راولپنڈی(ای پی آئی) انسداد دہشتگردی عدالت میں جی ایچ کیو حملہ کیس کی سماعت کے دوران بای چیئرمین عمران خان کو ویڈیو لنک کے ذریعے پیش کرنے کے ہوم ڈیپارٹمنٹ کے نوٹیفیکیشن کوچیلنج کر دیا گیا جبکہ بانی چیئرمین پی ٹی آئی کو عدالت پیش کرنے کے لیے درخواست بھی دائر کر دی گئی۔

ذرائع کے مطابق جی ایچ کیو حملہ کیس اور بانی پی ٹی آئی کی عدالت طلبی درخواست پر سماعت جاری ہے، دوران سماعت عدالت میں اڈیالہ جیل سے ویڈیو لنک مسلسل بند ہے۔جی ایچ کیو حملہ کیس میں ملزمان حاضری لگانے کے بعد واپس جانا شروع ہوگئے، ویڈیو لنک ٹرائل مشکل ہوگیا۔ شیخ رشید احمد بھی حاضری لگوا کر واپس روانہ ہوگئے۔بانی چیئرمین پی ٹی آئی کے وکلاء نے انسداد دہشت گردی عدالت میں نوٹیفکیشن چیلنج کیا۔

انسداد دہشت گردی عدالت نے چیلنج درخواست سماعت کے لیے منظور کر لی۔ وکلائے صفائی فیصل ملک اور بیرسٹر علی بخاری دلائل پیش کریں گے۔وکیل صفائی کا کہنا تھا کہ سرکاری پراسیکیوٹر کو بھی نوٹس دیا گیا ہے، فیصلے تک بانی چیئرمین کے ویڈیو لنک پر نا آنے کا امکان ہے۔فیصل ملک ایڈووکیٹ نے کہا کہ بانی چیئرمین تحریک انصاف نے ویڈیو لنک ٹرائل سے وکلاء کو منع کر دیا۔

وکیل صفائی فیصل ملک نے درخواست دائر کی جس میں موقف اپنایا کہ شفاف ٹرائل کے لیے بانی چیئرمین پی ٹی آئی کو عدالت پیش کرنا لازم ہے۔فیصل ملک ایڈووکیٹ کا کہنا تھا کہ ویڈیو لنک ٹرائل نوٹیفکیشن ہمیں کل جمعرات 5بجے دیا گیا، سلمان اکرم راجا ایڈووکیٹ اس نوٹیفیکیشن کو کل ہائی کورٹ میں چیلنج کریں گے، ہائی کورٹ راولپنڈی بینچ میں نوٹیفکیشن چیلنج ہوگا۔وکیل صفائی فیصل ملک نے کہا کہ فئیر ٹرائل ملزم کے بغیر کیسے ہوگا دیکھتے ہیں، بانی چیئرمین کی عدالت طلبی درخواست دی ہے اور امید ہے آج عدالت طلبی کرے گی، یہ باہر کیا ماحول بنا دیا، حکومت خود فریق ہے اس لیے ویڈیو ٹرائل نہیں ہو سکتا۔