1
وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے چینی ہم منصب سے اہم ملاقات کی ہے جس میں سی پیک اور دوطرفہ تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے تیانجن میں شنگھائی تعاون تنظیم کے وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاس کے موقع پر چین کے وزیر خارجہ وانگ یی سے ملاقات کی۔اسحاق ڈار نے وزرائے خارجہ اجلاس کی کامیاب میزبانی پر چینی وزیر خارجہ کو مبارکباد دی اور کانفرنس کے دوران فراہم کی گئی شان دار مہمان نوازی پر چینی قیادت کا شکریہ ادا کیا۔دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات میں سی پیک (چین پاکستان اقتصادی راہداری) اور کثیرالملکی تعاون سمیت باہمی دلچسپی کے اہم امور پر تفصیلی گفتگو ہوئی، انہوں نے پاکستان اور چین کے درمیان آل ویدر اسٹریٹجک کوآپریٹو پارٹنرشپ کی مضبوطی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے مختلف شعبوں میں جاری قریبی تعاون کو سراہا۔
2
وزیراعظم کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس آج ہوگا، اہم فیصلے متوقع,اجلاس میں پاکستان اور عرب ریاستوں کے درمیان آزاد تجارتی معاہدے کی منظوری دی جائے گی، جس کا مقصد دو طرفہ تجارتی روابط کو فروغ دینا اور سرمایہ کاری کے مواقع پیدا کرنا ہے۔اجلاس کے دوران سی کارگو شپنگ ڈاکومنٹس بل 2025 کے مسودے کی منظوری بھی دیئے جانے کا امکان ہے جو بحری تجارتی عمل کو مزید مؤثر اور شفاف بنانے کی کوششوں کا حصہ ہے، وفاقی کابینہ غیر رجسٹرڈ ادویات کی درآمد کی اجازت میں توسیع کی منظوری دے گی تاکہ عوام کو ضروری ادویات کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔کابینہ اجلاس میں ای او بی آئی پنشن میں یکم جنوری 2025 سے 15 فیصد اضافے کی منظوری بھی متوقع ہے، جس کا مقصد بزرگ شہریوں کو مالی ریلیف فراہم کرنا ہے، اس کے علاوہ، قومی کینیبِس کنٹرول اور ریگولیٹری پالیسی 2025 پیش کی جائے گی۔
3
متعدد دہشتگرد حملوں میں ملوث بدنام زمانہ خارجی ہلاک، ورثاء کا لاش لینے سے انکار,معرکہ حق و باطل میں ایک اور خارجی اپنے انجام کو پہنچا دیا گیا، سکیورٹی فورسز نے جنوبی وزیرستان میں بھارت کی سرپرستی میں چلنے والی دہشتگرد تنظیم فتنہ الخوارج (ٹی ٹی پی) کے خلاف کامیاب آپریشن کے دوران بدنام زمانہ دہشتگرد حمید اللہ کو جہنم واصل کر دیا۔حمید اللہ پاکستان میں ہونے والے متعدد دہشتگرد حملوں میں ملوث تھا اور اسے بھارتی خفیہ اداروں کی مالی، تکنیکی اور انٹیلی جنس معاونت حاصل تھی۔ذرائع کے مطابق سکیورٹی فورسز کی بروقت اور درست کارروائی کے نتیجے میں نہ صرف ایک بڑا خطرہ ختم ہوا بلکہ ایک اور خارجی منصوبہ بھی ناکام بنا دیا گیا۔حیران کن طور پر حمید اللہ کی ہلاکت کے بعد اس کے خاندان نے لاش وصول کرنے سے انکار کر دیا، اس کے والد نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ حمید اللہ نے جو دہشتگردانہ حملے کیے وہ ہمارے عقیدے، اسلام اور انسانیت کے سراسر خلاف ہیں، میں حکومت پاکستان سے درخواست کرتا ہوں کہ وہ اس کی لاش کو ختم کر دے۔
4
سلمان شہباز پر مقدمہ درج کرنے کا سیشن کورٹ کا حکم معطل,چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نے سیشن کورٹ کے حکم کے خلاف دائر درخواست پر سماعت کرتے ہوئے فریقین کو نوٹسز جاری کر دیے اور 31 جولائی تک جواب طلب کر لیا۔کیس کی سماعت جسٹس مس عالیہ نیلم نے کی جبکہ سلمان شہباز کی جانب سے جاوید ارشد بھٹی ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے۔درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا کہ سیشن کورٹ نے 10 جولائی کو قانون کے منافی مقدمہ درج کرنے کے احکامات جاری کیے اور حقائق کا جائزہ لیے بغیر چیک ڈس آنر کے معاملے پر مقدمہ درج کرنے کا حکم دیا۔درخواست میں استدعا کی گئی کہ لاہور ہائیکورٹ سیشن کورٹ کا مقدمہ درج کرنے کا حکم کالعدم قرار دے اور حتمی فیصلے تک مقدمہ درج کرنے کے حکم کو معطل کیا جائے۔عدالت نے ابتدائی دلائل سننے کے بعد سیشن کورٹ کا حکم معطل کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت 31 جولائی تک ملتوی کر دی۔
5
