سپریم جوڈیشل کونسل کا اجلاس چیف جسٹس پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی کی سربراہی میں ہوا جس میں ججز کے خلاف 24 شکایات کا جائزہ لیا گیا جن میں سے 19 خارج کر دی گئیں۔چیف جسٹس پاکستان یحییٰ آفریدی کی زیر صدارت سپریم جوڈیشل کونسل کے اجلاس میں جسٹس منصور علی شاہ، جسٹس منیب اختر، جسٹس عالیہ نیلم اور جسٹس جنید غفار نے شرکت کی، جسٹس منصور علی شاہ ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔اعلامیہ کے مطابق سپریم جوڈیشل کونسل سیکرٹریٹ سروس رولز 2025 کا مسودہ منظور کر لیا گیا، ضابطہ اخلاق میں ترامیم پر مزید قانونی غور کی ضرورت قرار دی گئی، انکوائری کے طریقہ کار پر بھی مزید مشاورت کی جائے گی۔اعلامیہ میں بتایا گیا کہ کونسل نے آرٹیکل 209 کے تحت دائر 24 شکایات کا جائزہ لیا، 19 شکایات کو متفقہ طور پر خارج کر دیا گیا جبکہ 5 شکایات کو مؤخر کیا گذرائع کے مطابق شکایات کا سامنا کرنے والے ججز کے خلاف شکایات نمٹانے پر ان کے نام پبلک کرنے پر غور ہوا، ججز کے خلاف شکایات نمٹانے پر ان کے نام پبلک کرنے کی تجویز مسترد کر دی گئی۔
2
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ اُڑان پاکستان ملکی ترقی اور آگے بڑھنے کا منصوبہ ہے، ماہرین کی مشاورت سے اس پروگرام کو حتمی شکل دینے میں کئی ماہ لگے۔نوجوان سپرسٹارز کی کہکشاں سے بہت متاثر ہوا ہوں، اس پروگرام میں بہترین صلاحیتوں کے حامل نوجوان بہترین جامعات سے آئے ہیں۔ پروگرام میں ملک کے ہر کونے سے نوجوانوں کی نمائندگی ہے، اُڑان پاکستان پروگرام کے تحت یہ ایک بہترین اقدام ہے، نوجوانوں کے حقیقی تجزیے اور فیڈ بیک سے استفادہ کریں گے، نوجوانوں کا فیڈ بیک حکومتی نظام کی بہتری کیلئے فائدہ مند ہوگا۔اڑان پاکستان سمر سکالرز کے لیے منتخب طلبہ کے وفد سے گفتگو
3
مولانا فضل الرحمان کا خیبر پختونخوا میں تبدیلی کی خواہش کا اظہار, بلوچستان میں دہشت گردی ہورہی ہے، امن وامان کے حالات ٹھیک نہیں ہیں، سندھ میں ڈاکو راج ہے، ملک سے دہشت گردی کیسے ختم ہوگی؟ اب سے سوچنے کی بات ہے۔میری تجویز ہوگی صوبے میں تبدیلی آئے، خیبر پختونخوا میں تبدیلی پی ٹی آئی کے اندر سے آنی چاہیے، ہماری حکومت میں صوبے میں مکمل امن وامان تھا، صوبے میں تبدیلی کے متعلق فیصلہ پارٹی کی مشاورت سے کریں گے۔ خیبر پختونخوا حکومت کی اکثریت جعلی ہے ، ہمارا صوبہ کسی سیاسی کشمکش کا متحمل نہیں ہوسکتا، فاٹا کے لیے بغیر مشاورت بڑی ترمیم اور آئین میں اتنی بڑی تبدیلی کی گئی، آج اس ترمیم کو واپس کرنا ملکی مفاد میں ہے، فاٹا کا انضمام غلط فیصلہ تھا سیاسی پارٹیوں کو تسلیم کرنا ہوگا۔ پشاور میں مولانا فضل الرحمان کا پریس کانفرنس
4
ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری ہلالِ امتیاز (ملٹری) نے مظفر آباد کا دورہ کیا اور آزاد جموں و کشمیر کی سول سوسائٹی کے ساتھ خصوصی نشست کی۔اس دوران پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے ڈائریکٹر جنرل لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری اور سول سوسائٹی کے درمیان سوال و جواب کی جامع نشست کا اہتمام کیا گیا۔اس موقع پر حاضرین نے کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ تھی، ہے اور ہمیشہ رہے گی، پاکستان اور کشمیر کو دنیا کی کوئی طاقت جدا نہیں کر سکتی۔کشمیری عوام نے پاک فوج سے محبت کا اظہار کرتے ہوئے ڈی جی آئی ایس پی آر کو کشمیری ثقافتی لباس پیش کیا، بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے پر پاک فوج کو خراج تحسین پیش کیا گیا، شرکاء نے پاکستان اور کشمیر کے جھنڈے لہرا کر پاکستان سے یکجہتی کا اظہار کیا۔
