اسلام آباد(ای پی آئی )پاکستان کی اسرائیل کی جانب سے ’’گلوبل صمود فلوٹیلا‘‘روکنے کی شدیدمذمت۔ دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہےکہ فلوٹیلا میں 40سے زائد جہاز اور500بین الاقوامی کارکن شامل تھے، کارکنان غزہ کے محصور عوام کیلئے انسانی امداد لے جارہے تھے،

فلوٹیلا کارکنان کی گرفتاری بین الاقوامی قانون کی صریحاً خلاف ورزی ہے،ترجمان کاکہناتھا کہ اسرائیلی کارروائی شہریوں کی زندگیاں خطرے میں ڈالنے کے مترادف ہے،اسرائیل کی جارحیت اور ناکہ بندی سے 20لاکھ فلسطینی متاثر ہوئے۔

پاکستان نے فوری اورغیرمشروط جنگ بندی کا مطالبہ کرتے ہوئے غزہ کی غیرقانونی ناکہ بندی کے خاتمے پر زور دیا ہے اور فلوٹیلا کے تمام کارکنان اور رضا کاروں کی فوری رہائی کا مطالبہ ہے۔

پاکستان نے فلسطینی عوام سے غیرمتزلزل حمایت اور یکجہتی کا اعادہ کیا اور 1967سے پہلے کی سرحدوں پر مبنی آزادفلسطین ریاست کے قیام پر زور دیا۔پاکستان نے کہا کہ القدس فلسطین کا دارالحکومت ہونا چاہئے۔