کشمور (حاکم نصیرانی) صوبہ سندھ کے سرحدی ضلع کشمور میں خونی رشتہ خون سے رنگین ہو گیا۔ سگے بھائی نے رشتے کے تنازعے پر اپنے ہی بھائی کو بے دردی سے قتل کر دیا۔ واقعے میں 5 افراد زخمی بھی ہو گئے۔ پولیس نے لاش کو تحویل میں لے کر قانونی کارروائی شروع کر دی ہے۔

یہ دل دہلا دینے والا واقعہ کشمور تھانہ کی حدود فاروقی باغ کے قریب گاٶں سلیمان سولنگی میں پیش آیا۔ پولیس کے مطابق رشتے کے تنازعے پر جھگڑا اس قدر شدت اختیار کر گیا کہ سگے بھائی نے غصے میں آکر اپنے بھائی وزیر سولنگی پر ڈنڈوں کے وار شروع کر دیئے جس کی وجہ سے وزیر سولنگی موقع پر ہی دم توڑ گیا۔ جھگڑے میں 5 افراد زخمی ہوئے، جنہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کر دیا گیا،

واقعے کی اطلاع پر پولیس موقع پر پہنچ گئی۔ مقتول وزیر سولنگی کی لاش اپنی تحویل میں لے کر اسپتال منتقل کی۔ پوسٹ مارٹم کے بعد لاش ورثاء کے حوالے کر دی گئی۔

پولیس حکام کے مطابق ملزم واردات کے بعد گھر خالی کر کے فرار ہو گئے ہیں ملزم کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں جبکہ تفتیش کا دائرہ مزید وسیع کر دیا گیا ہے۔ علاقے میں خوف اور سوگ کی فضا قائم ہے، جبکہ مقتول کے ورثاء انصاف کا مطالبہ کر رہے ہیں۔