5
ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای نے کہا ہے کہ قطر میں امریکی اڈوں پر حملہ معمولی واقعہ نہیں تھا، دوبارہ ممکن ہے۔اپنے ایک بیان میں ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای نے مزید کہا ہے کہ امریکی اڈوں تک پہنچنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔دوسری جانب ایرانی وزیرخارجہ عباس عراقچی نے کہا ہے کہ امریکا غلطیوں کا ازالہ کرے تو مذاکرات دوبارہ شروع ہو سکتے ہیں۔فرانسیسی اخبار کو انٹرویو میں ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی کا کہنا تھا کہ امریکا کے ساتھ وقار اور باہمی احترام کی بنیاد پر مذاکرات شروع کرنے کے لیے آمادہ ہیں لیکن اس کے لیے سب سے پہلے امریکا کو اپنا رویہ تبدیل کر کے مذاکرات کے دوران ایران پر مزید حملے نہ کرنے کی ضمانت دینا ہو گی۔
6
پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن کے 26 معطل ارکان کے خلاف ریفرنس کے معاملے پر حکومتی اور اپوزیشن کی مذاکراتی کمیٹیاں تشکیل دے دی گئیں۔ذرائع کے مطابق حکومتی کمیٹی میں مجتبیٰ شجاع، سلمان رفیق، رانا ارشد، سمیع اللہ، احمد اقبال، علی حیدر گیلانی، شافع حسین اور شعیب صدیقی شامل ہیں۔اپوزیشن کی جانب سے اپوزیشن لیڈر احمد بھچر مذاکراتی ٹیم کی قیادت کریں گے، اپوزیشن کمیٹی میں علی امتیاز، شیخ امتیاز اور اعجاز شفیع کے نام آج سپیکر پنجاب اسمبلی کو ارسال ہوں گے۔اپوزیشن اور حکومتی اتحاد کی مذاکرتی کمیٹی کا دوسرا سیشن کل اتوار کو ہو گا، مذاکرات کامیاب ہونے پر سپیکر معطل ارکان کے خلاف ریفرنس ڈارپ کر سکتے ہیں۔
7
بلوچستان کے ضلع ژوب میں کالعدم بلوچ لبریشن آرمی کی دہشت گردی کا نشانہ بننے والے 9 پنجابی مسافر سپرد خاک کر دیے گئے، مقتولین کا مقدمہ ژوب کے تھانے میں درج کر دیا گیا۔واضح رہے کہ بلوچستان میں دہشت گردوں نے بسوں سے اتار کر پنجاب سے تعلق رکھنے والے نو شہریوں کو بے دردی سے قتل کر دیا تھا، شہداء میں دنیاپور کے دو سگے بھائی عثمان اور جابر، گجرات کا 23 سالہ بلاول، فیصل آباد کا شیخ ماجد، لاہور کا جنید، مظفرگڑھ کا محمد آصف، ڈی جی خان کا محمد عرفان، خانیوال کا غلام سعید اور گوجرانوالہ کا صابر شامل ہیں۔شہداء کی میتیں سخت سیکیورٹی میں ان کے آبائی علاقوں کو منتقل کی گئیں، جہاں انہیں لواحقین کے حوالے کیا گیا، دنیاپور میں جب دو بھائیوں عثمان اور جابر کے جنازے ایک ساتھ اٹھے تو علاقے میں کہرام مچ گیا، نماز جنازہ میں اہل علاقہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور دونوں بھائیوں کو چوک قریشی میں سپرد خاک کیا گیا۔لاہور کے جنید کوئٹہ میں اپنے سسرال سے واپس آرہے تھے، اسی بس میں سوار تھے جسے دہشت گردوں نے نشانہ بنایا، انہیں بھی لاہور میں سپرد خاک کر دیا گیا، جنید کی شہادت نے اہل علاقہ کو غم سے نڈھال کر دیا جنہوں نے حکومت سے فوری انصاف کا مطالبہ کیا۔
8
سانحہ سوات کی انکوائری رپورٹ میں نئے انکشافات سامنے آگئے۔ذرائع کے مطابق سوات ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ریسکیو 1122 بغیر بتائے چھٹی پر تھے، پولیس دفعہ 144 پر صحیح طور پر عمل درآمد کروانے میں ناکام رہی، سوات میں دفعہ 144 پر صحیح طریقے سے عمل درآمد کروانا پولیس کا کام تھا۔پولیس نے ایف آئی آرز کاٹنے میں کمزوری دکھائی، رپورٹ میں فرائض سے غفلت کے مرتکب سرکاری اہلکاروں اور افسران کی نشاندہی کی گئی، فرائض میں غفلت کے مرتکب افراد کیخلاف تادیبی کارروائیاں کرنے کی بھی سفارش کی گئی۔انکوائری رپورٹ میں سابق ڈی جی ریسکیو 1122 کیخلاف کارروائی کی سفارش کی گئی ہے، سابق ڈی سی سوات اور سابق ایڈیشنل ڈی سی ریلیف سوات کیخلاف بھی کارروائی کی سفارش کی گئی ہے۔ذرائع کے مطابق ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر 1122 سوات اور 2 غوطہ خوروں سمیت ٹاؤن میونسپل آفیسر ٹی ایم اے بابو زئی سوات اور محکمہ آبپاشی گیج ریڈر کیخلاف کارروائی کی سفارش کی گئی ہے۔
