لاہور(ای پی آئی ) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پرماحولیاتی تحفظ کے ادارے (ای پی اے) نے موٹروے کے اطراف اینٹوں کے بھٹوں کی رپورٹ جاری کر دی۔ کالا یا سیاہ دھواں خارج کرنے والے تمام بھٹوں کا مکمل ریکارڈ تیار کیا گیا۔

رپورٹ کے مطابق موٹروے کے گرد 108 بھٹوں کی جامع جانچ کی، جن میں سے 71 بھٹے جدید ’’زگ زیگ‘‘ ٹیکنالوجی پر چل رہے ہیں اور سفید دھواں خارج کرتے ہوئے ماحولیاتی اصولوں کے مطابق فعال پائے گئے، جبکہ 37 بھٹے غیر فعال تھے جن سے کسی قسم کا اخراج نہیں ہو رہا تھا۔ ہر بھٹے کی جی پی ایس اسٹیمپ کے ساتھ تصویری شہادت بھی رپورٹ کا حصہ ہے۔ اس طرح موٹروے زون میں 100 فیصد ماحولیاتی کمپلائنس حاصل کر لی گئی ہے۔

سینیئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے کہا کہ یہ کامیابی وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کے صاف فضا، صحت مند پنجاب ویژن کا عملی ثبوت ہے۔ زگ زیگ ٹیکنالوجی سے بھٹوں کے دھوئیں میں نمایاں کمی آئی ہے جس سے سموگ کے خاتمے میں مدد مل رہی ہے۔ ان کے مطابق ای پی اے کی پالیسی سزا کے بجائے اصلاح پر مبنی ہے تاکہ پائیدار نتائج حاصل کیے جا سکیں۔

ای پی اے کی فیلڈ ٹیموں کی کارکردگی پر صوبائی وزیر نے انہیں شاباش دیتے ہوئے کہا کہ حکومت کی توجہ سائنسی بنیادوں پر فضائی آلودگی کے خاتمے پر ہے۔

محکمہ ماحولیات کے مطابق 13 اکتوبر کو شہر کا فضائی معیار مجموعی طور پر 150 رہنے کا امکان ہے، تاہم دوپہر کے وقت فضائی آلودگی میں کمی ہو سکتی ہے جب اے کیو آئی 125 سے 130 تک گرنے کی توقع ہے۔ اس دوران درجہ حرارت 32 ڈگری سینٹی گریڈ اور ہوا کی رفتار 4 تا 5 کلومیٹر فی گھنٹہ رہے گی۔

پنجاب حکومت کی کلین اینڈ گرین لاہور مہم کے تحت اسموگ کنٹرول یونٹس فعال کر دیئے گئے ہیں۔ ای پی اے فورس صنعتی اور تجارتی علاقوں میں ریئل ٹائم انسپکشن کر رہی ہے اور دھواں خارج کرنے والے ذرائع کے خلاف فوری کارروائی جاری ہے۔

اسمارٹ ایئر کوالٹی اسٹیشنز کے ذریعے فضائی معیار کی روزانہ نگرانی اور ٹریفک و صنعتی سرگرمیوں کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے۔ تمام صنعتی چمنیوں کو ای پی اے کے اسموگ وار روم سے منسلک سی سی ٹی وی سسٹم کے تحت مانیٹر کیا جا رہا ہے۔