اسلام آباد(ای پی آئی ) نئے آرمی چیف کے آنے سے معاملات پچاس فیصد بہتر ہوئے ہی اور پی ٹی آئی استعفوں کو عدالت میں چیلنج کرنے کا کوئی ارادہ نہیں رکھتی.

سابق وفاقی وزیراطلاعات فواد چوہدری نے ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں کیا انھوں نے کہا کہ ممبران قومی اسمبلی کے استعفوں کے معاملے پر بات کی ہے۔فواد چوہدری نے کہا ہے کہ تحریک انصاف ممبران اسمبلی کے استعفوں کو عدالت میں چیلنج کرنے کا کوئی ارادہ نہیں رکھتی ہے کیونکہ تمام اراکین نے استعفے ملک میں عام انتخابات کی راہ ہموار کرنے کیلئے دیا تھے وہ منزل اب قریب ہے۔

انہوں نے کہا ہے کہ اس وقت 64% نشستیں خالی ہو چکی ہیں جبکہ پنجاب اورخیبرپختونخوا میں عام انتخابات کا ڈھول بج چکا ہےمرکز سندھ اور بلوچستان میں انتخابات چند ہفتوں کی دوری پر ہیں۔

فواد چوہدری نے کہا کہ سیاسی استحکام کے بغیر آئی ایم ایف پروگرام میں جانا تباہ کن ہوگا اور ایسا کیا گیا تو سیاسی عدم استحکام بڑھے گا اور صورتحال خراب ہو گی۔

نجی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ نئے آرمی چیف کے آنے سے معاملات پچاس فیصد بہتر ہوئے ہیں، مزید بھی ہو سکتے ہیں ۔انہوںنے کہا کہ شہباز شریف کو اعتماد کا ووٹ تو لینا پڑے گا ، شہباز شریف کے اعتماد کے ووٹ کیلئے وہ صدر مملکت کو درخواست کرنے جا رہے ہیں۔

فواد چوہدری نے یہ ٹوئیٹ صحافی حسنات ملک کے ٹوئیٹ کے جواب میں کئے ہیں جنہوں نے ٹوئیٹ میں دعوی کیا تھا کہ تحریک انصاف استعفوں کا معاملہ عدالت میں لےکر جانا چاہتی ہے .