کشمور (رپورٹ: حاکم نصیرانی) کشمور پولیس نے دو مختلف مبینہ پولیس مقابلوں کے دوران دو ملزمان کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا ہے۔

پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان میں قنبیر بجارانی بھی شامل ہے جس پر کمسن بچی کے ساتھ زنا کا سنگین الزام عائد ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کبیر کو گرفتار کرنے کے لیے خفیہ اطلاع پر کرم پور تھانہ کی حدود اقبال خان لاڑو کے قریب چھاپہ مار کارروائی کی گئی، جس دوران فائرنگ کا تبادلہ ہوا اور ملزم زخمی ہوگیا جسے گرفتار کرکے ہسپتال منتقل کیا گیا۔

ترجمان پولیس کے مطابق دوسرا پولیس مقابلہ کندھ کوٹ گلشیر محلہ میں اس وقت ہوا جب ملزمان ڈکیتی کی نیت سے کھڑے تھے۔ پولیس پہنچنے پر ملزمان نے فائرنگ کر دی جوابی فائرنگ میں ایک ملزم واحد بخش سبزوئی کو زخمی حالت میں حراست میں لیا گیا، زخمی کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جہاں اُن سے مزید تفتیش جاری ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ علاقے میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کی جائیں گی تاکہ امن و امان کو یقینی بنایا جا سکے۔ دوسری جانب چودہ مختلف مقدمات میں مطلوب اشتہاری ملزم مرتضی عرف مرطو باجکانی نے جرم کی دنیا کو خیرباد کرتے ہوئے تنگوانی پولیس کے سامنے سرینڈر کر کے اپنے آپ کو قانون کے حوالے کر دیا۔