9
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے کہا کہ گرفتاریاں ہماری تحریک کا راستہ نہیں روک سکتیں۔آج تمام پارلیمنٹیرینز کا اجلاس ہوگا، آج سے تحریک انصاف کا بھرپور آغاز ہوگا۔ بانی پی ٹی آئی کے بیٹے الیکشن لڑنے نہیں بلکہ اپنے والد کو ملنے آرہے ہیں، حکومت گھبراہٹ کا شکار ہو چکی ہے، کسی فرد کو آئینی حق سے محروم نہیں کیا جاسکتا۔میڈیا سے گفتگو
10
چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ گرفتاریاں ممکن نہیں ہیں، ایسا نہیں ہونے والا۔صرف پارلیمنٹیرینز لاہور جا رہے ہیں، ہمارا پنجاب والوں سے رابطہ ہے وہ بھی پارلیمنٹیرینز ہی ہیں۔کے پی حکومت کا قافلہ پنجاب اسمبلی سے نکالے گئے نمائندوں سے اظہارِ یکجہتی کے لیے ہے۔ یہ قافلہ غیر قانونی اور غیر آئینی اقدامات کے خلاف پُرامن ردعمل ہے، ہم امن، محبت، بھائی چارے اور رواداری کا پیغام لے کر جارہے ہیں۔اسلام آباد میں خیبر پختونخوا ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو
11
وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ نہتے مسافروں کا شناخت کی بنیاد پر قتل کس انسانی حق کی جنگ ہے؟ انسانی حقوق کی تنظیموں کو پنجابیوں کے قتل اور ہر دہشت گردی کی برملا مذمت کرنی چاہئے۔ہیومن رائٹس کمیشن کے نمائندہ وفد نے سرفراز بگٹی سے ملاقات کی اور بلوچستان میں امن و امان، انسانی حقوق اور سماجی ترقی کے اقدامات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔وزیراعلیٰ بلوچستان کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں اور ان کی نمائندہ آوازوں کے خلاف کارروائی ریاست کا آئینی اختیار ہے، بلوچستان سے متعلق تصور اور زمینی حقائق میں فرق ہے، انسانی حقوق پر کام کرنے والے اداروں کو بلوچستان کی درست تاریخ اور زمینی حقائق سے مکمل آگاہ ہونا ضروری ہے۔انہوں نے وفد پر واضح کیا کہ ریاست قلات کا الحاق زبردستی نہیں بلکہ رضامندی سے ہوا تھا، ریاست مخالف عناصر انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں میں ملوث ہیں، شناخت کی بنیاد پر معصوموں کا قتل فتنہ الہندوستان کے مکروہ عزائم کی عکاسی ہے۔بلوچستان میں مسنگ پرسنز سے متعلق جامع قانون سازی کی جا چکی ہے، آئین پاکستان ہر شہری کے تحفظ کو بنیادی حق قرار دیتا ہے۔
12
اپوزیشن اراکین کیخلاف کارروائی، سپیکر کے پی کے نے سپیکر پنجاب اسمبلی کو خط لکھ دیاخط میں کہا گیا کہ 26 اپوزیشن اراکین پنجاب اسمبلی کو معطل کیا گیا ہے، معلوم ہوا ہے کہ ان 26 ممبران کو نااہل کرنے کی بھی درخواست جمع کی گئی ہے۔سپیکر کے پی کے اسمبلی نے خط میں کہا کہ ممبران کی معطلی کے بعد ان کے خلاف نااہلی کا اختیار استعمال کرنا ٹھیک نہیں، ممبران کو نااہل کرانا آئین کا غلط استعمال کرنے کے مترادف ہوگا۔خط میں کہا گیا کہ یہ اقدام منتخب اراکین کی بے توقیری سمجھی جائے گی، ہمیں ہر صورتحال میں تمام سیاسی پارٹیوں کے ساتھ سیاسی استحکام برقرار رکھتے ہوئے چلنے کی ضرورت ہے۔
13
وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور سے افغانی سفیر کی ملاقات، علاقائی استحکام پر تبادلہ خیال,ملاقات میں شعبہ زراعت میں بھی بھرپور معاونت کی یقین دہانی کرائی گئی، اس موقع پر وزیراعلیٰ نے افغانستان میں کینسر ہسپتال کے قیام میں معاونت کی پیشکش بھی کی۔اس موقع پر وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان زبان، نسلی، قبائلی اور مذہبی رشتے موجود ہیں، بیرونی طاقتوں کے مذموم عزائم کے خلاف مل کر کام کرنا ہو گا۔نسلوں کو محفوظ، مستحکم اور پرامن مستقبل فراہم کرنے کیلئے مشترکہ کام کرنا ہو گا، خیبر پختونخوا حکومت افغان عوام کی فلاح و بہبود میں کردار ادا کرنے کو تیار ہے، خصوصی وفد افغانستان بھیجنا چاہتے ہیں، وفد اعتماد اور ہم آہنگی کے فروغ میں پل کا کردار ادا کرے گا۔
14
ٹاپ اینڈ ٹی 20 سیریز کیلئے 15 رکنی پاکستان شاہینز سکواڈ کا اعلان,عرفان خان نیازی پاکستان شاہینز کی قیادت کریں گے جبکہ سکواڈ کے دیگر کھلاڑیوں میں عبدالصمد، احمد دانیال، فیصل اکرم، حیدر علی، معاذ صداقت، مہران ممتاز شامل ہیں۔خواجہ نافع اور محمد غازی غوری بطور وکٹ کیپر ٹیم میں شامل ہیں، مبصر خان، سعد مسعود اور محمد سلمان مرزا، شاہد عزیز، عبید شاہ اور یاسر خان بھی سکواڈ کا حصہ ہیں، ٹورنامنٹ 14 سے 24 اگست تک آسٹریلیا کے شہر ڈارون میں کھیلا جائے گا۔
15
انگلش بیٹر جو روٹ نے ٹیسٹ کرکٹ میں نیا ریکارڈ بنا ڈالالارڈز ٹیسٹ میں بھارت کے خلاف جاری تیسرے ٹیسٹ کے دوران انگلش کرکٹ ٹیم کے جو روٹ نے بھارتی بلے باز کرون نائر کا کیچ تھام کر ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ کیچز لینے والے فیلڈر (نان وکٹ کیپر) بننے کا اعزاز حاصل کیا۔بیٹنگ میں بھی روٹ کا جادو جاری رہا، انہوں نے لارڈز ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں 104 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جو ان کے ٹیسٹ کیریئر کی 37ویں سنچری تھی، ان کی بیٹنگ کی بدولت انگلینڈ نے پہلی اننگز میں 387 رنز بنائے۔
16
اسرائیل کی غزہ میں بریریت جاری ، مزید 65 فلسطینی شہید کردیے.عرب میڈیا رپورٹس کے مطابق امداد کے منتظر 30 افراد اسرائیلی فائرنگ سے شہید ہوئے، گزشتہ دو دنوں میں غزہ پر 250 بار حملہ کیا، دوسری جانب فلسطینی حکام کا کہنا تھا کہ غزہ میں 6 لاکھ 50 ہزار بچے قحط کے خطرے سے دوچار ہیں۔رپورٹس میں مزید بتایا گیا کہ اب تک شہدا کی مجموعی تعداد 57 ہزار 762 ہوگئی، جب کہ 1 لاکھ 37 ہزار سے زائدافراد زخمی ہو چکے ہیں ۔
17
سیشن کورٹ: 5 مزید یوٹیوب چینلز کی بندش کا حکم معطل, ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ میں 27 یوٹیوب چینلز بندش کے عدالتی حکم کے حوالے سے اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ سیشن کورٹ نے 5 مزید یوٹیوب چینلز کی حد تک بندش کا حکم معطل کر دیا، ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج افضل مجوکہ نے27 یو ٹیوب چینلز کے حوالے سے کیس پر سماعت کی۔
18
سونے کی قیمت میں مزید اضافہ، فی تولہ 3لاکھ 58ہزار 100روپے تک پہنچ گیا بین الاقوامی بلین مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت 11ڈالر کے اضافے سے 3ہزار 356ڈالر کی سطح پر آنے کے باعث مقامی صرافہ مارکیٹوں میں ہفتے کو بھی سونے کی قیمتوں میں اضافے کا تسلسل برقرار رہا۔نئی قیمتوں کے مطابق مقامی سطح پر 24 قیراط کے حامل فی تولہ سونے کی قیمت ایک ہزار 100روپے کے اضافے سے 3لاکھ 58ہزار 100روپے کی سطح پر آگئی اور فی 10 گرام سونے کی قیمت بھی 944روپے بڑھ کر 3لاکھ 7ہزار 013روپے کی سطح پر آگئی۔