کراچی (ای پی آئی ) اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف ) کی منشیات کے خلاف مہم جاری ، سمندری راستے سے بیرون ملک منشیات اسمگلنگ کی کوشش ناکام بناتے ہوئے آئس کی بڑی کھیپ پکڑ لی۔
ترجمان اے این ایف کے مطابق کارروائی انٹیلی جنس اطلاع پر ساؤتھ ایشیا پاکستان ٹرمینل، کراچی پر کی گئی، مصالحہ جات اور فوڈ آئٹمز پر مشتمل آسٹریلیا بھیجے جانے والے ایک کنٹینر کو تحویل میں لیا گیا، دوران تلاشی کنٹینر میں موجود مصالحہ جات کے ڈبو میں چھپائی گئی 100 کلو 800 گرام آئس برآمد ہوئی۔بیان کے مطابق کنٹینر لاہور سے آسٹریلیا میں نجی کمپنی کیلئے بک کروایا گیا تھا، کنٹینر اور منشیات تحویل میں لیکر ملوث ملزمان کی گرفتاری کیلئے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
ترجمان نے کہا کہ ملکی اور بین الاقوامی سطح پر منشیات بالخصوص سنتھیٹک ڈرگز کا خاتمہ اے این ایف کی اولین ترجیح ہے، منشیات اسمگلنگ میں ملوث عناصر کیخلاف ہر سطح پر کریک ڈاؤن جاری ہے۔منشیات فروشوں کا قلع قمع قومی سلامتی کا اہم حصہ ہے، اے این ایف ملک کو منشیات سے پاک بنانے کے لیے دن رات کوشاں ہے۔