اسلام آباد(ای پی آئی) انصاف تک رسائی (ایکسس ٹو جسٹس) ڈویلپمنٹ فنڈ کی گورننگ باڈی نے شمولیتی اور پائیدار عدالتی انفراسٹرکچر کے لیے انقلابی منصوبوں کی منظوری دے دی جبکہ وفاقی حکومت کی جانب سے فنڈ کے لیے 2 ارب روپے کے گرانٹ کی منظوری بھی دی گئی ہے.

ترجمان سپریم کورٹ کی طرف سے جاری اعلامیہ کے مطابق ایکسس ٹو جسٹس ڈویلپمنٹ فنڈ (AJDF) کی گورننگ باڈی کا اجلاس آج سپریم کورٹ آف پاکستان میں چیف جسٹس آف پاکستان/چیئرمین لاء اینڈ جسٹس کمیشن آف پاکستان (LJCP) کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں ہائی کورٹس کے چیف جسٹس صاحبان، سیکرٹری فنانس ڈویژن اور سیکرٹری لاء اینڈ جسٹس ڈویژن نے شرکت کی جبکہ اٹارنی جنرل برائے پاکستان نے خصوصی دعوت پر شرکت کی۔ شرکاء نے پچھلے اجلاس کے فیصلوں پر عملدرآمد میں ہونے والی پیشرفت پر اطمینان کا اظہار کیا۔

گورننگ باڈی نے وفاقی حکومت کا شکریہ ادا کیا جس نے فنڈ کے لیے 2 ارب روپے کے گرانٹ کی منظوری دی۔ یہ تاریخی معاونت خواتین کے لیے عدالتوں میں سہولیات کی فراہمی، عدالتی کمپلیکسز کی سولرائزیشن، صاف پانی کی فراہمی اور ملک بھر کی عدالتوں میں ای لائبریریز کے قیام کے لیے استعمال ہوگی، بالخصوص پسماندہ اور دور دراز اضلاع پر خصوصی توجہ دی جائے گی تاکہ وسیع تر شمولیت اور رسائی کو یقینی بنایا جا سکے۔

فورم نے متفقہ طور پر فنڈ کے سال 2024-25 کے سالانہ حسابات کی تصدیق کی اور عدالتی شعبے کو مزید مضبوط بنانے کے لیے اہم منصوبوں اور مالی منظوریوں کی توثیق کی جن کا براہ راست تعلق سائلین کی سہولت سے ہے۔

خواتین کی سہولت اور شمولیت:
گورننگ باڈی نے سندھ ہائی کورٹ اور بلوچستان ہائی کورٹ کے منصوبوں کی منظوری دی جن کی مالیت 631.579 ملین روپے ہے۔ ان منصوبوں کا مقصد عدالتوں کے احاطے میں خواتین کے لیے سہولیات فراہم کرنا ہے تاکہ خواتین سائلین کے لیے محفوظ، قابل رسائی اور شمولیتی ماحول فراہم کیا جا سکے۔

پسماندہ علاقوں میں سولرائزیشن اور ای لائبریریز:
سندھ، لاہور، بلوچستان اور پشاور ہائی کورٹس کے منصوبوں کی منظوری دی گئی جن کی مالیت 317 ملین روپے ہے۔ ان منصوبوں میں عدالتوں کی سولرائزیشن شامل ہے تاکہ بجلی کی بلا تعطل فراہمی ممکن ہو اور دور دراز اور پسماندہ اضلاع میں جدید ای لائبریریز قائم کی جا سکیں۔

عدالتی تربیت اور فری لیگل ایڈ:
گورننگ باڈی نے وفاقی اور صوبائی جوڈیشل اکیڈمیز کے لیے متعدد تربیتی پروگرامز کی منظوری دی۔ اس کے علاوہ مستحق سائلین کو فری لیگل ایڈ کی فراہمی کو مؤثر بنانے کے لیے ایس او پیز کی منظوری دی گئی، بالخصوص سپریم کورٹ اور ہائی کورٹس میں زیر سماعت مقدمات کے لیے۔

AJDF رولز کو مزید مضبوط بنانا:
فورم نے AJDF رولز میں مجوزہ ترامیم کی منظوری دی تاکہ جوڈیشل اینڈ ریسرچ ونڈو کے دائرہ کار کو وسیع کیا جا سکے اور فنڈ کی افادیت کو مزید بہتر بنایا جا سکے۔

چیئرمین نے شرکاء کی قیمتی آراء کو سراہا اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ فنڈ کے وسائل کو پائیدار، شمولیتی اور قابلِ رسائی نظامِ انصاف کی فراہمی کے لیے استعمال کیا جائے گا۔