1
وفاق کے ریٹائرڈ ملازمین کیلیے پنشن میں 7 فیصد اضافے کا نوٹیفکیشن جاری، اس سے قبل ملازمین کی تنخواہوں میں اضافے اور30 فیصد ڈسپیرٹی الاؤنس کے نوٹیفکیشن جاری کیے گئے تھے۔وزارت خزانہ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق صدرِ مملکت نے یکم جولائی 2025 سے وفاقی حکومت کے سویلین پنشنرز، دفاعی تخمینوں سے تنخواہ پانے والے سویلین ملازمین، مسلح افواج کے ریٹائرڈ اہلکاروں اور سول آرمڈ فورسز کے ریٹائرڈ ملازمین کی پنشن میں 7 فیصد اضافے کی منظوری دے دی ہے۔دستاویز میں مزید کہا گیا ہے کہ اگر کسی پنشن کی ادائیگی وفاقی حکومت اور کسی دوسری حکومت کے مابین مشترکہ اصولوں کے تحت کی جا رہی ہو، تو پنشن میں ہونے والے 7 فیصد اضافے کی تقسیم دونوں حکومتوں کے درمیان تناسب کے مطابق کی جائے گی، تاہم یہ اضافہ اْن اسپیشل ایڈیشنل پنشنز پر لاگو نہیں ہوگا،
2
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ پاکستان کی خود مختاری اور سالمیت کو نقصان پہنچانے کی کسی بھی بھارتی مہم جوئی کا بغیر کسی ہچکچکاہٹ کے منہ توڑ، شدید، گہرا، تکلیف دہ اور سوچ سے بڑھ کر زیادہ سخت جواب دیا جائے گا۔فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نشان امتیاز(ملٹری) نے نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی اسلام آباد کا دورہ کیا، اور ” نیشنل سیکیورٹی اینڈ وار کورس” کرنے والے مسلح افواج کے فارغ التحصیل افسران سے خطاب کیا۔شرکا سے خطاب کے دوران فیلڈ مارشل نے جنگ کے بدلتے ہوئے کردار پر روشنی ڈالی اور مشکل حالات میں پیچیدہ چیلنجز سے مؤثر طور پر نمٹنے کے لیے ذہنی تیاری، عملی فہم، اور ادارہ جاتی پیشہ ورانہ مہارت کی اہمیت پر زور دیا۔آرمی چیف نے ہائبرڈ، روایتی اور غیر روایتی خطرات سے مؤثر انداز میں نمٹنے کی صلاحیت رکھنے والی مستقبل کی قیادت کی تیاری میں نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی جیسے اہم اداروں کے کردار کو سراہا اور سول اور ملٹری اداروں کے مابین ہم آہنگی کو فروغ دینے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
3
سندھ حکومت نے کراچی میں مخدوش قرار دی گئی عمارات کو گرانے کا فیصلہ ہے، سانحہ لیاری پر ایس بی سی اے کے سربراہ کو معطل کردیا گیا جبکہ جاں بحق افراد کو فی کس 10 لاکھ روپے دیے جائیں گے۔ سینئر وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی۔ ان کے ہمراہ وزیر بلدیات سعید غنی اور وزیر داخلہ ضیاءالنجار بھی موجود تھے۔لیاری میں عمارت گرنے سے 27 معصوم جانوں کا نقصان ہوا، ہم سب غمزدہ ہیں، وزیر اعلی ہاؤس میں آج اہم اجلاس ہوا جس میں وزیراعلی سندھ نے بہت سخت نوٹس لیا اور ہدایت دی ہے کہ جن کی کوتاہی ہے ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔
4
(ن) لیگ کو خیبر پختونخوا سے قومی اسمبلی کی مزید دو مخصوص نشستیں ملیں گی۔ الیکشن کمیشن میں (ن) لیگ کی مخصوص نشستوں کی فہرست ختم ہوگئی، الیکشن کمیشن نے (ن) لیگ سے ترجیحی فہرست کے لیے نامزدگیاں مانگ لیں۔اطلاعات کے مطابق خیبرپختونخوا سے (ن) لیگ کو قومی اسمبلی کی دو مخصوص نشستیں ملیں گی، ان مخصوص نشستوں پر نامزدگی کے لیے شیڈول جاری کردیا گیا۔الیکشن کمیشن حتمی فہرست 24 جولائی کو جاری کرے گا اس کے لیے صوبائی الیکشن کمشنر خیبرپختونخوا محمد فرید آفریدی کو ریٹرننگ افسر مقرر کیا گیا ہے۔
5
سونا عالمی اور مقامی مارکیٹوں میں سستا ، قیمت میں ہزاروں روپے کی کمی،بین الاقوامی بلین مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت میں 25 ڈالر کی کمی ریکارڈ ہوئی، جس کے نتیجے میں نئی عالمی قیمت 3 ہزار 310 ڈالر فی اونس کی سطح پر آ گئی۔عالمی قیمتوں کے زیر اثر پاکستان میں بھی 24 قیراط کے حامل فی تولہ سونے کی قیمت میں 2 ہزار 500 روپے کی کمی ہونے کے بعد نئی قیمت 3 لاکھ 53 ہزار روپے فی تولہ ہو گئی۔