بھکر(ای پی آئی)ڈائریکٹوریٹ جنرل پاپولیشن ویلفیئر محکمہ صحت و آبادی پنجاب کے احکامات کی روشنی میں ڈسٹرکٹ پاپولیشن ویلفیئر آفس بھکر کے زیر انتظام "چیف منسٹر پاپولیشن مینیجمنٹ اینڈ فیملی پلاننگ پروگرام” کے تحت الیکٹرانک / پرنٹ اور سوشل میڈیا سے وابستہ صحافیوں اور کالم نگاروں کے ساتھ ایک سیشن کا انعقاد سیشن کے مہمان خصوصی سی ای او محکمہ صحت و آبادی ڈاکٹر مظہر عباس خان تھے۔

سیشن میں ڈسٹرکٹ پاپولیشن ویلفیئر آفیسر حبیب الرحمن اولکھ، ڈپٹی ڈسٹرکٹ پاپولیشن ویلفیئر آفیسر محمد رمضان اعوان اور الیکٹرانک پرنٹ اور سوشل میڈیا سے تعلق رکھنے والے صحافیوں کی کثیر تعداد موجود تھی سی ای َاو محکمہ صحت و آبادی ڈاکٹر مظہر عباس خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بڑھتی ہوئی آبادی ایک قومی مسئلہ ہے جس سے ملک میں معاشی اور معاشرتی مسائل میں اضافہ ہو رہا ہے۔ آبادی اور وسائل میں توازن پیدا کرکے ہی ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا جا سکتا ہے۔

انہوں نے پنجاب کی جامع سماجی اور طرز عمل کی تبدیلی کی حکمت عملی بارے بھی تفصیلی آگاہ کیا اور اس میں میڈیا کے کردار پر روشنی ڈالی۔

اس مو قع پر ڈسٹرکٹ پاپولیشن ویلفیئر آفیسر حبیب الرحمن اولکھ اور ڈپٹی ڈسٹرکٹ پاپولیشن ویلفیئرآفیسر محمد رمضان اعوان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سیشن کا بنیادی مقصد پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا سے وابستی صحافی/ کالم نگار اپنے پلیٹ فارم سے بڑھتی ہوئی آبادی اور اس سے پیدا ہونے والے مسائل،فیملی پلاننگ کی اہمیت اور تولیدی صحت کی آگاہی بارے اپنا کردار ادا کریں۔ اور آگاہی مہم کی کامیابی بارے تجاویز بھی دیں۔

انہوں نے اپیل کی کہ وہ اس قومی مسئلہ کی اہمیت کو اجاگر کرنے کیلئے اپنے چینلز اور اخبارات کے توسط سے بڑھتی ہوئی آبادی کے ملکی معیشت پر اثرات،ماں بچے کی صحت اور پیدائش میں وقفے کی اہمیت کے بارے عوام میں شعوربیدار کریں اور کالم بھی لکھیں۔صحافیوں اور کالم نگاروں کے نمائندوں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں بے روزگاری کی سب سے بڑی وجہ بڑھتی ہوئی آبادی ہے جیسے جیسے آبادی میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے اس کے ساتھ ہی معاشی مسائل میں بھی خاطر خواہ اضافہ دیکھنے کو ملا ہے۔

انہوں نے پاپولیشن ویلفیئر کے اس سیشن کو سرہاتے ہوئے کہا کہ اس مسئلے پہ قابو پانے کے لیے اسی طرز کی آگاہی مہم اور سمینارز کا انعقاد تسلسل کے ساتھ جاری رکھاجائے۔پروگرام کے آخر میں الیکٹرونک، پرنٹ اور سوشل میڈیا چینل سے تعلق رکھنے والے تمام صحافیوں نے اس بات کا بھرپور اعادہ کیا کہ وہ اس قومی مسئلے پر قابو پانے کے لیے اپنے اخبارات اور چینل کے ذریعے عوام کو بھرپور آگاہی فراہم کریں گے تاکہ ہمارا ملک معاشی اور معاشرتی طور پر ترقی کرسکے#