اسلام آباد (ای پی آئی) ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد میں سابق وزیر اعظم عمران خان کے وفاقی وزیر خواجہ آصف کے خلاف دس ارب ہرجانہ کے مقدمہ کی سماعت ہوئی تو عمران خان ویڈیو لنک کے ذریعے عدالت میں پیش ہوئے.
کیس کی سماعت ایڈیشنل سیشن جج امید علی بلوچ کی عدالت میں ہوئی تو خواجہ آصف کے وکیل حیدر رسول مرزا اورعمران خان کے وکیل نعمان فاروقی عدالت میں پیش ہوئے سابق وزیر اعظم عمران خان سے ویڈیو لنک کے ذریعے خواجہ آصف کے وکیل نے جرح کی
عمران خان لاہور زمان پارک سے ویڈیو لنک کے ذریعے عدالت کے سامنے موجود رہے زمان پارک میں خواجہ آصف کے وکیل علی شاہ گیلانی اورعمران خان کے دیگر وکلا بھی عمران خان کے ہمراہ موجود تھے .
جرح کے دوران خواجہ آصف کے وکیل بیرسٹر حیدر رسول کے عمران خان سے سوالات کئے.
وکیل خواجہ آصف نے عمران خان سے شوکت خانم کی ہاؤسنگ پراجیکٹ میں سرمایہ کاری سے متعلق سوالات کئے
سوالات کا جواب دیتے ہوئے عمران خان نے شوکت خانم کے فنڈز کی نجی ہاؤسنگ پراجیکٹ میں سرمایہ کاری کا اعتراف کرلیا ان کا کہنا تھا کہ شوکت خانم کے بورڈ کی جانب سے مجھے اس حوالے سے بتایا گیا تھا لیکن اس وقت یاد نہیں کہ ہاؤسنگ پراجیکٹ کا نام کیا تھا، عمران خان سے وکیل نے سوال کیا کہ کیا آپ کو بورڈ کی طرف سے اس حوالے سے تحریری طور پر آگاہ کیا گیا تھا؟ عمران خان نے جواب دیاکہ اس وقت یاد نہیں کہ تحریری طور پر کیا تھا یا نہیں؟
عمران خان نے جواب دیا کہ جو 3 ملین ڈالرز تھے وہ بورڈ ممبر کی جانب سے واپس جمع کرا دیئے گئے تھے تو معاملہ ختم ہوگیا،اس پر وکیل نے کہا کہ معاملہ ختم نہیں، معاملہ تو وہیں سے شروع ہوتا ہے،
خواجہ آصف کے وکیل نے سوال کیا کہ جب 3 ملین کی سرمایہ کاری کی گئی اس وقت ڈالر کا ریٹ 60 روپے تھا، جب واپس آئے تو 120 روپے تھا.
اس دوران عمران خان کے وکیل کی جانب سے سماعت ملتوی کرنے کی استدعا کردی گئی تو خواجہ آصف کے وکیل نے کہاکہ سماعت ملتوی کر دیتے ہیں آپ آئندہ سماعت پر صرف 2 گھنٹے دے دیں میں جرح مکمل کرلوں گا.
اس دوران عمران خان نے مسکراتے ہوئے کہا کہ آپ ادھر ادھر کے سوال کرنے کے بجائے سچ پر آئیں تو معاملہ جلدی ختم ہو سکتا ہے.آئندہ سماعت کی تاریخ شڈول سے دیکھ کر آگاہ کردوں گا.
عدالت نے کیس کی سماعت غیر معینہ مدت تک کےلئے ملتوی کردی.


