز چیک کرنے کا اختیار مل گیا ہے۔اس حوالے سے فیڈرل بورڈ آف ریونیو(ایف بی آر) حکام کا کہنا ہے کہ فنانس ایکٹ 2025-26 منگل سے سے باضابطہ طور پر لاگو کردیا گیا ہے۔فنانس ایکٹ کے تحت کی جانے والی ترامیم اور متعارف کروائی جانے والی نئی شقوں کے تحت انففورسمنٹ بھی بڑھائی جائے گی۔نئے اقدامات کے تحت ٹی بلز اور پاکستان انویسٹمنٹ بانڈز میں سرمایہ کاری پر بھی ٹیکس عائد کر دیا ہے جب کہ ای کامرس اور آن لائن کاروبار کرنے والوں کیلئے ایف بی آر رجسٹریشن کرانا لازمی قرار دے دی گئی ہے۔