اسلام آباد(ای پی آئی ) اسلام آباد ہائیکورٹ میں پاکستان بوائے سکاؤٹس کے چیف کمشنر سرفراز قمر ڈاہا کی عہدے سے برطرفی کے خلاف درخواست پر سماعت ،عدالت نے سرفراز قمر ڈاہا کو عہدے پر بحال کر دیا ، ڈاکٹر ریاض کی بطور چیف کمشنر تعیناتی کو غیر قانونی قرار دے دیا ہے۔
تفصیل کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ کے جج جسٹس خادم حسین سومرو نے تحریری طور پر جاری حکمنامے میںصدر کا اقدام غیر قانونی قرار دیتے ہوئے کہا کہ 31 اگست کا نوٹیفکیشن، جس کے ذریعے ڈاکٹر ریاض کو چیف کمشنر تعینات کیا گیا تھا، کالعدم قرار دیا ۔عدالت نے سرفراز قمر ڈاہا کی درخواست منظور کرتے ہوئے اُنہیں اُن کے عہدے پر بحال کر دیا۔
واضح رہے کہ سرفراز قمر ڈاہا نے اپنی برطرفی کے خلاف وکیل قاسم اقبال جلالی کے ذریعے عدالت سے رجوع کیا تھا۔ عدالت نے قرار دیا کہ سرفراز قمر ڈاہا 2023 میں ایک باقاعدہ الیکشن کے ذریعے پاکستان بوائے سکاؤٹس کے چیف کمشنر منتخب ہوئے تھے، تاہم صدر مملکت آصف علی زرداری نے 31 اگست 2025 کو جاری کردہ حکم کے تحت اُنہیں عہدے سے برطرف کر دیا تھا۔