اسلام آباد(ای پی آئی ) اسلام آباد ہائیکورٹ میں بانی پی ٹی آئی کی ہمشیرہ علیمہ خان کی ایف آئی اے کی جانب سے جاری نوٹسز کے خلاف درخواست پر سماعت ۔عدالت نے ایف آئی اے سے انکوائری کی تفصیلی رپورٹ طلب کرلی۔
تفصیل کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس انعام امین منہاس نے بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی بہن علیمہ خان کی ایف آئی اے نوٹسز کیخلاف کیس کی سماعت کی ۔
دورانِ سماعت عدالت نے استفسار کیا کہ تفصیلی رپورٹ جمع کروانی تھی، وہ کہاں ہے؟ ، جس پر ایف آئی اے حکام نے بتایا کہ ابھی انکوائری چل رہی ہے۔ رپورٹ جمع کروانے سے متعلق نہیں بتایا گیا۔جسٹس انعام امین منہاس نے ہدایت کی کہ ایف آئی اے جو انکوائری کر رہی ہے، اس کی تفصیلی رپورٹ جمع کروائیں۔
سماعت کے دوران علیمہ خان کی جانب سے وکیل شاہینہ شہاب الدین عدالت میں پیش ہوئیں ۔ بعد ازاں عدالت نے کیس کی سماعت اگلے ہفتے تک ملتوی کر دی۔