لکی مروت: پنجاب جانیوالی گیس پائپ لائن کو دھماکے سے اڑا دیا گیا، تھانہ صدر کی حدود میں واقعہ پیش آیا جس کے نتیجے میں گیس کی فراہمی متاثر ہوگئی۔واقعے کے بعد سکیورٹی اداروں نے موقع پر پہنچ کر علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔واضح رہے کہ ایک ماہ کے دوران تیسری بار گیس پائپ لائن کو نشانہ بنایا گیا ہے، جس سے نہ صرف توانائی کی فراہمی میں خلل پیدا ہو رہا ہے بلکہ سکیورٹی کی صورتحال پر بھی سوالات اٹھنے لگے ہیں۔انتظامیہ کا کہنا ہے کہ نقصانات کے تخمینے اور مرمت کا کام جلد شروع کیا جائے گا، جبکہ پائپ لائن کی حفاظت کیلئے سکیورٹی اقدامات مزید سخت کئے جا رہے ہیں۔
6
ترجمان وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا فراز مغل نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ کی بانی پی ٹی ائی سے کوئی ملاقات نہیں ہوئی۔اپنے ایک بیان میں ترجمان وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا فراز مغل کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور نے کسی فیصلے کی مخالفت نہیں کی، بلکہ تمام فیصلے بانی پی ٹی آئی کی منظوری سے ہوتے ہیں۔پی ٹی آئی آئین و قانون کی پابند جماعت ہے، سینیٹ ٹکٹ کا فیصلہ صرف چیئرمین کا اختیار ہے جن کی جانب سے کی جانے والی نامزدگیاں ہی حتمی تصور کی جائیں گی۔ علیمہ باجی یا وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے درمیان اختلافات کی خبریں جھوٹی اور بے بنیاد ہیں، وزیراعلیٰ بانی پی ٹی آئی کی جانب سے دی گئی تمام ہدایات پر من و عن عمل کرتے ہیں اور پارٹی قیادت کے فیصلوں کے پابند ہیں۔
7
26 نومبر احتجاج کیس: چالان کی نقول تقسیم، غیر حاضر ملزمان کے وارنٹ گرفتاری جاری,انسداد دہشت گردی عدالت اسلام آباد میں بانی پی ٹی آئی سمیت دیگر رہنماؤں کیخلاف آزادی مارچ اور 26 نومبر احتجاج کیسز کی سماعت ہوئی، انسداد دہشت گردی عدالت کے جج طاہر عباس سپرا نے کیسز پر سماعت کی۔سماعت کے دوران بانی پی ٹی آئی اور کارکنان کی جانب سے سردار محمد مصروف خان، مرتضیٰ طوری اور زاہد بشیر ڈار عدالت میں پیش ہوئے۔کیس میں پی ٹی آئی قیادت عبوری ضمانت پر ہے، آزادی مارچ 2022 کے تھانہ سنگجانی میں درج مقدمے کی سماعت بانی پی ٹی آئی کی عدم دستیابی کے باعث آگے نہ بڑھ سکی، عدالت نے وزارت قانون کو لکھے گئے خط کے جواب نہ آنے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ لیٹر یا فیصلہ لے آئیں اور اگلی تاریخ پر بتائیں کہ پراسیکیوشن کیا چاہتی ہے۔عدالت نے 26 نومبر احتجاج کے مقدمہ میں حاضر ملزمان کو چالان کی نقول تقسیم کر دیں جبکہ آئندہ سماعت پر ملزمان پر فرد جرم عائد کی جائے گی، غیر حاضر ملزمان کے وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے۔بعدازاں عدالت نے پراسیکیوشن کو ہدایت دی کہ آئندہ سماعت پر واضح مؤقف پیش کیا جائے تاکہ کیس کو آگے بڑھایا جا سکے اور ساتھ ہی کیس کی مزید سماعت 26 جولائی تک ملتوی کر دی گئی۔
8
پنجاب میں اشیاء کی قیمتوں پر قابو پانے کیلئے نئی وزارت تشکیل دینے کا فیصلہ,پرائس کنٹرول کونسل کے اختیارات میں تبدیلی کے لئے بل پنجاب اسمبلی میں پیش کر دیا گیا، اس حوالے سے دی پنجاب پرائس کنٹرول آف ایسنشیل کموڈیٹیز (ترمیمی) بل 2025 پنجاب اسمبلی کے حالیہ اجلاس میں پیش کیا گیا ہے۔ترمیمی بل کے تحت دی پنجاب پرائس کنٹرول آف ایسنشیل کموڈیٹیز ایکٹ 2024 میں ترامیم کی جائیں گی، پرائس کنٹرول کونسل کی صدارت منسٹر پرائس کنٹرول یا وزیراعلیٰ کے نامزد کردہ عوامی نمائندے کے پاس ہوگی۔حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ اس سے پہلے پرائس کنٹرول کی وزارت موجود نہیں، اس وزارت کو وزیراعلیٰ پنجاب اپنے پاس رکھیں گی۔بل کے مطابق سیکرٹری صنعت کو کونسل کا ڈائریکٹر جنرل کموڈیٹیز کرنے کی تجویز ہے، نئے ارکان میں لائیو سٹاک، زرعی مارکیٹنگ ریگولیٹری اتھارٹی اور پنجاب سہولت بازاروں کے سربراہان شامل ہونگے، ماہرین اور سٹیک ہولڈرز کی تعداد 3-3 مقرر کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔
9
پاکستان کرکٹ ٹیم کے دورہ بنگلادیش کے سلسلے میں قومی سکواڈ کا پہلا دستہ کراچی سے ڈھاکا کیلئے براستہ دبئی روانہ ہوگیا۔پہلے گروپ میں سلمان علی آغا، صائم ایوب، فخر زمان، محمد نواز، ابرار احمد، خوشدل شاہ، فہیم اشرف اور سپورٹ سٹاف شامل ہے، دوسرا گروپ 16 جولائی کی صبح کراچی سے روانہ ہوگا۔پاکستان اور بنگلادیش کے درمیان 3 ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچز پر مشتمل سیریز 20 جولائی کو شروع ہوگی، سیریز کے تینوں میچ شیر بنگلا اسٹیڈیم ڈھاکا میں کھیلے جائیں گے۔