کراچی (ای پی آئی ) پاکستان تحریک انصاف کے صوبائی صدر اور اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی حلیم عادل شیخ نے بانی پی ٹی آئی کے کیسز سماعت کے لئے جلد مقرر نہ ہونے پر کہا کہ انصاف کا جنازہ ہے ذرا دھوم سے نکلے،قانون کا جنازہ ہےذرا دھوم سے نکلے۔

سوشل میڈیا سائٹ ایکس (سابقہ ٹوئٹر ) پر جاری اپنے ویڈیو پیغام میں انھوں نے کہا کہ جس انداز سے 26ویں ترمیم کے بعدعدالتوں اور ججز کو غلام بنا دیا گیا ہےاور اس کے بعد چن چن کے ان لوگوں کو بڑی بڑی مسندوں پر بٹھا دیا گیا ہے جو طے کر کے آئے ہیں کہ ہم نے نا انصافی کرنی ہے ۔حلیم عادل شیخ کا کہنا تھا کہ القادر ٹرسٹ کیس جس کے اگر کوئی بینیفشری ہیں اورکوئی کرائم کیا ہے تو وہ زرداری اور نواز شریف خاندان ہیں اوراگر ملک ریاض سے کسی نے فائدہ لیا اور فائدہ دیا تو یہ لوگ ہیں کیونکہ ملیر میں اگر کسی نے فائدہ لیا تو زرداری نے اور لندن میں فلیٹس میں نواز شریف نے فائدہ لیا۔

انھوں نے کہا کہ عمران خان صاحب کا کیا قصور تھا؟ انھیں قبر میں مدفن ایک جج صاحب نے غلط سزا دی اور اس کے بعد اسلام آباد ہائیکورٹ کے اندر کیس ہی نہیں لگ رہا ،مظاہرے کرتے کرتے تنگ آگئے ہیں ۔حلیم عادل شیخ کا مزید کہنا تھا کہ آج بھی سلمان راجہ اور سلمان صفدرنے کیس کی جلد سماعت کے لئے درخواست دائر کی ہے۔انھوں نے کہا کہ میں کہنا چاہتا ہوں کہ کچھ سوچنا پڑے گاکہ پہلے نہ جانے کونسا نمبر تھا ہماری عدلیہ کا اور اب تو مجھے لگتا ہے کہ شاید زیرو، زیرو ، اور زیرو پرفارمنس پہ آئیں گے اور شایدپوری دنیا میں سب سے نچلی سطح پر چلے جائیں گے۔

انھوں نے اپنے پیغام کے آخر میںمطالبہ کیا کہ عمران خان کو ا نصاف دیا جائے اور ا لقادر ٹرسٹ سمیت دیگرتمام کیسز جلد سماعت کے لئے مقرر کر کے فوری فیصلے دیئے جائیں ۔انہوں نے کہاکہ سننے میں آرہا ہے کہ فیصل آباد میں کچھ ہونے جارہا ہے تو یہ ظلم نہ کیا جائے کیونکہ ظلم پھر ظلم ہے جب بڑھتا ہے تو مٹ جاتا ہے۔