اسلام آباد(ای پی آئی) عالمی فلاحی تنظیم ہیپلنگ ہینڈ فار ریلیف اینڈ ڈویلپمنٹ پاکستان کے بیس اضلاع میں سیلاب متاثرین کی بحالی کے لیے مصروف عمل ہے۔ امریکہ میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کی پاکستان کے ساتھ لازوال محبت قابل تعریف ہے۔

ہیلپنگ ہینڈ کے کنٹری ڈائریکٹر پاکستان سلیم منصوری کا اپنے ایک بیان میں کہنا ہے کہ حالیہ سیلاب کے فوری بعد ہیلپنگ ہینڈز نے ایک ارب چالیس کروڑ روپے امداد کا اعلان کیا ہے جو کہ لاکھوں کمزور اور متاثرہ خاندانوں کے لیے اُمید کی کرن ہے۔ ہیلپنگ ہینڈ اب تک ایک لاکھ دس ہزار افراد کو ریلیف پہنچا چکی ہے،

انہوں نے مزید بتایا کہ ہیلپنگ ہینڈ خیبر پختونخوا، پنجاب، آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان کے 20 اضلاع میں ایک لاکھ دس ہزار سے زائد سیلاب زدگان کی خدمت کر چکا ہے۔ موبائل واٹر فلٹریشن سسٹمز، موبائل ہیلتھ کلینکس، کشتیوں کے ذریعے سرچ اینڈ ریسکیو ٹیمیں، کھانے کی تقسیم، بچوں کے لیے "اسمایلز باکسز”، حفظان صحت کی کٹس، اور دیگر ضروری سامان شامل ہے۔ ملتان، بہاولپور، بہاولنگر، رحیم یار خان، سیالکوٹ، قصور، لاہور، سرگودھا، جھنگ، منڈی بہاؤالدین، بونیر، سوات، مانسہرہ، غذر، گلگت، وادی نیلم، چکوال، اور راولپنڈی میں ہیلپنگ ہینڈ کی ٹیم اور رضا کار سیلاب متاثرین کی بحالی میں مصروف ہیں۔

سلیم منصوری کا کہنا تھا کہ ہیلپنگ ہینڈکے ترقیاتی پروگرامز میں یتیم بچوں کے تعاون کا پروگرام 10,500 سے زائد یتیم بچوں کو تعلیم، صحت اور جذباتی سہارا فراہم کر رہا ہے، جبکہ معذور بچوں کے پروگرام کے ذریعے 2,000 سے زائد بچوں کو تھراپی اور بحالی کی سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔ ہنر مندی اور روزگار کے پروگرام کے تحت 78,000 سے زائد افراد کو تربیت دی گئی ہے، ہیلپنگ ہینڈ نے موبائل کلینکس، ہیلتھ سینٹرز اور ایمبولینس سروسز قائم کی ہیں، واٹر فار لائف پراجیکٹس کے ذریعے، تنظیم نے 20 لاکھ سے زائد افراد کو صاف پانی مہیا کیا ہے۔